یورپ (رپورٹس)

پراسٹیو، ڈنمارک کے ایک میلہ میں تین روزہ تبلیغی سٹال

(محمد اکرم محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل ڈنمارک)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ ڈنمارک کو امسال مورخہ ۱۰ تا ۱۲؍ مئی ۲۰۲۴ء پراسٹیو شہر میں منعقد ہونے والے میلے میں تبلیغی سٹال لگانے کی توفیق ملی۔

پراسٹیو ایک چھوٹا قصبہ ہے جس کی آبادی تین ہزار ۸۹۳؍افراد پر مشتمل ہے اور یہ قصبہ کوپن ہیگن سے ۹۳؍ کلومیٹر کی مسافت پر واقع ہے۔ ۲۰۱۰ء میں پہلی بار اس شہر میں فرنچ بہار کے نام سے ایک میلہ منعقد کیا گیا۔ اس سے قبل ۱۹۵۰ء میں اسی قسم کا ایک میلہ منعقد کیا گیا تھا جس کا پیرس مرکزی موضوع تھا جس میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی لیکن ۲۰۱۰ء سے ایک نئی شکل میں اس کو ہر سال اس چھوٹے سے شہر میں منعقد کیا جاتا ہے۔ گذشتہ سال ۴۰؍ہزار لوگوں نے اس میلے میں شرکت کی اور اس میں دوسرے ممالک سے بھی لوگ اپنا سٹال لگاتے ہیں۔ شہروں کی گلیوں میں فرنچ جھنڈے نصب کیے جاتے ہیں اور فرنچ زبان میں مختلف بینرز لگائے جاتے ہیں۔

امسال پہلی بار جماعت احمد یہ ڈنمارک کو اس میلے میں جماعتی سٹال لگانے کی توفیق ملی جس میں قرآن کریم اور دیگرجماعتی کتب ڈینش زبان میں رکھی گئی تھیں۔ اسی طرح فرنچ اور ڈینش زبان میں ایک بیج تیار کرکے لوگوں میں تقسیم کیا گیا جس پر ’محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں‘ درج تھا۔ کئی لوگوں نے جماعتی سٹال کا دورہ کیا اور قرآن کریم کے نسخے خریدے۔ اسی طرح جماعتی تعارف پر مبنی فولڈر بھی تقسیم کیا گیا۔ ایک صاحب نے قرآن کریم کو دیکھ کر بڑے تعجب سے کہا کہ میں پہلی بار قرآن کریم کو دیکھ رہا ہوں اور بڑے شوق سے قرآن کریم کو کھول کر پڑھا اور پھر ایک نسخہ خرید لیا۔

الحمدللہ تین دن سٹال پر نو خدام اور انصار نے مختلف اوقات میں تبلیغی خدمات سر انجام دیں۔ اللہ تعالیٰ تمام شاملین کو جزائے خیر عطا فرمائے ۔ آمین

(رپورٹ: محمد اکرم محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button