یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ جرمنی کی بعض لوکل امارات کی سرگرمیاں

(عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی)

جماعت احمدیہ جرمنی کےشعبہ امور خارجہ نے تعلقات عامہ کا دائرہ وسیع کرنے اور زیر تبلیغ افراد کو جماعت سے اَور قریب لانے کے لیے نئے سال کی مناسبت سے جماعتوں میں استقبالیہ تقاریب کے انعقاد کی روایت شروع کر رکھی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ ایسی تقاریب میں شہری انتظامیہ اور مقامی سیاست دانوں کو خاص اہمیت دی جاتی ہے۔ اس لیے استقبالیہ تقریب کے انعقاد کی تاریخوں میں انتظامیہ کی سہولت کو مدنظر رکھنا ایک ضروری امر قرار پاتا ہے۔ بیک وقت پورے جرمنی میں سال نَو کی تقاریب کرنا ممکن نہیں ہوتا اس لیے یہ تقاریب سال کے پہلے تین ماہ جاری رہتی ہیں۔ اس سال ماہ رمضان کی وجہ سے بعض جماعتوں میں سال نو اور افطار ڈنر کو یکجا کرنا وقت کی ضرورت تھی۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہر جگہ ایسی تقاریب انتہائی کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئیں اور ہر تقریب میں مقامی انتظامیہ، لارڈ میئر صاحبان، صوبائی اور قومی اسمبلی کے ممبران نے پوری دلچسپی سے شرکت کی اور نہ صرف جرمنی بلکہ عالمی سطح پر جماعت کی طرف سے کی جانے والی سوشل اور عوامی خدمات کو اپنی تقاریر میں سراہا۔ یاد رہے کہ ان تقاریب میں ویڈیو کلپس کے ذریعہ جماعت احمدیہ جرمنی کی قومی اور سوشل خدمات سے متعارف کروایا جاتا ہے جن میں ہیومینٹی فرسٹ اور النصرت کے تحت کی جانے والی خدمات کے علاوہ مجلس خدام الاحمدیہ کے تحت ہونے والے وقار عمل اور مجلس انصار اللہ کے زیر انتظام چیریٹی واک، شہروں میں پودے لگانے کی سکیم، لجنہ اماءاللہ کی طرف سے لگائے جانے والے مینا بازاروں میں سٹال شامل ہیں۔ چیریٹی واک اور مینا بازار سے ہونے والی آمدنی مقامی شہروں میں سوشل کام کرنے والے اداروں کو بطور تحفہ دی جاتی ہے۔ ایسی بیشتر تقریبات میں مکرم عبداللہ واگس ہاؤزر صاحب امیر جماعت احمدیہ جرمنی، محمد داؤد مجوکہ صاحب نیشنل سیکرٹری امور خارجہ، شرجیل احمد خالد صاحب مبلغ سلسلہ و اسسٹنٹ سیکرٹری امور خارجہ کو مرکزی نمائندگی کا شرف حاصل رہا۔ ذیل میں ان جماعتوں کی فہرست شائع کی جا رہی ہے جن کو ماہ مارچ ۲۰۲۴ءتک ایسی پروقار تقریبات منعقد کرنے کی توفیق ملی:

۲۳؍جنوری: Frankenthal

۲۹؍جنوری: Waiblingen

۳۰؍جنوری: Muehlheim Ruhr

۷؍فروری: Floerstadt – Mainz

۸؍فروری: Leipzig – Fulda

۱۴؍فروری: Raunheim

۱۶؍فروری: Eppelheim

۲۲؍فروری: Hannover

۲۳؍فروری: Bad Homburg

۲۶؍فروری: Nürnberg

۲۸؍فروری: Bensheim – Pfungstadt

۲۹؍فروری: Neuwied – Nordhorn – Heppenheim

۲؍مارچ: Oldenburg – Vechta

۶؍مارچ: Hanau

۷؍مارچ: Koblenz

۸؍مارچ: Stade

۱۲؍مارچ: Rödermark

۱۹؍مارچ: Mörfelden

۲۰؍مارچ: Reinheim

صوبائی دارا لحکومت مائنز میں موجود دونوں جماعتوں نارتھ اور ساؤتھ نے مل کر جو تقریب مورخہ ۷؍فروری ۲۰۲۴ءکو منعقد کی اس میں درج ذیل تین اہم شخصیات نے شرکت کر کے جماعت کے حوالہ سے نہایت مؤثر تقاریر کیں جن کو حاضرین نے بہت سراہا: Mr. Nino Haase – Lord Mayor, Mr. Daniel Baldy – Member National Parliament, Mr. Miguel Vicente – Head of Migration & Integration ( صوبہ کے وزیر اعلیٰ کی نمائندگی میں شامل ہوئے)۔

