افریقہ (رپورٹس)

مجلس انصار اللہ آئیوری کوسٹ کے ۱۴ویں نیشنل اجتماع کا انعقاد

(عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل آئیوری کوسٹ)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصار اللہ آئیوری کوسٹ کو اپنا ۱۴واں سالانہ نیشنل اجتماع مورخہ ۲۷و۲۸؍اپریل ۲۰۲۴ء بروز ہفتہ و اتوار بمقام مہدی آباد، آبی جان منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ شاملین کی آمد کا سلسلہ ایک روز قبل بروز جمعۃالمبارک ہی شروع ہو گیا تھا۔

پہلا دن: پہلے دن کا آغاز حسب روایت باجماعت نماز تہجد سے کیا گیا ۔ نماز فجر کی ادائیگی کے بعد سینا کولیبالی صاحب معلم سلسلہ نے درس بعنوان’’اپنے خاندان میں قیام نماز کی اہمیت‘‘دیا۔ درس کے بعد اجتماع کے ہال کی تیاری کا آغاز کیا گیا اور ساتھ ہی کچھ وقت کے بعد مہمانان کو ناشتہ پیش کیا گیا۔

اجتماع کے پروگرام کا باقاعدہ آغاز صبح نو بجے پرچم کشائی سے ہوا۔ مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ نے لوائے انصار اللہ جبکہ مکرم Tiéro Alhassaneصاحب صدرمجلس انصاراللہ نے قومی پرچم لہرایا جس کے بعد دعا ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، نظم اور عہد کے بعد مکرم صدرمجلس انصار اللہ نے تقریر کی جس میں تمام مہمانان کرام کو خوش آمدید کہا اور مجلس انصار اللہ کے قیام کی تاریخ اور اجتماعات کے انعقاد کے حوالے سے آگاہ کیا۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے اپنی تقریر میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطابات کے ذریعہ انصار اللہ کی تنظیم کی بنیاد کی غرض اور ان کی ذمہ داریاں اور فرائض بیان کیے۔ اس کے بعد بالو احمد صاحب معلم سلسلہ نے ’’جماعت احمدیہ کی ترقی میں مجلس انصار اللہ کا کردار‘‘ اور رافع احمد تبسم صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’دنیا میں امن کیسے قائم کیا جاسکتاہے؟‘‘ کے موضوعات پر تقاریر کیں۔ ان تقاریر کے ساتھ افتتاحی اجلاس کا اختتام ہوا اور تمام شاملین نے نماز ظہر و عصر جمع کر کے ادا کیں جس کے بعد تمام شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

نمازوں کی ادائیگی اور کھانے کے بعد اجتماع میں شریک احباب کے درمیان علمی اور ورزشی مقابلہ جات کا آغاز ہوگیا۔ علمی مقابلہ جات میں تلاوت قرآن کریم، اذان، سوالات و جوابات جبکہ ورزشی مقابلہ جات میں رسہ کشی، فٹ بال، ۱۰۰؍میٹر دوڑ، منہ سے چمچہ کے اوپر لیموں رکھ کر دوڑ اور آنکھوں پر پٹی باندھ کر دوڑ شامل تھے۔ مقابلہ جات نماز مغرب و عشاء کی باجماعت ادائیگی سے قبل تک جار ی رہے۔

انعقاد نیشنل مجلس شوریٰ: نمازوں کی ادائیگی کے بعد انصار اللہ کی سالانہ مجلس شوریٰ کا انعقاد مکرم امیر ومشنری انچارج صاحب کی زیر صدارت کیا گیا جس کا ایک مقصد نئے صدر مجلس انصار اللہ کا انتخاب کروانا بھی تھا۔ شوریٰ کے اختتام پر شاملین کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔ بعد ازاں صدر انصار اللہ نیز نیشنل عاملہ انصار اللہ نے ریجنل ناظمین اور زعماء کے ساتھ میٹنگ کی جس کا مقصدمجالس کی سطح پر انصار اللہ کو جماعتی کاموں کے لیے مستعد کرنا تھا۔

دوسرا دن: دوسرے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد اور نماز فجر کے بعد درس سے ہوا جو ’’نظام جماعت سے وابستگی کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر دیا گیا۔ اس کے بعد انصار اللہ کی جانب سے امن مارچ کا اہتمام کیا گیا۔ مارچ کے بعد مزید علمی و ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا جس میں مقابلہ پیغام رسانی، فٹ بال فائنل، پنجہ آزمائی، گولہ پھینکنا،غلیل سے نشانہ لگانااورثابت قدمی وغیرہ شامل تھے۔ مقابلہ جات کے اختتام پر اجتماع کے اختتامی اجلاس کا انعقاد مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب کی زیر صدارت کیا گیا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم کے بعد کریم جوارا صاحب نیشنل سیکرٹری دعوت الیٰ اللہ نے تقریر کی جس میں تبلیغ کے ضمن میں انصار اللہ کا کردار اور ذمہ داریاں بیان کیں۔ بعدازاں اجتماع میں شریک غیر از جماعت معزز مہمانان کے پروگرام کے تحت سساندرا ریجن کے ایک گاؤں کے چیف صاحب نے تقریرکی اور انصار اللہ کے اس اجتماع کو سراہا۔ اس کے بعد اول و دوم پوزیشن حاصل کرنے والے انصار نیز پوزیشنز حاصل کرنے والی ٹیمز کو انعامات سے نوازا گیا اور کچھ خصوصی حوصلہ افزائی کے انعامات بھی دیے گئے۔ تقسیم انعامات کے بعد اجتماع کی اختتامی تقریر مکرم امیر صاحب نے کی جس میں آپ نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبات برائے انصار اللہ کی روشنی میں انصار کو نصائح کیں۔ دعا کے ساتھ اجتماع کا باقاعدہ اختتام ہوا۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد تمام شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے امسال ۳۵۰؍کے قریب انصار اور مہمانان نے شرکت کی۔

(رپورٹ:عبدالنور۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button