از مرکز

امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دست مبارک سے جماعت احمدیہ کی مرکزی فارسی ویب سائٹ کا اجرا

٭…اس ویب سائٹ پر حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبات جمعہ نیز پروگرام This Week with Huzoorفارسی سبٹائٹلز کے ساتھ دستیاب ہوں گے

٭…اس ویب سائٹ پر اب تک فارسی زبان میں سلسلہ عالیہ احمدیہ کی اٹھاون کتب اور مختلف موضوعات پر ایک صد نوّے کے قریب مضامین اپلوڈ ہو چکے ہیں

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۲؍جولائی ۲۰۲۴ء کو دوپہر ایک بج کر چالیس منٹ پر حضرت امیرالمومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ایم ٹی اے سٹوڈیوز اسلام آباد میں تشریف لاکر از راہ شفقت جماعت احمدیہ کی مرکزی فارسی ویب سائٹ www.alislamfarsi.org کا افتتاح فرمایا۔ ویب سائٹ کا اجرا فرمانے کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے دعا کروائی۔

اس ویب سائٹ میں مندرجہ ذیل عناوین کے تحت معلومات موجود ہیں:

۱۔اسلام، ۲۔قرآن شریف، ۳۔حدیث، ۴۔امام مہدی و مسیح موعود علیہ السلام، ۵۔خلافت احمدیہ، ۶۔کلام امام، ۷۔لائبریری، ۸۔مضامین، ۹۔اعتراضات کے جوابات، ۱۰۔گیلری، ۱۱۔اخبار، ۱۲۔شرائط بیعت، ۱۳۔ہم سے رابطہ

ویب سائٹ پر فی الحال اٹھاون فارسی کتب اپلوڈ کی گئی ہیں جن میں سے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی چوالیس کتب، خلفائے کرام کی نو کتب اور علمائے سلسلہ کی پانچ کتب شامل ہیں۔

اسی طرح ویب سائٹ پر مختلف موضوعات کے تحت تقریباً ایک صد نوّے مضامین موجود ہیں۔ کوشش کی گئی ہے کہ جماعت احمدیہ کا نقطہ نظر حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفائے کرام کی تحریرات کی روشنی میں تقریباً ہر اہم موضوع کے متعلق پیش کیا جائے۔

اسی طرح جماعت احمدیہ کے عقائد کے حوالے سے روز مرہ جو اعتراضات پیش کیے جاتے ہیں جیسے جماعت احمدیہ انگریز کا خود کاشتہ پودا، جماعت احمدیہ ختم نبوت کی منکر ہے، جہاد کی حقیقت وغیرہ جیسے موضوعات پر سیر حاصل مضامین ویب سائٹ کا حصہ ہیں۔

ویب سائٹ پر حضرت امیرالمومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ہر خطبہ جمعہ کا فارسی ترجمہ، فارسی ایرانی احمدی کی آواز میں اور فارسی سبٹائٹلز کے ساتھ دیا جاتا ہے۔

اسی طرح پروگرام This Week with Huzur بھی فارسی سبٹائٹلز کے ساتھ اپلوڈ کیا جاتا ہے۔

حضرت امیرالمومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے مختلف خطابات کے فارسی تراجم بھی اپلوڈ کیے گئے ہیں۔ مزید برآں ویب سائٹ پر عالمی جماعتی خبریں بھی دی جاتی ہیں۔

یاد رہے کہ حضرت امیرالمومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر ہ العزیز کی شفقت اور توجہ کے نتیجے میں جون ۲۰۲۳ء میں مرکزی فارسی ڈیسک کا قیام ہوا۔حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے ایک ملاقات کے دوران جو ایک ہدایت اس حقیر کو عطا کی وہ دیگر واقفین کے فائدے کے لیے بیان کی جاتی ہے۔حضورِ انور نے ارشاد فرمایا کہ یہاں فارغ نہیں بیٹھنا۔چوبیس گھنٹے کام کرنا ہے۔اللہ تعالیٰ اس عاجزاور سب واقفین کو حضرت امیرالمومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی توقعات کے مطابق کام کرنے کی توفیق عطا کرے۔آمین

اس ویب سائٹ کی منظوری حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے اگست ۲۰۲۳ء میں عطا فرمائی تھی،جس کے بعدمرکزی آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کی مدد اور تعاون سے اس پر کام شروع کیا گیا۔ اس کی سیٹنگ اور فارمیٹنگ میں مکرم اسامہ احمد صاحب اور مکرم نعمان احمد ظفر صاحب نے کام کرنے کی توفیق پائی۔اور اس کے اندر جوکتب اپلوڈ کی گئی ہیں اور مضامین لکھے گئے ہیں،وہ بہت سارے دوستوں کے تعاون سے تیارہوئے ہیں۔اللہ تعالیٰ سب خدمت کرنے والوں کو جزائے خیر عطا کرے۔

امید ہے کہ اگر کوئی سعید فطرت احمدیت کے متعلق تحقیق کرناچاہے گا تو اس کو ضروری معلومات ویب سائٹ سے مل جائیں گی۔اسی طرح فارسی زبان بولنے اور سمجھنے والے احمدیوں کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے بھی اس میں بہت لٹریچر موجود ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس تکمیل اشاعت ہدایت کے زمانے میں بہترین رنگ میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفائے کرام کے پیغام کو سعید فطرت روحوں تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

(رپورٹ: کاشف علی۔ مربی سلسلہ و انچارج فارسی ڈیسک یوکے)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button