متفرق

ربوہ کا موسم(۳تا ۹؍مئی ۲۰۲۴ء)

۳؍مئی بروز جمعۃ المبارک صبح مطلع صاف تھا۔ دھوپ چمک رہی تھی ، ہوا بھی رواں دوا ں تھی۔ شام کے وقت ہلکے بادل آسمان پر چھا گئے ۔ ہفتہ کو بھی مطلع صاف تھا ، دوپہر کے وقت ہلکے بادلوں کی تہ آسمان پر آ گئی ، رات گئے تک تیز ٹھنڈی ہوا چلتی رہی ۔ اتوار کے دن کہیں کہیں بادل نظر آرہے تھے، ساتھ ہلکی ہوا نے موسم معتدل بنائے رکھا۔ سوموار کا دن گرم تھا سورج پوری آب و تاب سے چمک رہا تھا۔ہوا صبح کے وقت تو چلتی رہی پھر بند ہوگئی ۔ درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ ۴۰؍ اور کم سے کم ۲۴؍درجہ سینٹی گریڈ تھا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں گرمی کی یہ لہر ۶؍مئی سوموار سے شروع ہوگئی اور یہ لہر ۱۰؍مئی جمعۃ المبارک تک جاری رہنے کا امکان ہے۔اس سے جنوبی اور وسطی پنجاب ، وسطی بلوچستان اور سندھ کے بعض علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں آگئے ہیں۔درجہ حرارت ۴۶؍تک جانے کی توقع ہے۔بارشوں کا سلسلہ ۱۰؍مئی جمعہ سے ملک میں داخل ہوگا اور ۱۱؍مئی ہفتہ سے درجہ حرارت میں کمی کی امید کی جارہی ہے۔اس گرمی کا اثر شمالی علاقہ جات میں بھی محسوس کیا گیا۔ منگل کو بھی گرمی کی لہر جاری رہی، سورج آگ برساتا رہا۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۴۲؍ اور کم سے کم ۲۵؍درجہ سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ فجر کے وقت ہلکی ہوا چلتی رہی جس سے طبیعت کو طراوت ملی۔ بدھ کو درجہ حرارت میں ایک درجہ کے اضافہ سے گرمی مزید بڑھ گئی۔ جمعرات کو صبح کے وقت ہلکی ہوا چلنے سے موسم کچھ معتدل رہا ، لیکن بعد میں یہی ہوا لُوکی شکل اختیار کرگئی۔آسمان پر بہت ہلکے بادلوں یا مٹی کی تہ کی وجہ سے دھوپ پوری طرح چمک نہیں رہی تھی۔ تاہم گرمی کی وہی کیفیت رہی ۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۴۳؍ اور کم سے کم ۲۵؍درجہ سینٹی گریڈنوٹ کیا گیا۔(ابو سدید)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button