باڈ مارین برگ

فرینکفرٹ سے ۱۲۰؍کلومیٹر دور انتہائی پُرفضا مقام باڈمارین برگ میں جماعت کا قیام ۱۹۹۰ء میں ہوا تھا اور آج کل افراد جماعت کی کُل تعداد ۱۰۰؍سے کچھ زائد ہے۔ اس چھوٹی جماعت نے قربانی کا اعلیٰ معیار پیش کرتے ہوئے مورخہ ۱۷؍دسمبر ۲۰۲۰ء کو مقامی چرچ خرید کر اس کو بیت القدوس کا نام دے کر مسجد میں تبدیل کرنے کی سعادت حاصل کی تھی۔ سال نو کی تقریب کے حوالے سے خواجہ مظفر احمد سیکرٹری امور خارجہ جماعت باڈ مارین برگ نے جو رپورٹ ارسال کی ہے اس کے مطابق ۲۹؍فروری کو سال نو کی ہونے والی تقریب میں شرکت کے لیے علاقہ سے ۵۰۰؍لوگوں کو دعوت نامے ارسال کیے گئے تھے جن میں سے ۱۲۰؍مقامی احباب تقریب میں شامل ہوئے۔ ان میں ممبر یورپین پارلیمنٹ مسٹر کارسٹن لک، ۳؍ ہائی سکولز کے ڈائریکٹر، اساتذہ، مقامی گرجا گھروں کے پادری، چرچ آرگنائزیشن کے نمائندگان، علاقہ میں کام کرنے والے میڈیکل پریکٹیشنرز، غرض مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مہمان شامل تھے۔

تقریب کے تمام مقررین نے جماعت مارین برگ کے دوستوں اور ان کے تعاون کی تعریف کی۔ اس موقع پر مجلس خدام الاحمدیہ کی طرف سے کروائی جانے والی چیریٹی واک سے جمع کیا گیا دو ہزار یورو کا چیک بچوں کے کینسر ہسپتال کو پیش کیا گیا جس کے بعد تمام حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ مقامی اخبار میں تقریب کی خبر تصاویر کے ساتھ شائع ہوئی۔

مجلس انصار اللہ کی سعی

غزہ اور اسرائیل کے مابین موجودہ جنگ کے لیے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے دعاؤں کی تحریک کے ساتھ ساتھ ظلم کے خلاف عوامی رائے کو بیدار کرنے اور اسرائیل پر دباؤ بڑھانے کے لیے احمدیوں کو جو ہدایات موصول ہو رہی ہیں ان پر لبیک کہتے ہوئے جماعت احمدیہ عالمگیر اور ذیلی تنظیمیں اپنے طور پر کوششیں کر رہی ہیں۔ شعبہ تبلیغ جرمنی کی طرف سے بھی ایک عرصہ سے اسرائیل کے فلسطینیوں پر کیے جانے والے ظلم کے خلاف عوامی اجتماعات کے علاقوں میں Placard action بطور مہم کے جاری ہے۔ مجلس انصار اللہ فرینکفرٹ کی طرف سے اس مہم کی دوسری کوشش مورخہ ۳۰؍مارچ ۲۰۲۴ءکو ہفتہ کے روز مین شاپنگ ایریا ZEIL میں کی گئی۔ اس کے لیے ۲۰۰؍مربع میٹر کی مخصوص جگہ کی اجازت انتظامیہ سے حاصل کی گئی تھی جس میں تین میٹر بڑا بینر سامنے لگایا گیا ۔ اس کے علاوہ تیس بڑے بڑے پوسٹرز جن کا سائز A1کے برابر تھا انصار اپنے ہاتھوں میں لے کر کھڑے تھے۔ ۴۰؍انصار اور چار نوجوان مربیان سلسلہ نے دوپہر دوبجے سے شام چار بجے تک ڈیوٹی دی۔ لوگ کثرت سے گفتگو کرنے آتے رہے اور امن کے لیے اٹھائے جانے والے ان اقدامات کو سراہا۔

اس موقع پر لوگوں کے ساتھ لے جانے کے لیے امن سے متعلق اسلامی تعلیمات پر مشتمل لیف لیٹس بھی موجود تھے جو لوگ دلچسپی کے ساتھ لے جانے کو ترجیح دے رہے تھے۔ لیف لیٹس والے بعض کارڈز پر چنبیلی کی خوشبو لگائی گئی تھی جس کا مقصد خوشبو پھیلانے کا پیغام بھی عام کرنا تھا۔ مسلمان ممالک اور فلسطین کے لوگوں نے اس اقدام کو بہت سراہا اور ساتھ ڈیوٹی دینے کی خواہش کا اظہار بھی کرتے تھے۔ اسی طرح کاروں پر لگانے کے لیے امن کی ضرورت کے سٹکر مفت تقسیم کیے گئے۔ غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کی رہائی کے سٹکرز سینکڑوں لوگوں نے حاصل کیے۔

لوگوں کے ساتھ ہونے والی گفتگو کو عام کرنے کے لیے سوشل میڈیا کی چار ٹیمیں میدان عمل میں موجود تھیں۔ شعبہ تبلیغ سے ملک صفوان احمد صاحب اور جامعہ احمدیہ میں زیر تعلیم ان کا بیٹا کیلیگرافی کی میز سجائے بیٹھے تھے جس کا مقصد راہ چلتے لوگوں کو متوجہ کرنا تھا۔ ہر کارڈ پر ایک طرف کوئی نہ کوئی نیکی کاکلمہ لکھا تھا اور دوسری طرف اس شخصیت کا نام کیلیگرافی میں لکھ کر اس کو تحفہ میں دیا جاتا رہا۔ ۱۵۰؍سے زائد لوگوں نے اس سے استفادہ کیا۔ ان پروگراموں کو آرگنائز کرنے میں مکرم فلاح الدین خان زعیم اعلیٰ، مکرم رفیق احمد خالد نائب زعیم اعلیٰ اور مبین احمد شعبہ تبلیغ نے محنت سے کام کیا۔ شعبہ تبلیغ جرمنی کی طرف سے پلے کارڈ مہم مکرم فرید احمد خالد صاحب سیکرٹری تبلیغ کی زیر قیادت جرمنی بھرمیں پورے زور و شور سے جاری ہے۔

(رپورٹ: عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button