یورپ (رپورٹس)

نیشنل فٹ بال ٹورنامنٹ ۲۰۲۴ء زیر اہتمام شعبہ صحتِ جسمانی، جماعت احمدیہ برطانیہ

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ برطانیہ کے شعبہ صحتِ جسمانی کے زیر اہتمام ۱۹تا۲۱؍اپریل ۲۰۲۴ء Elmbridge Xcel Sports Hub Walton-on-Thames میں نیشنل فٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں برطانیہ سے ۱۶؍ ٹیموں نے حصہ لیا اور کُل ۳۱؍ میچ کھیلےگے۔ اس ٹورنامنٹ کو کامیابی سے منعقد کرنے کے لیے جنوری کے مہینہ میں ہی بھرپور کاوشوں کا آغاز کردیا گیا تھا۔

تمام ۱۴؍ریجنز کے ریجنل امراءکے تعاون سے ٹیموں کی تشکیل اور دیگر اُمور کی نگرانی کے لیے ہر ریجن میں ایک مینیجر مقرر کیا گیا جنہوں نے نہ صرف اپنے اپنے ریجن کی ٹیم تشکیل دی بلکہ اُن کی ٹریننگ کے ساتھ ساتھ دیگر ریجنز کی ٹیموں کے ساتھ دوستانہ میچز کا انعقاد بھی کیا۔ ٹورنامنٹ کے آغاز سے ایک ہفتہ قبل تمام مینیجرز اور کیپٹنز کے ساتھ ایک کانفرنس کال میں ٹورنامنٹ میں کھیلے جانے والے میچز کے لیے لائحہ عمل طے کیا گیا اور چار گروپ بناکر قرعہ اندازی کے ذریعہ ٹیموں کے میچز طے کیے گئے۔

مورخہ ۱۹؍اپریل بروز جمعۃ المبارک بعد نماز جمعہ افتتاحی میچ ہوا جبکہ ۲۱؍ اپریل بروز اتوار سیمی فائنل اور فائنل میچز منعقد کیے گئے۔ اس ٹورنامنٹ کا مقصد نہ صرف صحت کو فروغ دینا تھا بلکہ بعض تربیتی امور کی طرف توجہ دلانا بھی تھا۔ دوران ٹورنامنٹ پنجوقتہ نمازوں کی باجماعت ادائیگی کا اہتمام کیا جاتا رہا اور میچ کے درمیان وقفہ میں اگر نماز کا وقت ہوتا تو ممبران کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں ادائیگی نماز کا بھی موقع فراہم کیا جاتا رہا۔ اسی طرح مکرم نثار آرچرڈ صاحب انچارج برائے فٹ بال مجلسِ صحت، مکرم رضا احمد صاحب مربی سلسلہ اور مکرم سفیر زرتشت صاحب مربی سلسلہ نے سپورٹس مین سپرٹ کے پس منظر میں بعض تربیتی مسائل کی طرف نشاندہی کرتے ہوئے کھلاڑیوں کے سوالات کے جواب بھی دیے۔

اس ٹورنامنٹ میں کُل ۳۲۰؍کھلاڑیوں نے حصہ لیا اور ۹۹؍گول کیے گئے۔ سیمی فائنل اور فائنل میچز یوٹیوب اور ایم ٹی اے ون چینل پر براہ راست دکھائے گئے جسے تقریباً ایک ہزار سے زائد افراد نے دیکھا۔ ایک موبائل ایپ کے ذریعہ تمام میچز کی تفصیل اور لمحہ بہ لمحہ رُوداد بھی احباب جماعت کے لیے مہیا کی گئی۔

ٹورنامنٹ کے نتائج کچھ اس طرح رہے: اسلام آباد ریجن کے ذیشان بشیر صاحب گولڈن بُوٹ کے حقدار قرار پائے جبکہ گولڈن glovesکا اعزاز بیت الفتوح ریجن کے زرتشت باجوہ صاحب کو دیا گیا۔ بہترین نوجوان کھلاڑی جامعہ احمدیہ یوکے کے طالب علم ناصر احمد کوناڈو صاحب اور بہترین کھلاڑی آف دی ٹورنامنٹ بیت الفتوح ریجن کے حسیب چیمہ صاحب منتخب کیے گئے۔ نارتھ ویسٹ ریجن کی ٹیم دوسرے نمبر پر رہی جبکہ بیت الفتوح ریجن کی ٹیم ٹورنامنٹ میں فاتح قرار پائی۔

اس کامیاب ٹورنامنٹ کا اختتام دعا سے ہوا۔ بعد ازاں مختلف کھلاڑیوں اور ریجنل مینیجرز کی جانب سے انتہائی مثبت تاثرات کا اظہار کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ تمام شامل ہونے والے ممبران، منتظمین اور دیگر رضاکاران کو جزائے خیر سے نوازے ۔آمین

(رپورٹ: مجیب احمد مرزا۔ سیکرٹری مجلس صحت یوکے)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button