عالمی خبریں

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… امام جماعت احمدیہ عالمگیر حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ ۲۸؍جون ۲۰۲۴ء کے اختتام پر پاکستان کے احمدیوں، ساری دنیا کے مسلمانوں اور دنیا کی عمومی صورت حال کے لیے دعا کی تحریک فرمائی اور فرمایا کہ جس طرف دنیا جارہی ہے،جنگ تو لگتا ہے اب ضرور ہونی ہے لیکن اللہ تعالیٰ ہر احمدی اور ہر معصوم کو اس کے شر سے محفوظ رکھے۔ تفصیل کے لیے ملاحظہ کریں شمارہ یکم جولائی ۲۰۲۴ء صفحہ اوّل۔

٭… فرانس میں قبل از وقت پارلیمانی انتخابات کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا۔ایگزٹ پول کے مطابق انتہائی دائیں بازو کی جماعت ۳۴؍فیصد ووٹوں کے ساتھ آگے ہے۔بائیں بازو کا پاپولر فرنٹ ۲۸؍فیصد کے ساتھ دوسرے اور صدر میکروں کی جماعت ۲۰؍فیصد ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔۵۷۷؍نشستوں پر مشتمل پارلیمان کے انتخابات کا دوسرا مرحلہ ۷؍جولائی کو ہوگا۔یورپی یونین میں انتہائی دائیں بازو کی جماعت کی فتح کے بعد صدر میکروں نے فرانس میں قبل از وقت انتخابات کا اعلان کیا تھا۔

٭…نائیجیریا کی ریاست بورنو میں مشتبہ خواتین خودکش بمباروں نے متعدد حملے کیے ہیں۔ گووزا قصبے میں شادی، جنازے اور ہسپتال پر کیے گئے حملوں میں اٹھارہ افراد ہلاک اور ۳۰؍زخمی ہو گئے۔حکام نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں بچے، بالغ اور حاملہ خواتین شامل ہیں، حملوں کی ذمے داری کسی گروپ نے ابھی قبول نہیں کی۔بوکو حرام اور اس سے الگ ہونے والا گروپ اسلامک سٹیٹ مغربی افریقہ کے صوبے بورنو میں سب سے زیادہ سرگرم ہیں۔

٭…غزہ شہر میں اسرائیلی فوج کے رہائشی عمارت پر حملے میں تین فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ چوبیس گھنٹوں میں مزید ۴۵؍سے زیادہ فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔دوسری جانب حماس کے جوابی حملوں میں دو اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے۔لبنان میں اسرائیلی ڈرون حملے میں تین حزب اللہ ارکان شہید ہوئے، ایران نے حزب اللہ سے کشیدگی بڑھانے پر اسرائیل کو انتباہ کیا ہے۔اسرائیلی وزیر خارجہ نے جواب میں ایران کو تباہی کا مستحق قرار دے دیا۔اسرائیل میں وزیراعظم نیتن یاہو کی حکومت کے خلاف ہزاروں افراد نے مظاہرہ کرتے ہوئے جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

٭…امریکہ میں ۲۰۲۴ء کے پہلے صدارتی مباحثے میں صدر جو بائیڈن کی مایوس کن پرفارمنس کی وجہ سے اعلیٰ ڈیموکریٹ قیادت اُنہیں بطور صدارتی اُمیدوار تبدیل کرنے کی بات کرنے لگی ہے۔ایک سروے کے مطابق دو تہائی رجسٹرڈ ووٹرز کے خیال میں ری پبلکن اُمیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی مباحثہ جیت لیا، حالانکہ ٹرمپ نے کئی جھوٹ بولے اور کئی سوالات کے جواب نہیں دیے۔۵۷؍ فیصد امریکیوں نے کہا ہے کہ اُنہیں بائیڈن کی صدارت پر اعتماد نہیں ہے، جبکہ ۴۴؍فیصد نے ٹرمپ پر عدم اعتماد ظاہر کیا ہے۔مباحثے کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ سیاسی ہنگامہ آرائی قطعی قبول نہیں ہے۔ اگر الیکشن آزاد قانونی اور شفاف ہوئے تو انہیں قبول کریں گے۔ دونوں امیدواروں نے مہنگائی اور حماس اسرائیل جنگ پر ایک دوسرے کو ذمے دار قرار دے دیا۔

٭…امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے صدارتی انتخابات کی دوڑ سے باہر نکلنے سے صاف انکار کردیا اور کہا وہ ری پبلکن حریف ڈونلڈ ٹرمپ سے اگلا مباحثہ کرنے کے منتظر ہیں۔ پہلے مباحثے میں بعض خامیوں کی وجہ سے بعض ڈیموکریٹس کی جانب سے جو بائیڈن پر تنقید کی جارہی تھی کہ وہ اگلا الیکشن لڑنے کے قابل نہیں اور یہ بھی کہ ان کی عمر شاید اس بات کی اجازت نہیں دیتی کہ وہ اگلے چار سال صدارتی ذمہ داریاں نبھا سکیں گے۔بائیڈن نے کہا کہ جب آپ کو کوئی ناک ڈاؤن کردے تو آپ پھر سے کھڑے ہوتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ انہیں پتا ہے کہ وہ نوجوان نہیں مگر دوڑ میں شریک رہیں گے۔

٭…بھارتی دارالحکومت نئی دلی ایئرپورٹ کے ٹرمنل 1 کی چھت کا کچھ حصہ گرنے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ آٹھ زخمی ہو گئے۔ ٹرمنل 1 کی چھت شدید بارش اور ہوا کی وجہ سے گری جس کے سبب کئی گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں۔ دلی ایئرپورٹ کے علاقے میں تین گھنٹے میں ۱۴۸.۵؍ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ۔

٭…جاپان میں جدید ترین ہولوگرافی پر مشتمل نئے بینک نوٹ ۳؍جولائی سے جاری کیے گئے۔ نوٹوں میں تاریخی شخصیات کے تھری ڈی پورٹریٹ دکھائی دیں گے۔جاپان میں بیس سال میں پہلی بار ڈیزائن کی تبدیلی میں دس ہزار ین، پانچ ہزار ین، اور ایک ہزار ین کے نوٹ پر موجودہ ورژنز کے مقابلے زیادہ بڑے نمبر پرنٹ کیے جائیں گے تاکہ تمام لوگ عمر اور قومیت سے قطع نظر انہیں آسانی سے پہچان سکیں۔نوٹ پر خصوصی نشانات بصارت سے محروم افراد کو چھونے اور بتانے کی سہولت دیں گے کہ وہ کون سا بینک نوٹ رکھے ہوئے ہیں۔

٭…فرانس، سوئٹزر لینڈ اور اٹلی میں شدید طوفان اور بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں مجموعی طور پر سات افراد ہلاک ہو گئے۔ فرانس میں تیز ہواؤں کے باعث کار پر درخت گرنے سے تین افراد ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوا۔سوئٹزر لینڈ میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے مختلف واقعات میں چار افراد ہلاک جبکہ دو لاپتا ہوگئے۔تینوں یورپی ممالک میں شدید طوفان اور بارشوں سے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سینکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا جبکہ خراب موسم کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے، بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button