ایشیا (رپورٹس)

جماعت احمدیہ قرغزستان میں جلسہ ہائے یوم خلافت کا انعقاد

(صباح الظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

جماعت احمدیہ بشکیک: اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت قرغزستان کے مرکزی مشن بشکیک (Bishkek) میں مورخہ ۲۶؍مئی ۲۰۲۴ء بروز اتوار بعد از نماز ظہر جلسہ یوم خلافت کا انعقاد کیا گیا۔ جلسے کی کارروائی کا آغاز مکرم الیاس کُباتوف صاحب نیشنل صدر جماعت کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ اس کے بعد خلافت کے حوالے سے حدیث نبویﷺ اور حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی تصنیف لطیف ’’رسالہ الوصیت‘‘ سے اقتباس رشین زبان میں پیش کیا گیا۔ جلسے کی پہلی تقریر صدر مجلس نے ’’خلیفہٴ وقت کی اطاعت و محبت – ایک احمدی کا فرض‘‘ کے موضوع پر رشین زبان میں کی۔ سعید سردار صاحب نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا عربی قصیدہ’’انَّ الصَّحَابَةَ کُلَّھُمْ کَذُکَاء‘‘ ترنم سے پڑھ کر سنایا اور اس کا رشین ترجمہ پیش کیا گیا۔ جلسے کی دوسری و آخری تقریر مکرم سلامت کشتوبائیوف صاحب نیشنل نائب صدر جماعت نے ’’دنیا کے امن و سلامتی کے لیے خلافت احمدیہ کی بین الاقوامی کوششیں‘‘ کے موضوع پرقرغیز زبان میں کی۔ جلسے کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا۔

مستورات نے ایک الگ ہال میں بڑی سکرین پر جلسے کی کارروائی براہ راست دیکھی اور سنی۔ جلسے کے بعد تمام شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

اس جلسے میں ۱۲؍انصار، ۱۷؍خدام، ۱۰؍ممبرات لجنہ اماء اللہ، ۷؍اطفال، ۳؍ناصرات اور ۲؍بچگان شامل ہوئے۔ اس طرح جلسے میں کُل حاضری ۵۱؍ رہی۔

جماعت احمدیہ کاراکول: اسی روز جماعت کاراکول میں جلسہ یوم خلافت کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز دوپہر ڈیڑھ بجے نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد خاکسار کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ بعد ازاں صدر مجلس نے یوم خلافت کی اہمیت بتائی اورخلافت کی بابت حدیث نبویﷺ اور حضرت مسیح موعودؑ کا اقتباس پیش کیا گیا۔ پہلی تقریر مکرم عرمت اسمائیلوف صاحب نے بعنوان ’’خلافت احمدیہ‘‘ رشین زبان میں کی۔ اس کے بعد حضرت خلیفة المسیح الاولؓ کی سوانح کے حوالے سے مختصر معلومات پیش کی گئیں۔ جلسے کی دوسری تقریر مقامی صدر جماعت مکرم ضمیربیگ صاحب نے ’’خلافت احمدیہ – محبت و شفقت کا خزانہ‘‘ کے موضوع پر قرغیز زبان میں کی۔ دعا کے ساتھ جلسے کا اختتام ہوا۔

اس جلسے کی کُل حاضری ۱۳؍رہی۔ جلسے کے بعد تمام شاملین کے لیے کھانے کا انتظام کیا گیا۔

جماعت احمدیہ کاشغَر کشلاق:مورخہ ۳۱؍مئی ۲۰۲۴ء کو اس جماعت کو جلسہ یوم خلافت منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ نماز مغرب کے بعد جلسے کی کارروائی کا آغاز ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور ازبک ترجمہ کے بعد مبلغ سلسلہ غیاث بیگ صاحب نے ’’خلافت احمدیہ اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر ازبک زبان میں تقریر کی۔ جلسے کی دوسری تقریر نیشنل نائب صدر مکرم سلامت کشتوبائیو صاحب نے ’’خلافت کی اہمیت اور اس بارے میں غیروں کے نظریات‘‘ کے موضوع پر قرغیز زبان میں کی۔ جلسے کا اختتام دعا سے ہوا۔

اس جلسے میں ۲۵؍خدام، ۵؍انصار اور ۳؍اطفال نے شرکت کی۔ اس طرح جلسے کی حاضری ۳۳؍رہی۔ جلسے کے بعد تمام شاملین کے لیے کھانے کا انتظام کیا گیا۔

(رپورٹ: صباح الظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button