جلسہ سالانہیورپ (رپورٹس)

جلسہ سالانہ بیلجیم کا پہلا روز

(چودھری طاہر احمد گِل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

خدا تعالیٰ کے فضل وکرم سے جماعت احمدیہ بیلجیم کو اپنا ۳۰واں جلسہ سالانہ مورخہ ۵تا ۷؍جولائی ۲۰۲۴ء مشن ہاؤس دلبیک برسلز میں منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ الحمد للہ علیٰ ذلک

حضور انور سے جلسہ سالانہ کی منظوری حاصل کرنے کے بعد امیر جماعت احمدیہ بیلجیم ڈاکٹر ادریس احمد صاحب کی جانب سے جلسہ سالانہ کے انتظامات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں مکرم راجہ عبدالطیف صاحب افسر جلسہ سالانہ، مکرم حسیب احمد صاحب مربی سلسلہ افسر جلسہ گاہ اور مکرم آصف بن اویس صاحب (صدر خدام الاحمدیہ) افسر خدمت خلق مقرر کیے گئے جنہوں نے اپنے ذیلی عہدیداران اور کارکنان کے ساتھ مل کر جلسہ سالانہ کے انتظامات مکمل کیے۔

جلسہ کا وقار عمل ایک ہفتہ قبل شروع ہوگیا تھا جس میں مارکیز اور خیمہ جات کی تنصیب، پنڈال کی سجاوٹ وآرائش، سیکیورٹی، لنگر خانہ و دیگر اہم ترین انتظامات شامل تھے۔ ان وقار عمل میں جماعت کی تمام ذیلی تنظیموں کے ممبران شامل ہوئے۔

جلسہ سالانہ کا پہلا روز

آج یعنی ۵؍جولائی بروز جمعۃ المبارک صبح سے ہی معزز مہمانان کرام کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا جن کا شعبہ استقبال کے کارکنان نے استقبال کیا۔ جلسہ سالانہ کی افتتاحی تقریب سے قبل مہمانوں نے دوپہر کے کھانے کے بعد نماز جمعہ ادا کی۔

نمازجمعہ: نماز جمعہ مکرم توصیف احمد صاحب مشنری انچارج بیلجیم نے پڑھائی۔ خطبہ جمعہ میں آپ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے بیان فرمودہ مقاصد جلسہ سالانہ پڑھ کر سنائے۔ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مارکی میں حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا براہ راست خطبہ جمعہ سنا گیا۔                      

تقریب پرچم کشائی: حضور انور کے خطبہ جمعہ کے بعد جماعتی روایات کے مطابق پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ مکرم مشنری انچارج صاحب اور مکرم امیر صاحب نے بالترتیب لوائے احمدیت اور بیلجیم کا قومی پرچم لہرایا۔ پھر امیر صاحب نے دعا کروائی۔ بعد ازاں مجلس خدام الاحمدیہ کے مستعد خدام نے پرچم کی حفاظت کےلیے اپنی ڈیوٹی سنبھال لیں۔

پرچم کشائی کے بعد جلسہ سالانہ کے افتتاحی اجلاس کی کاروائی کا باقاعدہ آغاز ہوا جس کی صدارت مکرم امیر صاحب نے کی۔ تلاوتِ قرآن کریم کی سعادت مکرم حافظ عطاء اللہ صاحب نے حاصل کی جبکہ مکرم طارق حسین صاحب نے نظم پڑھنے کی توفیق پائی۔ جلسے کی افتتاحی تقریر میں مکرم امیر صاحب نے سیرت امام الزمان ہمارے لیے مشعل راہ کے موضوع پر انتہائی پُر مغز تقریر کی جس میں آپ نے حضورؑ کی درخشندہ و روشن اسوہ ٔ حسنہ کے متعلق تفصیل سے روشنی ڈالی۔

 اجلاس کی دوسری تقریر مکرم آصف بن اویس صاحب مربی سلسلہ و صدر خدام الاحمدیہ نے وصیت اور نظام نو پر کی جس میں انہوں نے احبابِ جماعت کو اس کے ثمرات و فوائد کی طرف توجہ دلاتے ہوئے خلفائے احمدیت کی زرّیں ہدایات پیش کیں۔ تیسری تقریر پریزنٹیشن کی صورت میں مکرم نبیل احمد صاحب نیشنل سیکریٹری تعلیم نے ’’دنیا کے حالات حاضرہ کے تناظر میں جماعتی لائحہ عمل‘‘ کے بارہ میں کی۔ اس کے بعد اس اجلاس اور جلسہ سالانہ بیلجیم کے پہلے روز کی کارروائی اختتام پذیر ہوئی۔

اللہ تعالیٰ ہمیں جلسہ سالانہ کی برکات اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی دعاؤں کا وارث بنائے۔آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button