یورپ (رپورٹس)

سویڈن میں نیشنل تربیتی کلاس کا انعقاد

(رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سویڈن)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سویڈن کو شعبہ تربیت کے تحت مورخہ ۲۲ تا ۲۶؍ دسمبر ۲۰۲۳ء کو ۱۵ تا ۲۵؍ سال کے نوجوانوں اور ممبرات لجنہ اماءاللہ کی نیشنل تربیتی کلاس مسجد ناصر، گاتھن برگ میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس تربیتی کلاس کی کُل حاضری ۱۰۴؍رہی جس میں ۵۸؍نوجوان اور ۴۶؍ممبرات لجنہ اماءاللہ نے شمولیت اختیار کی۔

مکرم ظہیر احمد چودھری صاحب نیشنل سیکرٹری تربیت سویڈن نے تربیتی کلاس کو انٹرایکٹو بنانے کے لیے تربیتی اجلاسات کے علاوہ، ڈسکشن اور سوال وجواب کے اجلاسات بھی رکھے تاکہ شاملین کو زیادہ سے زیادہ اپنے خیالات کے اظہار کا موقع ملے ۔

تربیتی کلاس کے افتتاحی اجلاس میں مکرم آغا یحییٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن نے شرکت کی اور شاملین کو نصائح کیں۔ افتتاحی اجلاس کے بعد تربیتی کلاس کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ اس تربیتی کلاس میں شاملین کو مکرم امیر صاحب اور مربیان کرام کے علاوہ نیشنل سیکرٹریان کے لیکچرز سے مستفیض ہونے کا موقع ملا جس میں مندرجہ ذیل مضامین پڑھائے گئے: قوموں کی اصلاح نوجوانوں کی اصلاح کے بغیر ممکن نہیں، اسلام سویڈش سوسائٹی میں، وقف زندگی کی اہمیت، قرآنی پیشگوئیاں، مسلمانوں کے مسائل اور ان کا حل، اسلام میں شادی، نظام جماعت سے تعلق کے فوائد، مالی نظام کا تعارف، نماز کی اہمیت، جماعت سویڈن کی تبلیغی کاوشوں کا تعارف، حیا کی اہمیت اور وقف عارضی کی اہمیت۔

عمرہ کرنے کے حوالے سے ایک تفصیلی اجلاس ہوا جس میں مبلغ انچارج صاحب سویڈن نے عمرہ کی اہمیت اور طریق کے بارے میں وضاحت کی۔

تربیتی کلاس کے دوران ہر دن کا آغاز نماز تہجد سے کیا جاتا رہا ۔ نوجوانوں نے مشق کےلیے مختلف نمازوں پر باری باری اذان دی ۔ اسی طرح بعض نوجوانوں کو امامت کروانے کا بھی موقع ملا۔ نوجوانوں کی دلچسپی کے لیے سکیٹنگ، باؤلنگ اور ٹیبل ٹینس کھیلنے کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ جبکہ ممبرات لجنہ اماءاللہ نے گوتھن برگ کے تفریحی پارک کا بھی دورہ کیا۔

نوجوانوں کے لیے مبلغین کرام کے ساتھ انفرادی کیریئر کونسلنگ اور تربیتی سیشنز کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ شعبہ وصیت، تعلیم اور رشتہ ناطہ کی طرف سے سٹالز کا بھی اہتمام کیا گیا۔ نوجوانوں نے قریبی قبرستان کا بھی دورہ کیا اور وہاں مدفون احمدیوں کے لیے دعا کی۔ تربیتی کلاس کے موقع پر شاملین کی عمدہ کھانوں سے تواضع کی گئی۔ اس موقع پر شاملین کلاس نے مسجد کے کچن میں کیک بھی بنایا۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی ازراہ شفقت اجازت سے دو مہمان مقررین تربیتی کلاس کے شاملین سے آن لائن مخاطب ہوئے۔ ان میں مکرم چودھری سلطان احمد صاحب کینیڈا نے سوشل میڈیا پر تبلیغ کےموضوع پر تفصیل سے راہنمائی کی جبکہ دوسرے مقرر ڈاکٹر فہیم یونس صاحب تربیتی کلاس کے موقع پر بوجوہ شامل نہ ہوسکے مگر ان کے ساتھ چند دن بعد تربیتی کلاس کے شاملین کا ایک اجلاس ہوا جس میں آپ نے ہستی باری تعالیٰ کے موضوع پر روشنی ڈالی۔

نیشنل تربیتی کلاس کی اختتامی تقریب میں مکرم وسیم ظفر صاحب امیر جماعت سویڈن نے شرکت کی اور شاملین سے مختصر تقریر کی۔ نیز شاملین کو شرکت کی اسناد دی گئیں۔

(رپورٹ: رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button