افریقہ (رپورٹس)

کینیا کے ممباسہ ریجن کی جماعت زوونی (NZOVUNI) میں معلم ہاؤس کا افتتاح

(محمد افضل ظفر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کینیا)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال جماعت احمدیہ کینیا کو ممباسہ ریجن کی جماعت زوونی (NZOVUNI) میں ایک خوبصورت معلم ہاؤس تعمیر کرنے کی توفیق ملی ہے۔ زوونی میں جماعت کا پیغام ۱۹۹۹ء میں پہنچاتھا اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلد ہی وہاں ایک مضبوط جماعت قائم ہو گئی۔ مکرم سالم لیوا صاحب اور مکرم عثمانی بیجا صاحب یہاں کے اولین احمدیوں میں سے ہیں۔ انہوں نے ایک ایکڑ کا پلاٹ مسجد کی تعمیر کے لیے جماعت کو پیش کیا جس پر ۲۰۱۱ء میں مسجد تعمیر کی گئی اور معلم کی رہائش کے لیے نزدیک ہی کرایہ پر ایک مکان حاصل کیا گیا۔ اس سال مسجد کے پلاٹ میں ہی سٹنگ روم،دوبیڈرومز،کچن اور باتھ رومز پر مشتمل ایک خوبصورت پختہ مشن ہاؤس مکرم بشارت احمد طاہر صاحب ریجنل مبلغ ممباسہ کی زیر نگرانی تعمیر کیا گیا ہے جس کے لیے بجلی اور پانی کے کنکشنز حاصل کرنے کے لیے کارروائی جاری ہے۔ مسجد اور معلم ہاؤس میں بجلی کی وائرنگ کر دی گئی ہے اور ڈش انٹینا نصب کر کے ٹی وی بھی مہیا کردیاگیا ہے۔ جونہی بجلی کا کنکشن مل جائے گا تو جماعت ہذا کو ایم ٹی اے کی سہولت بھی میّسر ہو جائے گی ان شاءاللہ العزیز۔ مسجد اور معلم ہاؤس کی حفاظت کا بھی خاطر خواہ بندوبست کیا گیا ہے۔

اس نو تعمیر شدہ معلم ہاؤس کا افتتاح مکرم ناصر محمود طاہر صاحب امیر ومشنری انچارج کینیا نے ریجنل انچارج و دیگر احباب جماعت کی معیت میں مورخہ ۷؍جون ۲۰۲۴ء بروز جمعۃ المبارک قبل از نماز جمعہ کیا۔ اس موقع پر مقامی اور اردگرد کی احمدی جماعتوں کے احباب،سرکاری عہدیداران اور معززین علاقہ کی بڑی تعداد شامل ہوئی۔ اس تقریب کے لیے مسجد کے احاطہ میں ایک بڑا خیمہ نصب کیا گیا تھا۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہو ا جس کے بعد منظو م کلام پیش کیا گیا۔ بعدہٗ مقامی جماعت کے صدر صاحب نے مکرم امیر صاحب اور دیگر مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ ریجنل مبلغ مکرم بشارت احمد طاہر صاحب نے معلم ہاؤس کی تعمیر کی رپورٹ پیش کی جس کے بعد لوکل چیف،ولیج ایلڈر اور دیگر احباب نے بھی موقع کی مناسبت سے اظہار خیال کیا۔ آخر میں مکرم امیر صاحب نے اپنی مختصر تقریر میں احمدیہ مساجد اور مشن ہاؤسز کی تعمیر کے مقاصد اور اس علاقے میں جماعت احمدیہ کی اعلائے کلمۃ اللہ کے سلسلہ میں مساعی کا ذکر کرنے کے بعد فیتہ کاٹ کر اور تختی کی نقاب کشائی کرکے معلم ہاؤس کا باقاعدہ افتتاح کیا اور دعا کروائی۔ نماز جمعہ کے بعد حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا اور تقریب بخیروخوبی اختتام پذیر ہوئی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک

(رپورٹ: محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button