متفرق

ربوہ کا موسم(۵تا ۱۱؍جولائی ۲۰۲۴ء)

اس ہفتہ کے موسم کا استقبال موسلا دھار بارش نے کیا ۔ ۵؍جولائی جمعۃ المبارک کے دن نماز فجر کے وقت آسمان پر بادل چھائے ہوئے تھےاور ٹھنڈی ہوا چل رہی تھی ،دیکھتے ہی دیکھتے بادلوں میں چمک نمودار ہوئی ، صبح ۶بجے، پہلے تیز ہوا چلی پھر تیز بارش شروع ہوگئی ۔ طوفان ِبادو باراں کا یہ سلسلہ ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہا اور جل تھل ایک ہوگیا۔ اس بارش سے گرم ٹمپریچر میں کمی واقع ہوگئی ۔ زیادہ سے زیادہ ۳۶؍ اور کم سے کم ۲۶؍درجہ حرارت نوٹ کیا گیا۔بارش کے بعد ہلکی ٹھنڈی ہوا چلتی رہی نصف شب کے وقت اس کی رفتار میں تیزی آگئی ۔ ہفتہ کے دن بھی صبح نو بجے ربوہ اور اس کے مضافاتی علاقوں میں موسلا دھا ر بارش ہوئی گذشتہ دن کی نسبت یہ بارش زیادہ تیز تھی اور دیر تک ہوتی رہی۔ اس کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا اور اکثر سڑکیں زیر آب آگئیں۔بارانِ رحمت سے گرمی کا مزید زور ٹوٹ گیا۔اتوار کو دن کے وقت ہلکی ٹھنڈی ہوا چلتی رہی۔ آسمان کی سائیڈوں پر بادل دیکھے گئے ہوا بھی چلتی رہی لیکن موسم خشک رہا۔ شام کے وقت ہوا بند ہوگئی اور حبس بن گیا۔ سوموار کو صبح سے ہی ہلکی ٹھنڈی ہوا چل رہی تھی۔ مطلع جزوی طور پر ابر آلود تھا، گرمی کافی تھی شام کو حبس ہوگیا۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۳۷؍ اور کم سے کم ۲۹؍درجہ سینٹی گریڈ تھا۔ منگل اور بدھ کو موسم ایک جیسا تھا۔صبح کے وقت ہوا چلتی رہی۔ بدھ کو دوپہر کے وقت ہلکی آندھی آئی اور ٹھنڈ ی ہوا بھی رواں دواں رہی۔ جمعرات کو کافی گرمی تھی۔ شام کے وقت حبس بھی ہوگیا۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۴۰؍سے اوپر نکل گیا۔(ابو سدید)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button