متفرق

ربوہ کا موسم (۲۱ تا ۲۷؍ جون ۲۰۲۴ء)

۲۱؍جون جمعۃ المبارک کو گذشتہ دن شام کی بارش اور ٹھنڈ ی ہوا کا موسم پر اثر تھا۔ سارا دن خوشگوار ہوا چلتی رہی اور آسمان پر بادلوں کی تہ جمی رہی جس کی وجہ سے سورج کی کرنیں زمین پر نہیں پہنچ پا رہی تھیں۔ ہفتہ کو صبح کے وقت ہلکی ٹھنڈی ہوا چلتی رہی ، تاہم گرمی اپنی جگہ موجود تھی یعنی مطلع صاف تھا اور خوب دھوپ نکلی ہوئی تھی۔ اتوار کو بھی موسم گرم اور خشک تھا۔ درمیانی رفتار سے ہوا سارا دن چلتی رہی جو شام کے وقت بند ہوگئی۔ سوموار کو گذشتہ روز والا ہی موسم تھا ۔ دن بھر ہوا رواں دواں رہی ۔ صرف دوپہر کو اس ہوا نے لو کی شکل اختیار کرلی۔ منگل کو صبح ہی سے خوشگوار ہوا جاری تھی جو دوپہر کو کم ہوگئی ، آج گذشتہ دنوں سے زیادہ گرمی تھی۔ درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ ۴۳؍ اور کم سے کم ۳۱؍درجہ سینٹی گریڈ تھا۔ بدھ کو بھی گرمی کی یہی کیفیت تھی ۔جھُلسا دینے والی دھوپ نے اکثر لوگوں کو گھروں میں قید کیے رکھا۔ اس گرمی میں لو لگنے اور دھوپ کے شدید اثرات کی وجہ سے کئی لوگ مختلف بیماریوں میں مبتلا نظر آتے ہیں۔ بعض کو جلدپر خارش اور گرمی دانوں کی شکایت ہے ۔ بعض بخار اور سر درد میں دیکھے گئے ہیں۔ جمعرات کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے اس کی مخلوق پر رحم اور فضل کا سلوک ہوا اور گرم موسم کی شدت میں واضح کمی محسوس ہوری تھی۔ نماز فجر کے وقت تو ہلکی ٹھنڈی ہوا چل رہی تھی۔ لیکن اس کی رفتار میں صبح سات بجے تیزی آگئی اور موسم خوشگوار ہوگیا ۔دوپہر کے وقت بھی تیزی برقرار تھی لیکن لو کی شکل نہیں بنی ، معتدل درجہ کی ہوا نے موسم اچھا کردیا، اس پر مستزاد یہ کہ آسمان پر ہلکے بادلوں کی تہ نے سورج کی شعاعوں کو اپنی لپیٹ میں لیے رکھا ، زمین تک پہنچنے نہیں دیا۔ درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ ۴۱؍اور کم سے کم ۳۱؍درجہ سینٹی گریڈ تھا۔ (ابو سدید)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button