مجلس انصاراللہ برطانیہ کے مسرور ریجن کے ریجنل اجتماع کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کےفضل سے مجلس انصاراللہ برطانیہ کے مسرور ریجن کا ریجنل اجتماع مورخہ ۲؍جون ۲۰۲۴ء کو ڈینٹری سکول ایپسم میں منعقد ہوا۔ مقام اجتماع کو خوبصورت رنگین پوسٹرز اور بینرز سے سجایا گیا تھا۔ شرکاء کے لیے ناشتے کے علاوہ دوپہر اور رات کے کھانے کا بھی بہت عمدہ انتظام تھا۔ اجتماع میں ۲۱۳؍انصار حاضر ہوئے جبکہ ۱۱؍مہمان بھی تشریف لائےتھے۔
افتتاحی اجلاس کا آغاز مولانا عطاءالمجیب راشد صاحب امام مسجد فضل لندن کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم، نظم اور عہد سے ہوا۔ بعد ازاں صدر اجلاس نے قرآن کریم کی تعلیمات کی روشنی میں ’’عباد صالحین‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ امسال مجلس انصاراللہ برطانیہ کا یہی نصب العین مقرر کیا گیا ہے۔ مکرم شکیل احمد بٹ صاحب نائب صدر مجلس انصار اللہ برطانیہ نے کارڈف مسجد کی تعمیر کے لیے مالی قربانی پیش کرنے کی اہمیت بیان کی اور انصار سے اس کے لیے وعدہ جات کرنے کی اپیل کی۔
بعدہٗ علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے جن میں تلاوت قرآن کریم، نظم، اردو اور انگریزی میں تقریر اور فی البدیہ تقریر کے مقابلہ جات شامل تھے۔ چند ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے جن کے بعد نماز ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں۔
اختتامی اجلاس کی صدارت مکرم صاحبزادہ مرزا وقاص احمد صاحب صدر مجلس انصاراللہ برطانیہ نے کی۔ تلاوت قرآن کریم و نظم کے بعد مکرم فرید احمد صاحب ناظم اعلیٰ اجتماع نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی جس کے بعد صدر مجلس نے انعامات تقسیم کیے اور اپنی تقریر میں حضرت مسیح موعودؑ کے چند ایمان افروز واقعات بیان کرکے خلافت احمدیہ سے اپنا زندہ تعلق پیدا کرنے کی اہمیت بیان کی۔ دعا کروانے سے قبل آپ نے مجلس انصاراللہ کا عہد دہرایا جس کے بعد اجتماع کا اختتام ہوا۔
(رپورٹ:منصور احمد۔ ناظم عمومی مسرور ریجن)