یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ لٹویا کے زیر اہتمام تبلیغی افطار پروگرام

(بشارت احمد شاہد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل لٹویا)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے گذشتہ دو برس سےجماعت احمدیہ لٹویا کے زیر اہتمام اجتماعی افطاری کے تبلیغی پروگرام مشن ہاؤس میں منعقد کیے جارہے ہیں جن میں زیرتبلیغ احباب کو شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔

اِمسال رمضان المبارک کے آغاز میں ہی مشن ہاؤس میں اجتماعی افطاری کے پروگراموں کا آغاز کردیا گیا تھا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ان پروگرامز کے بڑے ہی شاندار نتائج حاصل ہوئے۔ اِس طرح کے ۱۲؍اجتماعی افطاری کے پروگرام ہوئے جن میں ایک ڈچ نَومبائع Drs.Gerşom Qiprisçi صاحب کی طرف سے کروائے گئے ۸؍پروگرام بھی شامل ہیں۔ اللہ تعالیٰ افطاری کروانے والے سب احباب کو جزائے خیر عطا فرمائے۔آمین

اِن اجتماعی افطاری کے پروگراموں میں اوسطاً ۲۵تا ۳۰؍احباب جماعت اور غیر از جماعت مہمان شامل ہوتے رہے جن کا تعلق پاکستان،سری لنکا، ہندوستان، شام، ترکی، مصر، سویڈن، ازبکستان، تاجکستان، چیچنیا اور لٹویا سے تھا۔ اِس طرح اللہ تعالیٰ کے خاص فضل اور رمضان المبارک کی برکت سے کئی قوموں کے لوگوں کو اسلام احمدیت اور رمضان المبارک کے روزوں کی فلاسفی سے متعارف کروانے کی توفیق ملی۔ فالحمد للہ علیٰ ذالک

یہ محض اللہ تعالیٰ کا فضل تھا کہ غیر مسلم مہمانوں کو یہ پروگرام بہت پسند آئے اور اُن میں سے بعض نے اِس بات کا اظہار کیا کہ مختلف زبانیں بولنے والے اور ہر طرح کے رنگ ونسل کے لوگوں کا آپس میں اِس طرح مل بیٹھنا اور ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سننا ہمیں بہت اچھا لگا۔ بہت سے مہمانوں نے اسلام احمدیت کے بارے سوالات بھی کیے۔ حضرت اقدس مسیح موعودؑ اور خلفائے کرام کی تصاویر دیکھ کر اِن مبارک ہستیوں کے بارے میں بھی سوالات پوچھے۔ کئی مہمانوں نے انگریزی، رشین اور لٹوین زبان میں جماعت کا شائع شدہ لٹریچر بھی لیا۔

افطاری کے لیے زیادہ تر ایشین کھانے مشن ہاؤس میں ہی تیار کیے جاتے رہے جو مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والےغیراحمدی مسلمان بھائیوں اور خاص طور پر یورپین غیر مسلم دوستوں کو بہت ہی پسند آئے۔

اللہ تعالیٰ ہماری ان حقیر کاوشوں کو قبول فرمائے اور ان کے احسن نتائج مرتب فرمائے۔ آمین

(بشارت احمد شاہد۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button