حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ اہم عالمی خبروں کا خلاصہ

٭… غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی ملٹری انٹیلی جنس کے سربراہ میجر جنرل اہرون ہلیوا مستعفی ہو گئے ہیں۔ خبر ایجنسی کے مطابق اہرون ہلیوا نے ۷؍اکتوبر کو حماس کے حملے روکنے میں ناکامی کی ذمے داری قبول کی تھی۔ اہرون ہلیوا حماس کے ۷؍اکتوبر کے حملے کے بعدمستعفی ہونے والی اعلیٰ ترین شخصیت ہیں۔

٭…فلسطین کو اقوام متحدہ کی رکنیت دینے کا مطالبہ کرنے والے ممالک سے اسرائیل ناراض ہوگیا۔اسرائیلی وزارت خارجہ نے کئی ممالک کے سفیروں کو طلب کرنے کا اعلان کردیا۔فرانس، جاپان، جنوبی کوریا، مالٹا، سلووینیا اور ایکواڈور کے سفیروں کو طلب کیا جائے گا۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ سفیروں کو طلب کرکے فلسطین کو رکنیت دینے کی قرارداد کی حمایت پر احتجاج ریکارڈ کیا جائے گا۔

٭…سڈنی کے چرچ میں چاقو کے واروں کا نشانہ بننے والے پادری نے اپنے حملہ آور کو معاف کر دیا۔حملے سے متاثر ہونے والے سڈنی کے معروف آرتھوڈوکس عیسائی راہنما، پادری مار ماری ایمینوئل کی جانب سے اپنے حامیوں کو ’مسیح‘ کی تعلیم پر عمل کرتے ہوئے تشدد سے باز رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے سڈنی کے ایک چرچ میں ایک شخص نے پادری پر چاقو سے حملہ کر دیا تھا، اس واقعے میں متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے ۵۳؍سالہ بشپ کو اس وقت سے ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جب ان پر ایک سولہ سالہ لڑکے نے مغربی سڈنی میں واقع آشورین کرائسٹ دی گڈ شیفرڈ چرچ میں لائیو سٹریمنگ سروس کے دوران حملہ کیا تھا۔

٭… ایران اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد ایران سے نو سال بعد پہلا گروپ عمرہ ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہو گیا۔ عمرہ کی ادائیگی پر جانے والا ایرانی گروپ ۸۵؍معتمرین پر مشتمل ہے۔ یاد رہے کہ سعودی عرب اور ایران کے سفارتی تعلقات گذشتہ سال چین کی ثالثی میں بحال ہوئے تھے۔

٭…امریکی حکومت نے اسرائیل کے لیے چھبیس ارب ڈالرز کی امداد کا بل منظور کرلیا۔خبر ایجنسی کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان نے اسرائیل کی ہنگامی امداد کا بل منظور کیا، اسرائیل کی امداد کا بل اب منظوری کے لیے سینیٹ میں جائے گا۔اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی امداد میں چودہ ارب ڈالرز کی فوجی امداد بھی شامل ہے۔اسی طرح امریکہ نے یوکرین کے لیے ساٹھ ارب ڈالر سے زائد کا امدادی پیکجبھی منظور کرلیاجواب سینیٹ میں جائے گا۔

٭…یوکرین کے لیے امریکی امدادی بل کی منظوری پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے روس نے خبردار کیا کہ امریکہ کی طرف سے یوکرین کے لیے امداد کی منظوری یوکرین کو مزید تباہ کردے گی۔کریملن کا کہنا ہے کہ امریکی اقدام کے نتیجے میں یوکرین تنازع میں مزید ہلاکتیں ہوں گی۔

٭… کینیا کےصدر ولیم روٹو کی جانب سے تصدیق کرتے ہوئے اعلان کیا گیا ہے کہ ملٹری ہیلی کاپٹر گرنے کے واقعے میں کینیا کے ملٹری چیف جنرل فرانسس اوگولا ہلاک ہو گئے ہیں۔ہیلی کاپٹر حادثے کے نتیجے میں آرمی چیف، جنرل فرانسس اوگولا سمیت دس افراد ہلاک ہو گئے۔ملٹری چیف شمال مغربی علاقے میں فوجیوں سے ملنے جا رہے تھے۔ یاد رہے کہ جنرل فرانسس اوگولا اس سے قبل فوج کے نائب سربراہ اور کینیا کی فضائیہ کے سربراہ بھی رہ چکے تھے۔ گذ شتہ برس صدر کینیا نے فوج کی سربراہی کے لیے اِنہیں ترقی دی تھی۔

٭…کراچی کے علاقے لانڈھی مانسہرہ کالونی میں وین کے قریب ہونے والے خود کش دھماکے سے متعلق پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی میں موجود پانچوں غیر ملکی محفوظ رہے جبکہ پولیس نے فائرنگ کر کے دونوں دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ وین میں موجود ڈرائیور اور گارڈ جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ تمام غیر ملکیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق غیر ملکی ایکسپورٹ پروسسنگ زون میں کام کرتے ہیں، وین کو موٹر سائیکل پر سوار خود کش بم بار کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جائے وقوعہ سے کلاشنکوف اور دستی بم سے بھرا بیگ بھی ملا ہے۔

٭…افریقی ملک وسطی افریقی جمہوریہ میں کشتی اُلٹنے سے اٹھاون افراد ہلاک ہوگئے۔کشتی حادثہ دارالحکومت بینگوئی میں پیش آیا، کشتی میں گنجائش سے زیادہ تین صد مسافر سوار تھے۔ مرنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

٭…نیشنل ایروناٹکس اینڈ اسپیس ایڈمنسٹریشن (ناسا) کے سربراہ بل نیلسن نے بائیڈن انتظامیہ کو خبردار کیا ہے کہ خلائی پروگرام کی آڑ میں چین کی فوج خلا میں موجود ہے۔ دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق، ناسا کے سربراہ بل نیلسن نے بائیڈن کی انتظامیہ میں موجود قانون سازوں کو آگاہ کیا ہے کہ چین نے خلا میں پچھلے دس سالوں کے دوران بہت خفیہ انداز میں غیر معمولی پیش رفت کی ہے۔ انہوں نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ چین کا نام نہاد خلائی پروگرام درحقیقت ایک فوجی پروگرام ہے۔بل نیلسن نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چین سے ویسے تو یہ توقع بھی ہے کہ اگر وہ چاند پر پہلے پہنچ گیا تو وہ کہے گا یہ ہمارا علاقہ ہے۔اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ کو چین سے پہلے دوبارہ چاند پر اترنا چاہیے۔

٭…کینیڈا کی تاریخ میں ٹورانٹو کے پیئرسن ایئرپورٹ پر ہونے والی سونے اور کرنسی کی سب سے بڑی چوری کی واردات کے ایک سال مکمل ہونے پر پریس کانفرنس میں تفصیلات بتاتے ہوئے پیل ریجنل پولیس کے سربراہ ڈیوریپاہ نے بتایا کہ واردات میں بھارتی اور پاکستانی ملوث پائے گئے ہیں۔ گذشتہ سال زیورخ سے ایک فلائٹ سے ساڑھے بائیس ملین ڈالر کا خالص سونا اور ڈھائی ملین ڈالرز کے غیر ملکی کرنسی نوٹ کا کنٹینر ٹورانٹو پہنچا تو ایئرپورٹ کے اندر کارگو ہولڈنگ سے ٹرک پر لاد کر چوری کر لیا گیا۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button