ایشیا (رپورٹس)

نیشنل اجتماع واقفین نو و واقفاتِ نو بنگلہ دیش ۲۰۲۴ء

(نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۳و۴؍مئی ۲۰۲۴ء کو واقفین نو و واقفات نو بنگلہ دیش کا نیشنل اجتماع جماعت کے ہیڈکوارٹر دار التبلیغ بکشی بازار ڈھاکہ میں منعقد ہوا۔

مورخہ ۳؍مئی بروز جمعہ صبح آٹھ بجے مولانا عبدالاول خان چودھری صاحب امیر و مبلغ انچارج جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کی صدارت میں اجتماع کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا جس کے بعد مکرم امیر صاحب نے افتتاحی تقریر کی۔

بعد ازاں واقفین نو اور واقفات نو کے لیے career guideline سیمینار کا انتظام کیا گیا تھا۔ پروفیسر عبد اللہ شمس بن طارق صاحب نائب امیر کی صدارت میں اس اجلاس میں دو واقفین نو نے تقریر کی جو اس وقت زندگی وقف کرکے جماعتی خدمات بجا لا رہے ہیں۔ اس کے بعد واقفین نو اور واقفات نو کو پینل سے سوالات کرنے کا موقع دیا گیا۔

شام کو سب شاملین اجتماع کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ فرمودہ ۲۸؍اکتوبر ۲۰۱۶ء کا خلاصہ پریزنٹیشن کی صورت میں دکھایا گیا۔ اس کےمعاً بعد والدین کے لیے اس خطبہ کے موضوع پر کوئز کا انتظام کیا گیا جس کے انعامات اسی وقت شاملین کو دیے گئے۔ اگلے روز یہی خطبہ جمعہ بنگلہ ترجمہ کے ساتھ مکمل سنایا گیا۔

اسی روز مکرم امیر صاحب کے ساتھ واقفین نو و واقفات نو کی مجلس سوال و جواب منعقد ہوئی۔ اس کے ساتھ ساتھ دفتر وقف نو کی ویب سائٹ اور یوٹیوب چینل دکھایا گیا اور واقفین نو و واقفات نو کو اس سے استفا دہ کرنے کی طرف توجہ دلائی گئی۔

اجتماع میں واقفین نو و واقفات نو کے تلاوت قرآن کریم، حفظ القرآن، نماز مع ترجمہ، دینی معلومات، تقریر، نظم، کوئز، پیغام رسانی وغیرہ جیسے علمی مقابلہ جات ہوئے۔ اس کے علاوہ مختلف کھیل کے مقابلہ جات کا بھی انتظام کیا گیاتھا۔

اس اجتماع میں بنگلہ دیش کی ۲۵؍جماعتوں سے ۴۴۳؍واقفین نو و واقفات نو اور والدین شامل ہوئے۔ اجتماع کے موقع پر واقفین نو اور واقفات نو کا رسالہ اسماعیل و مریم بھی شائع ہوا۔

مورخہ ۴؍مئی بروز ہفتہ شام کو اختتامی اجلاس منعقد ہوا جس میں مکرم لقمان احمد کشور صاحب انچارج شعبہ وقف نو مرکزیہ آن لائن شامل ہوئے۔ آپ نے چند نصائح کیں اور اختتامی دعا کروائی۔

(رپورٹ: نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button