افریقہ (رپورٹس)

تنزانیہ کے سیلاب زدہ علاقوں میں ہیومینٹی فرسٹ تنزانیہ کی مساعی

(عبدالناصر باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تنزانیہ)

امن عالم میں کمی کے ساتھ ساتھ اس وقت دنیا میں گلوبل وارمنگ بڑھنےکے حوالے سے کافی تشویشناک حالات ہیں۔ ہر خطے میں موسمی حالات تیزی سے بدل رہے ہیں۔ ایک طرف معمول سے زیادہ بارشیں ہو رہی ہیں تو دوسری طرف معمول سے زیادہ خشک سالی۔

ان دنوں مشرقی افریقہ کے ممالک بھی انہی حالات سے متاثر ہیں۔ تنزانیہ میں گذشتہ چند ماہ سے بارانی موسم شرعو تھا۔ اس دوران غیر معمولی بارشوں کا سلسلہ جاری رہا اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کثیر تعداد میں عوام الناس متاثر ہوئے اور میدانی علاقوں میں سیلاب نے لوگوں کو اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور کردیا۔

مکرم طاہر محمود چودھری صاحب امیر و مشنری انچارج تنزانیہ نے اپریل کے آخری عشرہ میں مسلسل بارشوں کے باعث ہنگامی حالات کے پیش نظر حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں دعا کی درخواست کی جس کے جواب میں حضور انور نے لفظ ’’دعا‘‘ لکھا۔ اس کے کچھ دن بعد ہی بارشوں کا سلسلہ تھم گیا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

ماہ مئی میں سیلابی صورتحال سے متاثرہ لوگوں کی مدد اور بحالی کے لیے ہیومینٹی فرسٹ تنزانیہ کے تحت ہیومینٹی فرسٹ امریکہ کے تعاون سے Pwani ریجن کے جنوب مشرقی اضلاع میں امدادی کارروائیوں کا آغاز ہوا۔ امدادی مشن دو حصوں میں سرانجام دیا گیا۔

پہلے حصہ میں Ikwiriri ضلع کے ۱۲۵؍خاندانوں میں تقریباً چار ٹن خوراک تقسیم کی گئی۔ ہیومینٹی فرسٹ تنزانیہ کی ٹیم مکرم عبدالرحمٰن آمے صاحب نائب امیر تنزانیہ کی قیادت میں موقع پر پہنچی اور متاثرہ افراد جماعت اور دیگرعوام الناس میں مکئی کا آٹا، لوبیا اور چینی تقسیم کی گئی۔

امدادی مشن کے دوسرے حصے میں حکومتی اداروں سے رابطہ کیا گیا اور ضلعی حکومت کو ساڑھے تین ٹن خوراک مہیا کی گئی۔ حکومت نے Disaster Management Authorityکے تحت ضلعی حکومت کی سرپرستی میں متاثرین کے لیے کیمپوں کا اہتمام کیا تھا۔ ہیومینٹی فرسٹ تنزانیہ کی ٹیم مورخہ ۱۷؍مئی کو مکرم عابد محمود بھٹی صاحب نائب امیر تنزانیہ وcoordinatorہیومینٹی فرسٹ تنزانیہ کی زیر قیادت متاثرہ علاقہ میں پہنچی اور ضلعی حکومت کو ساڑھے تین ٹن مکئی کا آٹا اور لوبیا مہیا کیا۔ اس کے بعد متاثرہ افراد کے کیمپ کا دورہ کیا گیا۔ لوگوں سے ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ انہیں یہ یقین دلایا کہ اس مشکل وقت میں پوری قوم آپ کے ساتھ ہے۔

متاثرہ افراد نے تشکرانہ جذبات کا اظہار کیا۔ بعد ازاں ہیومینٹی فرسٹ تنزانیہ کی ٹیم زیر آب متاثرہ علاقوں کے دورہ کے لیے گئی۔ کشتی کے ذریعہ سیلاب میں ڈوبےہوئے مکانات کا دورہ کیا۔

اللہ تعالیٰ ان عاجزانہ مساعی میں برکت ڈالے اور تمام قربانی کرنے والوں کی قربانیاں اپنی راہ میں قبول فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: عبدالناصر باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تنزانیہ)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button