ٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈکپ ۲۰۲۴ء

ٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈ کپ: پہلےسیمی فائنل میں جنوبی افریقہ افغانستان کوآؤٹ کلاس کرتے ہوئے پہلی مرتبہ فائنل میں پہنچ گیا

مینزٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2024ء

میچ نمبر: 53

پہلاسیمی فائنل

افغانستان بمقابلہ جنوبی افریقہ

Tarouba, San Fernando, Trinidad & Tobago

26جون 2024ء

جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم نے ایڈن مارکرم(Aiden Markram) کی قیادت میں بالآخر وہ کردکھایا جو1992ءسےاب تک کوئی جنوبی افریقی ٹیم نہ کرسکی تھی،یعنی پہلی مرتبہ کرکٹ کے عالمی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں فتح حاصل کرنا۔آئی سی سی مینزٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈکپ 2024ء کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے یکطرفہ مقابلہ میں افغانستان کو 9وکٹوں سے پچھاڑدیا۔

برائن لاراکرکٹ اکیڈمی ٹروبامیں 26جون کی رات ہونے والے سیمی فائنل میں افغان کپتان راشدخان نے ٹاس جیت کربلےبازی کرنے کافیصلہ کیا۔

بیٹنگ کے لیے نہایت مشکل کنڈیشنزمیں افغانستان کے بلے بازجنوبی افریقہ کی شاندارباؤلنگ کے سامنے بالکل بے بس دکھائی دئیے۔ پہلے اوورسے ہی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوا اورکوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیروکٹ پرٹھہرسکا نہ ہی آزادانہ رنزبنانے میں کامیاب ہوا۔نتیجۃً افغانستان کی پوری ٹیم 11.5اوورزمیں محض56رنزبناکرڈھیرہوگئی۔عظمت اللہ عمرزئی(Azmatullah Omarzai) دس رنزتک پہنچنے والے واحدکھلاڑی رہے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے مارکوجانسن(Marco Jansen) نے16رنزدے کرتین کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔اسی طرح تبریز شمسی نے بھی تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ کاگیسوربادااورآنرخ نوکیانے دو،دووکھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں کوئنٹن ڈی کاک(Quinton de Kock) دوسرے اوورمیں فضل حق فاروقی کی گیندپربولڈہوئے۔ تاہم دوسری وکٹ کی ناقابلِ شکست 55رنزکی شراکت نے جنوبی افریقہ کوفتح سے ہمکنارکرکےفائنل میں پہنچادیا۔ریزاہینڈرکس(Reeza Hendricks) نے 29اور مارکرم (Markram)نے 23رنزکی اننگزکھیلی۔

جنوبی افریقہ کے مارکوجانسن میچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔

29جون کو برج ٹاؤن باربیڈوس میں ہونے والے فائنل میں جنوبی افریقہ کا مقابلہ بھارت یا انگلینڈکے ساتھ ہوگا۔

اہم ریکارڈز واعداد و شمار

  • اس ورلڈکپ میں جنوبی افریقہ نے لگاتارآٹھویں کامیابی حاصل کی جوکہ ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ میں زیادہ سے زیادہ لگاتار فتوحات  کا ریکارڈہے۔قبل ازیں آسٹریلوی ٹیم نے 2022ءمیں اپنے آخری تین اور رواں ٹورنامنٹ میں پہلے پانچ میچزلگاتارجیت کرریکارڈبنایاتھا۔
  • اس میچ میں 56رنزافغانستان کا ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میں سب سے کم ٹیم اسکور ہے۔قبل ازیں 2014ءمیں بنگلادیش کے خلاف افغانستان72رنزبناسکی تھی۔
  • افغانستان کے56رنزٹی ٹوینٹی ورلڈکپ کے کسی بھی ناک آؤٹ(Knock-out) میچ میں کم سے کم اسکورہے۔
  • افغانستان کے فضل حق فاروقی نے اس ورلڈکپ میں 17وکٹیں حاصل کیں۔اس طرح وہ  ایک ورلڈکپ ایڈیشن میں سب سے زیادہ وکٹیں  لینے والے باؤلربن گئے۔قبل ازیں سری لنکا کے Wanindu Hasaranga نے2021 ءمیں 16کھلاڑیوں کوآؤٹ کیاتھا۔
  • انٹرنیشنل کرکٹ میں افغانستان اب تک 22ممالک کی ٹیموں کے خلاف میچز کھیل چکا ہے۔جنوبی افریقہ،بھارت اورنیپال ایسی تین ٹیمیں  جن کے خلاف افغانستان ابھی تک کوئی میچ نہیں جیت سکا۔

(رپورٹ:ن م طاہر)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button