یورپ (رپورٹس)

عید ملن پارٹی سٹاک ہوم سویڈن

(رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سویڈن)

جماعت احمدیہ مسلمہ سویڈن نے سٹاک ہوم کے مشن ہاؤس میں ۱۸؍اپریل ۲۰۲۴ء کو ایک عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا۔ اس تقریب کا مقصد لوگوں کو اکٹھا کرنا، اتحاد اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے کے علاوہ غیر مسلم ہمسایوں تک رمضان اور عید کے تہوار کو منانے اور اس کی فلاسفی سے آگاہی پہنچانا تھا تا کہ وہ بھی ہماری خوشیوں میں شامل ہو کر مسلمانوں کی اس گرم جوشی کو محسوس کرسکیں جو رمضان کے بابرکت مہینہ کے نتیجے میں حاصل ہوتی ہے۔

اس تقریب کے لیے ایک دیدہ زیب دعوت نامہ تیار کیا گیا جو مجلس اطفال الاحمدیہ کے ذریعہ ہمسایوں میں تقسیم کیا گیا۔ اسی طرح کئی لوگوں کو بذریعہ ای میل بھی دعوت دی گئی۔ اس پروگرام کی تیاری میں مطیع الرحمان صاحب صدر جماعت سٹاک ہوم کے ساتھ احتشام ورک صاحب سیکرٹری تبلیغ اور سہیل احمد صاحب سیکرٹری ضیافت نے انتھک محنت کی۔ آغا یحییٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن اس پروگرام کے حوالے سے تمام مراحل پر متعلقہ سیکرٹریان کی راہنمائی کرتے رہے۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد جماعت احمدیہ مسلمہ کا مختصر تعارف پیش کیا گیا۔ رمضان اور عید کی فلاسفی کے بارے میں تفصیلات سلائیڈز کے ذریعہ بیان کی گئیں جس کے بعد مختصر سوال و جواب اور گفتگو کا سلسلہ رکھا گیا۔ اس کے بعد عشائیہ پیش کیا گیا۔

شرکاء کو کھانا کھاتے وقت مختلف قومیتوں میں یگانگت اور اتحاد کے احساس کو فروغ دیتے ہوئے، خوشگوار ماحول میں مصروف گفتگو دیکھا گیا۔ جماعت احمدیہ سٹاک ہوم کا اس تقریب کو منعقد کرنے کا ایک مقصد ایسی جگہ اور موقع فراہم کرنا بھی تھا، جہاں مختلف قومیتوں کے لوگ اکٹھے ہو کر بات چیت بھی کر سکیں اور دیرپا روابط قائم کر سکیں۔ بہت سے شاملین نےجماعت احمدیہ کے اس اقدام کو سراہا اور اس بات کا اظہار کیا کہ اس طرح کی تقریبات معاشرے میں افہام و تفہیم اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے ضروری ہیں۔

(رپورٹ: رضوان احمد افضل: نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button