آسٹریلیا (رپورٹس)جلسہ سالانہ

۳۶ویں جلسہ سالانہ آسٹریلیا کا افتتاح

(ثاقب محمود عاطف۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل آسٹریلیا)

آسٹریلیا بھر کے علاوہ ۱۳ ممالک سے مہمانوں کی جلسہ سالانہ آسٹریلیا میں شرکت

بک اسٹال، جنرل نمائش اور قرآن کریم کے مختلف تراجم کی نمائش کا اہتمام

(۱۲؍جولائی ۲۰۲۴ء، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) اللہ تعالیٰ کے فضل سے آج سے جماعت احمدیہ آسٹریلیا کے ۳۶؍ویں جلسہ سالانہ کا آغاز بمقام گرینڈ پویلین، روز ہل گارڈنز، سڈنی (Grand Pavilion, Rosehill Gardens, Sydney) ہوا۔

نماز جمعہ کی ادائیگی جلسہ گاہ کے ملحقہ ہال میں مکرم انعام الحق کوثر امیر جماعت آسٹریلیا کی اقتدا میں ہوئی۔

تقریب پرچم کشائی: نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ مکرم امیر صاحب آسٹریلیا نے لوائے احمدیت جبکہ مکرم ناصر کاہلوں صاحب (نائب امیر اول) اور مکرم محمد خلیل شیخ صاحب (نائب امیر دوم) نے آسٹریلیا کا پرچم لہرایا۔ بعد ازاں امیر صاحب نے اجتماعی دعا کروائی۔

جلسہ سالانہ کا پہلا اجلاس

تقریباً اڑھائی بجے جلسہ سالانہ آسٹریلیا ۲۰۲۴ء کے پہلے اجلاس کا آغاز مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت ہوا۔ مکرم وقار احمد ناصر صاحب نے تلاوت قرآن کریم کی اور اس کا اردو اور انگریزی ترجمہ مکرم عطاالکریم گوہر صاحب نے پیش کیا۔ پھر مکرم سید انعام اللہ صاحب نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا منظوم فارسی کلام پیش کیا جس کا ترجمہ مکرم ڈاکٹر ابرار چغتائی صاحب نے پڑھ کر سنایا۔ بعدہ مکرم امتیاز احمد نوید صاحب مربی سلسلہ نے حضرت مسیح موعود کا منظوم اردو کلام ’’ہے شکر رب عزوجل خارج از بیاں‘‘ پیش کیا۔

اس اجلاس کی پہلی تقریر مکم محمد عطا ربی ہادی صاحب مربی سلسلہ نے ’’نیکی اور تقویٰ کی طرف مل کر قدم بڑھانا‘‘ کے موضوع پر انگریزی میں کی۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے افتتاحی تقریر کی جس میں آپ نے جلسہ کی غرض وغایت بیان کی اور حضرت مسیح موعودؑ نے شاملین جلسہ کے لیے جو دعائیں کی ہیں ان کا ذکر کیا اور اجتماعی دعا کروائی۔

اجلاس کی بقیہ کارروائی مکرم شریف الدین بن بجنگ صاحب (Saripudin bin Bujing) امیر جماعت احمدیہ ملائشیا کی صدارت میں جاری رہی۔ مکرم رضی الرحمن صاحب نے حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کا منظوم کلام پیش کیا۔ اس کے بعد مکرم ڈاکٹر منور رانا صاحب نے’’اسلام میں خدا کا تصور‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ مکرم انعام الحق علوی صاحب نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی بنی نوع انسان کے لیے محبت کے موضوع پرتقریر کی۔ مکرم عبداللہ شفیق صاحب نےدرثمین سے نظم پیش کی جس کا انگریزی ترجمہ مکرم دانش خان صاحب صدر جماعت Parramatta نے پیش کیا۔ اس اجلاس کی آخری تقریر مکرم ڈاکٹر تنویر عارف صاحب (نائب امیر جماعت آسٹریلیا) نے ’’بنی نوع انسان کا مستقبل‘‘ کے موضوع پر انگریزی میں کی۔

اس اجلاس کے بعد نماز مغرب وعشاء ادا کی گئیں اور مہمانوں کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔ پہلے دن کی حاضری ۲۵۷۰ تھی۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button