یورپ (رپورٹس)

ماہ مئی میں جماعت احمدیہ فرانس کی سرگرمیاں

(منصور احمد مبشر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل فرانس)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ فرانس کو مئی ۲۰۲۴ء میں دو نیشنل پروگرامز منعقد کرنے کی توفیق ملی جن کی رپورٹس درج ذیل ہیں۔

PAAMA Day

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ فرانس کو مورخہ ۱۰تا۱۲؍مئی کو پاما ڈے منانے کی توفیق ملی۔ امسال اس پروگرام کا موضوع تھا’’ افریقہ :ہمارے بچوں کے لیے امید کا مرکز‘‘ ۔

پروگرام کے دوران جماعت فرانس کے تمام افریقن نژاد احمدیوں کو شمولیت کی دعوت دی گئی۔ تین دنوں کے دوران مرد، خواتین اور بچے ایک دوستانہ اور روحانی ماحول میں جمع رہے اور ان دنوں سے بھرپور مستفیض ہوئے۔ نوجوان اور بچے اپنے دوستوں سے ملنے اور تاریخی لمحات شیئر کرنے کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں سے بھی لطف اندوز ہوئے۔

PAAMA Day
PAAMA Day

مکرم طاہر بُکاسا صاحب PAAMAفرانس کے نائب صدر نے اپنی پریزنٹیشن کے ذریعے وسطی افریقہ کے متعلق چند معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے کانگو کا تعارف مختلف نمائشوں کے ذریعے پیش کیا۔ اس کے علاوہ ایک خصوصی مہمان نے بیلجیم سے روانڈا کے سفر کی ایک چھوٹی سی روداد سنائی۔

اس سال دو بیرونی مہمانوں کو بھی مدعو کرنے کا موقع ملا۔وہ یہ دیکھ کر حیران اور متاثر ہوئے کہ ایک اسلامی مذہبی تنظیم پین افریقنزم اور اس کے اخلاقی اصولوں کے لیے کام کر رہی ہے اور بہت اچھا کام کر رہی ہے۔

ان تینوں دنوں میں مقررین نے مختلف موضوعات پر تقاریر کیں۔ علاوہ ازیں رشتہ ناطہ کا سیمینار اور کھیلوں کے پروگرامز بھی ہوئے۔ خواتین کے لیے بھی الگ سیشنز ہوئے۔ تمام نمازیں و نماز تہجد باجماعت ادا کی گئیں۔

اس سال بیلجیم سے چار مہمان نمائندے اور چار غیر از جماعت مہمان شامل ہوئے۔ امسال کُل حاضری ۲۳۰؍رہی۔ اس پروگرام کے اختتام پر تمام شرکاء ایک نئے عزم کے ساتھ اپنے گھروں کو واپس گئے۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ تما م شرکاء کو احسن جزا عطا فرمائے۔آمین

۱۸ واں نیشنل اجتماع وقف نو فرانس

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ فرانس کا ۱۸ واں نیشنل اجتماع وقف نو مورخہ ۱۸و۱۹؍مئی کو مسجد بیت العطاء میں منعقد ہوا۔

امسال پہلی بار لوکل اجتماعات میں اول، دوم اور سوم آنے والے ۷تا ۱۰؍سال کے واقفین نو کو نیشنل سطح پر علمی مقابلوں میں حصہ لینے کی اجازت تھی۔

اجتماع کی تیاری کے لیے ایک ٹیم تیار کی گئی جس نے انتھک محنت کر کے اجتماع کو کامیاب بنایا۔

پہلے دن افتتاحی اجلاس بصدارت مکرم بلال اکبر صاحب نائب مشنری انچارج فرانس تلاوت قرآن کریم و نظم سے شروع ہوا۔ بعد ازاں مکرم مقصود الرحمٰن صاحب نیشنل سیکرٹری وقف نو فرانس نے بچوں کو اجتماع کے حوالے سے عمومی نصائح کیں جس کے بعد صدر مجلس نے اپنی گزارشات پیش کیں۔پھرکیریئر پلاننگ کی ایک نشست ہوئی۔

امسال اجتماع کے دوران علمی مقابلوں میں واقفین نو اور واقفات نو کے عمر کے لحاظ سے تین گروپس بنائے گئے: ۷تا ۱۰، ۱۱تا۱۴ اور ۱۵ سے اوپر۔

نیشنل اجتماع واقفین نو

علمی مقابلوں میں حفظ القرآن، تلاوت قرآن کریم، ترجمۃ القرآن، حفظ نظم وقصیدہ، دینی معلومات، نماز، دعا، حدیث، الہام، اسمائے الٰہی (صفات باری تعالیٰ)، مقابلہ تقریر اردو، فرنچ و تقریر فی البدیہہ، املا اردو، مذاکرہ اور مقابلہ پوسٹر شامل تھے۔ اسی طرح کھیلوں کے مقابلوں میں دوڑ ۱۰۰؍میٹر و ۱۵۰۰؍میٹر، والی بال، فٹ بال اور ٹیبل ٹینس شامل ہیں۔

اجتماع کے دوران تمام نمازیں باجماعت ادا کی گئیں۔ اتوار کے روز نماز تہجد ایک واقف نو بچے عزیزم شایان اکرم نے پڑھائی۔نماز فجر عزیزم ابراہیم ابلادون جبکہ فجر کے بعد کا درس خاکسار (مربی سلسلہ) نے دیا۔

نیشنل اجتماع واقفین نو

اختتامی اجلاس بصدارت مکرم فہیم احمد نیاز صاحب امیر جماعت فرانس ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد تقسیم انعامات ہوئی جس کے بعد اجتماع کی جھلکیوں کے متعلق ایک ویڈیو دکھائی گئی جوکہ تمام احباب نے پسند کی۔

امسال ۱۴۲؍مہمان مرد، عورتیں اور بچے شامل ہوئے اور واقفین نو و واقفات نو کی تعداد ۱۹۳؍رہی۔ کُل حاضری ۳۳۵؍رہی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ تمام واقفین کو احسن رنگ میں اپنا وقف نبھانے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

(رپورٹ: منصور احمد مبشر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button