یورپ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ بیلجیم کی دو روزہ نیشنل تعلیمی وتربیتی کلاس

(چوہدری طاہر احمد گِل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بیلجیم)

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۲۰ و ۲۱؍اپریل ۲۰۲۴ء کو مجلس خدام الاحمدیہ بیلجیم کو نیشنل تعلیمی و تربیتی کلاس بمقام بیت الرحیم، آلکن منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

مورخہ ۲۰؍اپریل کو کلاس کا افتتاحی اجلاس مکرم توصیف احمد صاحب مشنری انچارج کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم کے بعد مکرم آصف بن اویس صاحب (مربی سلسلہ)صدر مجلس خدام الاحمدیہ بیلجیم نے افتتاحی تقریر کی اور دعا کروائی۔

اس تربیتی کلاس میں تلاوت قرآن کریم، حفظِ قرآن، دعا اور حدیث کی کلاسز کا اہتمام کیا گیا۔ اس کے علاوہ معلوماتی لیکچرز اور پریزنٹیشنز بھی پیش کی گئیں۔ کلاس کا پہلا لیکچر ہفتہ کے دن مکرم مشنری انچارج صاحب نے دیا جس میں آپ نے بڑے احسن انداز میں خدام کو آج کل کے دور میں خلافت کی اہمیت کے بارے بتایا۔

حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے مکرم عبدالقدوس صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ یوکے کے ساتھ ایک آن لائن محفل کا انتظام کیا گیا تھا۔ انہوں نے خدام سے خلافت کی توقعات پر بات کی اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی شفقتوں کی مثالیں پیش کیں اور خدام کے سوالات کے جواب بھی دیے۔ خدام اور اطفال نے اس محفل کو بہت پسند کیا۔

ہفتہ کی رات کو campfire کا انتظام تھا۔ برادرانہ ماحول میں خدام نے اپنے اپنے قبولیتِ دعا کے واقعات سنائے۔ اسی طرح خلافت کے ساتھ ذاتی ایمان افروز واقعات، پیارے آقا کی شفقتیں اور خلافت کے ساتھ وابستہ رہنے کی اہمیت پر گفتگو ہوئی۔ رمضان کے دوران جو خدام وقفِ عارضی کے لیے اسلام آباد گئے تھے انہوں نے بھی اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

دوسرے دن کاآغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کی ادائیگی کے بعد درس القرآن بھی پیش کیا گیا۔ اس روز شعبہ صنعت و تجارت نے ایک سیمینار کا اہتمام کیا تھا جس کے دوران علم کی اہمیت اور اس کی زندگی پر اثر کی مثالیں پیش کیں۔ مختلف پیشوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی اس میں شامل ہوئے اور اپنے اپنے پیشے کی تفصیل اور اس میں کامیابی کے طریق بیان کیے۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی اجازت سے مکرم آصف محمود باسط صاحب کے ساتھ بھی پروگرام منعقد ہوا جس میں آپ نے بڑے احسن انداز میں حضرت مسیح موعودؑ کے لائے ہوئے انقلاب پر گفتگو کی اور خدام کے سوالات کے جواب بھی دیے۔ اس لیکچر کو بہت پسند کیا گیا۔

اختتامی اجلاس سے قبل مربیانِ کرام کے ساتھ سوال و جواب کی محفل بھی پروگرام کا حصہ تھی جس میں مربیان نے خدام کے سوالات کے جواب دیے۔

خدام کی طرح اطفال کے لیے بھی تلاوت قرآن کریم، حفظِ قرآن اور دعا کی روایتی کلاسز کا اہتمام کیا گیا تھا۔ صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ بیلجیم نے اطفال کے ساتھ پیارے نبیﷺ کے بارے میں گفتگو کی اور آپؐ کے اسوہٴ حسنہ کی روشنی میں بعض نصائح کیں۔ اطفال کو جامعہ احمدیہ جانے کی اہمیت سے متعلق ایک پریزنٹیشن بھی دی گئی۔ آخر پر اطفال کے ساتھ دینی معلومات پر مشتمل ایک کوئز کیا گیا۔ اس کلاس کے اختتام پر صدر مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی مکرم امتیاز احمد شاہین صاحب بھی اپنے وفد کے ساتھ شامل ہوئے تھے۔

اختتامی اجلاس کی صدارت مکرم ڈاکٹر ادریس احمد صاحب امیر جماعت احمدیہ بیلجیم نے کی۔ آپ نے اپنی اختتامی تقریر میں خدام اور اطفال کو نصائح کرتے ہوئے کہا کہ ان دو ایام میں آپ نے جو کچھ سیکھا ہےاس پر عمل کریں اور ہمیشہ خلافت سے وابستہ رہیں۔ اس تعلیمی و تربیتی کلاس کی حاضری ۳۵۰؍رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ: چودھری طاہر احمد گِل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button