افریقہ (رپورٹس)

عوامی جمہوریہ کونگو کے ریجن کنشاسا کا تئیسواں جلسہ سالانہ ۲۰۲۴ء

(شاہد محمود خان۔ نمائندہ الفضل کونگو ، کنشاسا)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال عوامی جمہوریہ کونگو کے ریجن کنشاسا کا تئیسواں جلسہ سالانہ بعنوان ’’امن عالم اور اسلام‘‘ مورخہ ۳؍مارچ۲۰۲۴ء بروز اتوار منعقد ہوا۔ جلسہ کے مہمانوں کی آمد اور جلسہ کی تیاری کے وسیع تر کاموں کی انجام دہی کے لیے مختلف نظامتوں کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔ہر نظامت نے اپنی ذمہ داریوں کو احسن رنگ میں انجام دینے کی بھرپور کوشش کی۔ ان خدمت بجالانے والوں میں نومبائعین بھی شامل تھے۔

اس جلسہ سالانہ کے مہمان خصوصی مکرم خالد محمود شاہد صاحب امیر جماعت ومشنری انچارج کونگو کنشاسا تھے۔

تقریب پرچم کشائی و پہلا اجلاس

صبح دس بجے مکرم امیر صاحب نے لوائے احمدیت جبکہ کونگو کنشاسا کا پرچم مکرم یونس احمد Bembaصاحب نیشنل صدر مجلس انصار اللہ نے لہرایا ۔اس موقع پر احباب جماعت نے جوش و خروش سے نعرہ ہائے تکبیر بلند کیے۔بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی۔

پرچم کشائی کی تقریب کے بعد تمام شاملین جلسہ گاہ میں واپس آگئے اور پہلے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا جس کے بعد مکرم امیر صاحب نے افتتاحی تقریر کی۔ بعد ازاں ان موضوعات پر تین تقاریر ہوئیں: ’’سیرت النبی ﷺاور معاشرہ کا امن‘‘ از عبد الصالح مدیس صاحب نیشنل سیکرٹری اشاعت، ’’قیام امن کے لیے اسلامی تعلیمات‘‘ از عبد السلام پوکوتو صاحب مبلغ سلسلہ اور ’’قیام امن عالم میں خلافت احمدیہ کا کردار‘‘ از خاکسار(مبلغ سلسلہ)۔ بعد ازاں وقفہ ہوا اور نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں ۔

دوسرا اجلاس

نمازوں کے بعد دوسرے اجلاس کا آغاز بھی تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ اس اجلاس میں بھی تین تقاریر ہوئیں: ’’جماعت احمدیہ کا تعارف‘‘ از ابراہیم کولیفواصاحب معلم سلسلہ، ’’عدل و انصاف قیام امن کے ضامن ہیں‘‘ از مکرم انس محمد موسو صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ اور ’’اسلام امن کا مذہب ہے‘‘ از بوبا صاحب معلم سلسلہ۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے اختتامی تقریر کی اور اجتماعی دعا کروائی۔

جلسہ کی تمام دن کی کارروائی میں باربار فضا نعرہ ہائے تکبیر سے گونجتی رہی ۔ جلسہ کے آخر میں تمام شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

بک سٹال:جلسہ سالانہ جماعتی کتب کو احباب جماعت کی دسترس میں لانے کا ایک اہم موقع بھی ہے۔ اسی مناسبت سے ایک خوبصورت بک سٹال بھی احباب کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔احباب جماعت نے کتب خرید کر اس سے بھرپور استفادہ کیا۔

میڈیا کوریج: جلسہ سالانہ کی کارروائی سب سے بڑے نیشنل ٹی وی چینل RTNCپر نشر ہوئی۔ اس کے علاوہ پانچ بڑے اخبارات نے بھی جلسہ سالانہ کنشاسا کے حوالہ سے خبر شائع کی۔

جلسہ کی کُل حاضری ۶۴۰؍افراد تھی جس میں سے ۶۱۰؍احمدی احباب تھے۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ان مساعی کو شرف قبولیت عطا فرمائے اور جماعت احمدیہ کی ترقی کا موجب بنائے۔ آمین

(رپورٹ: شاهد محمود خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button