حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ۔ اہم عالمی خبروں کا خلاصہ

٭… غزہ میں اسرائیل کے حملوں کے دو سو روز مکمل ہوگئے۔اس دوران جنگی جرائم کی مرتکب اسرائیلی فوج نے ۷۵؍ہزار ٹن بارود غزہ پر برسایا۔ان حملوں کے نتیجے میں ۳۴؍ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے جن میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے۔ اسرائیل کے ان حملوں نے مکانات، ہسپتال، مساجد، تعلیمی ادارے کچھ نہ چھوڑا اور غزہ کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا۔

٭… حماس نے دو سو روز کو اسرائیل کی شکست قرار دیتے ہوئے مزاحمت جاری رکھنے کا اظہار کیا۔دوسری جانب غزہ کے نصر ہسپتال میں اجتماعی قبروں سے مزید لاشیں برآمد ہوئیں، جن کی تعداد ۳۱۰؍تک جا پہنچی ہے۔دوسری جانب اسرائیلی فوج کے جنوبی لبنان میں حملے جاری ہیں، جس میں حزب اللہ کے دو ارکان ہلاک ہوئے۔حزب اللہ نے جوابی حملے میں شمالی اسرائیل میں دو اسرائیلی فوجی اڈوں کو ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا۔

٭…یہودیوں کے مذہبی تہوار عیدالفصح پر رام اللہ میں مسجدِ ابراہیمی میں مسلمانوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ مغربی کنارے کے شہر الخلیل میں واقع مسجدِ ابراہیمی میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی قبر مبارک ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فورسز کی بھاری نفری اور سخت حفاظتی اقدامات کے سائے میں یہودی آباد کار قبلۂ اوّل کے احاطے میں داخل ہوئے اور اسرائیلی فورسز نے مسجدِ اقصیٰ میں عبادت کرنے والے درجنوں فلسطینی مسلمانوں کو زبردستی نکال دیا۔

٭…اسرائیل میں حکومت مخالف مظاہرہ کرنے والے دس مظاہرین کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ بیت المقدس میں مظاہرین نے اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر کی گاڑی کو گھیر لیا۔ مظاہرے کے دوران پولیس کے ساتھ کشیدگی بھی ہوئی۔ مظاہرین نے سڑک پر رکھے کچرے دان اُلٹ دیے، جلاؤ گھیراؤ کیا اور ٹریفک بھی بلاک کردی تھی۔اسرائیلی مظاہرین کا حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ تھا۔

٭…روس نے خلا میں ہتھیار رکھنے سے متعلق قرارداد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ویٹو کردی۔ قرارداد کو تیرہ ممالک کی حمایت حاصل تھی جبکہ چین نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔روس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل خلا میں ہتھیاروں پر بحث کا مناسب پلیٹ فارم نہیں۔واضح رہے کہ روس اور چین نے خلا میں کسی بھی نوعیت کے ہتھیار رکھنے پر دائمی پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔

٭…امریکہ نے غزہ میں اجتماعی قبروں کی دریافت پر اسرائیل سے جواب طلب کیا ہے۔وائٹ ہاؤس کے مطابق غزہ پٹی کے دو ہسپتالوں میں اجتماعی قبروں کی دریافت کے بعد اسرائیلی حکام سے جواب چاہتے ہیں۔مشیر قومی سلامتی جیک سلیوان نے کہا کہ امریکہ چاہتا ہے اس معاملے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں۔واضح رہے کہ غزہ سول ڈیفنس ایجنسی کا کہنا ہے کہ خان یونس کے ناصر ہسپتال سے ۳۴۰؍افراد کی اجتماعی قبر ملی۔اس کے علاوہ غزہ شہر میں الشفا ہسپتال کے صحن سے تقریباً تیس افراد کی اجتماعی قبر دریافت ہوئی تھی۔

٭…روسی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پینٹاگون نے ٹیکٹیکل میزائل یوکرین منتقل کردیے ہیں۔ طویل فاصلے تک مار کرنے والے ٹیکٹیکل ہتھیار اسی ماہ یوکرین منتقل کیے گئے ہیں۔روسی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ اے ٹی اے سی ایم ایس میزائل یوکرین کو امدادی پیکیج کا حصہ ہیں۔اس سے قبل روسی وزارت دفاع نے تین ٹیکٹیکل میزائل پچھلے ہفتے روکنے کا دعویٰ کیا تھا۔

٭…اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے امریکی جامعات میں مظاہروں پر ردعمل میں کہا ہے کہ امریکی جامعات میں جو ہورہا ہے وہ خوفناک ہے۔نیتن یاہو نے اپنے بیان میں کہا کہ یہود مخالف ہجوم نے نامور جامعات پر قبضہ کرلیا ہے، یہود مخالف ہجوم اسرائیل کے خاتمے کا مطالبہ کررہے ہیں۔جامعات کے شعبوں اور طلبہ پر یہود مخالف ہجوم حملے کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات نے ۱۹۳۰ء کی دہائی میں جرمن جامعات کے واقعات کی یاد تازہ کردی ہے۔ امریکی جامعات کے کئی صدور کا ردعمل شرمناک ہے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button