افریقہ (رپورٹس)

لائبیریا میں دو نئے مرکزی مشن ہاؤسز کا قیام

(فرخ شبیر لودھی۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹر نیشنل لائیبیریا)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ لائبیریا کو حال ہی میں دو نئے مرکزی مشن ہاؤسز کے قیام کی توفیق ملی ہے۔ الحمد للہ علیٰ ذالک

ان میں سے پہلا مشن ہاؤس Grand Bassaکاؤنٹی کے صدر مقام Buchanan میں کھولا گیا ہے۔ یہ لائبیریا کا تیسرا بڑا شہر ہے اور دارالحکومت منروویا (Monrovia)سے ۱۱۰؍کلومیٹر کی مسافت پر جنوب مشرق میں واقع ہے جس کے ساتھ ساتھ بحراوقیانوس ہے۔ اپنے حیرت انگیز خوبصورت ساحل، تاریخ اور ثقافتی تجربات کے ساتھ یہ شہر لائبیریا میں ایک دلکش تفریح گاہ ہے۔

مشن ہاؤس Grand Bassaکاؤنٹی

اس کاؤنٹی میں ۹۴؍فیصد Bassa زبان بولنے والا قبیلہ آباد ہے۔ یہاں پر اکثریت میں مسیحی مذہب کے پیروکار آباد ہیںجبکہ مسلمان کُل آبادی کا صرف پانچ فیصد حصہ ہیں۔ مورخہ ۹؍مارچ۲۰۲۴ء کو ثناء اللہ ورک صاحب مبلغ سلسلہ کی یہاں تقرری سے مشن ہاؤس کا قیام عمل میں آیا۔

دوسرے مرکزی مشن ہاؤس کا قیام Gbahریجن میں کیا گیا ہے جو منروویا سے۶۰؍کلومیٹر کی دوری پرشمال مغرب میں سیرالیون جانے والی مرکزی شاہراہ پر قائم ہے۔جغرافیائی حدود کے اعتبار سےیہ مشن ہاؤس Bomiکاؤنٹی کی سرحد پر واقع ہے۔ یہاں سے تقریباً ایک کلومیٹر کے فاصلہ پر Cape Mountکاؤنٹی شروع ہو جاتی ہے۔ ان دونوں کاؤنٹیوں میں VaiاورGolaزبان بولنے والے قبائل کی اکثریت ہے اور ۷۰؍فیصد مسلمان آباد ہیں۔ ان دونوں کاؤنٹیوں میں پہلے سے ہی مرکزی مشن ہاؤسز قائم ہیں۔ البتہ یہ ریجن دونوں اطراف کے مرکز سے دور تھا۔ یہاں پر مشن ہاؤس کےقیام سے تبلیغ و تربیت کےمیدان میں وسعت اوربہتری پیدا ہوگی۔ ان شاء اللہ العزیز۔ مورخہ ۴؍مئی ۲۰۲۴ء کو مشہود احمد صاحب مبلغ سلسلہ کی تقرری سے یہاں مشن کی داغ بیل ڈالی گئی۔

مشن ہاؤس Gbahریجن

لائبیریا انتظامی لحاظ سے پندرہ کاؤنٹیوں پر مشتمل ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۱۰؍کاؤنٹیوں میں احمدیہ مشن کا قیام ہوچکا ہے۔ اس وقت لائبیریا میں کُل ۱۲؍مرکزی مبلغین اور ۱۶؍مقامی معلمین خدمات کی توفیق پارہے ہیں۔

اللہ تعالیٰ ہر ایک کو احسن طریق پر خدمت دین کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

(رپورٹ : فرخ شبیر لودھی۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل )

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button