افریقہ (رپورٹس)

نائیجر کے ریجن دوسو میں احمدیہ مسجد کا افتتاح

(کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل نائیجر)

نائیجر کے ریجن دوسو سے مکرم اعزاز احمد صاحب مبلغ سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ الحمد للہ جماعت احمدیہ نائیجر کو دوسو شہر میں اپنی پہلی مسجد بنانے کی توفیق حاصل ہوئی۔ دوسو دارالحکومت نیامے سے جنوب مشرق کی طرف ۱۳۹؍کلو میٹر کی مسافت پر پہلا ریجنل شہر ہے۔ یہاں جماعت کا نفوذ شروع کی جماعتوں میں ہو چکا تھا جس وجہ سے جماعتی تعارف و تبلیغ نیز جماعتی پروگراموں کے لیے مسجد کی ضرورت میں روز بروز اضافہ ہوتا چلا جارہا تھا اور اس ضرورت کا اظہار متعدد مواقع پر احباب جماعت اور غیر احمدی احباب کی طرف سے کیا جا رہا تھا۔ اسی ضرورت کے پیش نظر کئی مرتبہ کوشش کی گئی کہ جماعت کو ایک مناسب دام کی جگہ مل جائے۔ مکرم امیر جماعت احمدیہ نائیجرکی ہدایت پر خاکسار (ریجنل مبلغ) نےمیئر دوسو سے رابطہ کیا اور الحمد للہ جماعت کو ایک پلاٹ حکومت کی طرف سے مل گیا۔ اس پلاٹ پر تعمیر کا کام دسمبر ۲۰۲۳ء میں شروع ہوا اور مورخہ ۱۷؍مارچ۲۰۲۴ء کو تعمیر مکمل ہوئی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک

افطاری پروگرام:مسجد کی تعمیر مکمل ہونے پر افتتاحی تقریب کے لیے رمضان المبارک کی مناسبت سے ایک پروگرام ۲۱؍مارچ کو رکھا گیا۔ اس پروگرام میں دوسو ریجن کے سلطان، میئر دوسو، وائس ڈائریکٹر ریجنل پولیس، چیف DST ڈیپارٹمنٹ پولیس، سول عدالت کے جج،DRSP،ڈاکٹر صاحبان،اساتذہ اور شہر کے عمائدین نے شرکت کی۔ افطار پروگرام میں مکرم امیر صاحب نے جماعت کا مفصل تعارف پیش کیا اور پروگرام میں شریک افراد سے فرداً فرداً مل کر شکریہ ادا کیا۔ اس پروگرام میں ۴۵؍ افراد نے شرکت کی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک

افتتاح مسجد احمدیہ: مورخہ ۲۲؍مارچ بروز جمعۃ المبارک مسجد احمدیہ کے افتتاح کا پروگرام رکھا گیا۔ اس موقع پر شہر کے احمدی اور غیر احمدی احباب کے علاوہ دُور و نزدیک کے گاؤں سے احباب جماعت بڑی تعداد میں تشریف لائے جس کی وجہ سے مسجد کے باہر بھی سائبان لگا کر نمازیوں کے لیے انتظام کیا گیا۔ مکرم امیر صاحب نے مسجد کا افتتاح دعا اور جمعۃ المبارک پڑھا کرکیا۔ اس کے بعد جماعت دوسو کے معلم آدمو نوحو صاحب کا نکاح بھی مکرم امیر صاحب نے مسجد میں پڑھایا۔ جمعۃ المبارک میں سیکرٹری گورنر دوسو، میئر دوسو، وائس ڈائریکٹرریجنل پولیس دوسو اور اساتذہ و عمائدین شہر و دیہات نے شرکت کی۔ اس پروگرام کی حاضری ۳۱۵؍ رہی الحمد للہ۔اس پروگرام کے اختتام پر تمام احباب کی خدمت میں افطارپیش کیا گیا۔

(رپورٹ:کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button