بینن کے ریجن کانڈی میں تقریب آمین
بینن کے تمام ریجنز میں تعلیمی و تربیتی کلاسز کا باقاعدگی سے انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلہ کی ایک کڑی ریجن کانڈی میں منعقد کی جانے والی تقریب آمین ہے۔ ریجن کانڈی کے مبلغ سلسلہ مکرم واتارا ادریس (Ouattara Idriss)صاحب کی رپورٹ کے مطابق جہاں ریجن کی دیہاتی جماعتوں میں قرآن کلاسز کا انعقاد کیا جارہا ہے وہاں کانڈی شہر میں بھی باقاعدگی سے یسرناالقرآن اور قرآن کریم ناظرہ کی کلاسز کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلہ میں مزید بہتری لانے کے لیے والدین کی رضامندی اور خواہش کے مطابق بچوں کی رہائش کا انتظام بھی مشن ہاؤس میں کیا گیا۔ جہاں ان کی قرآن کریم ناظرہ و دیگر تربیتی کلاسز کا باقاعدگی سے اہتمام کیا گیا۔
چنانچہ مورخہ ۱۸؍مئی ۲۰۲۴ء کو محترم محمد لقمان بصیرو صاحب امیر صاحب بینن کی زیرِ صدارت ایک تقریب تقسیم اسناد برائے آمین کا انعقاد کیا گیا جس میں محترم امیر صاحب نے درج ذیل ۷ طلبہ سے قرآنِ کریم ناظرہ سن کران میں اسناد تقسیم کیں۔
Wassou kabirou (واسّو کبیر)، Wassou abdou rahmane (وسّو عبد الرحمٰن)، Wassou tidjani (وسّو تیجانی)، Wassou ilyasou (وسّو الیاس)، Lankoande mobachirou (لانکوانڈے مبشر)، Lankoande Mahmoud (لانکوانڈے محمد) اور Sidi oumarou (سیدی عمر)۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان تمام طلبہ کے لیے یہ اعزاز مبارک فرمائے اور انہیں قرآنِ کریم کی باقاعدگی سے تلاوت کرنے والا اور اس پر عمل کرنے والا بنائے۔ آمین
اس پروگرام کا انعقاد کانڈی شہر کی ریجنل مسجد میں ہوا جس میں ۱۲۰ احباب و خواتین نے شمولیت کی۔ اللہ تعالیٰ تمام شاملین کی صحت و عمر میں برکت عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:مرزا فرحان احمد بیگ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)