حالاتِ حاضرہ

سپورٹس بلیٹن

فٹبال:یوروپین فٹبال چیمپئن شپ۲۰۲۴ءکے فائنل میں سپین نے انگلینڈ کو ۲۔۱؍سے شکست دے کر چوتھی مرتبہ یورو کپ کا ٹائٹل جیت لیا۔جرمنی کے شہر برلن میں کھیلے گئےفیصلہ کن میچ کےپہلے ہاف میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا ۔دوسرے ہاف کے آغاز میں نکوویلیمز(Nico Williams) نے گول کرکے سپین کو برتری دلادی۔جس کے بعدمیچ کے۷۳وَیں منٹ میں انگلینڈ کے کول پالمر(Cole Palmer) نے گول کرکے مقابلہ برابرکردیا۔میچ کےآخری لمحات میں سپینش کھلاڑی Mikel Oyarzabal نے دوسرا اور فیصلہ کن گول کرکے اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔انگلش ٹیم کومسلسل دوسری مرتبہ یوروپین چیمپئن شپ کے فائنل میں شکست کاسامناکرناپڑا۔ سپین کے مڈفیلڈرRodriکوٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔ قبل ازیں پہلےسیمی فائنل میں سپین نے فرانس کے خلاف ۲۔۱ سے کامیابی حاصل کرکےبارہ سال بعد یورو کپ کے فائنل میں جگہ بنائی تھی ۔اس میچ میں ہسپانوی فٹبالر لیمائن یمال(Lamine Yamal)نے سولہ سال اور ۳۶۲؍دن کی عمر میں گول کرکے یوروکپ کی تاریخ میں گول سکور کرنے والے کم عمرترین کھلاڑی کا اعزازحاصل کیا۔

کوپا امریکہ فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں ارجنٹینا نے کولمبیا کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر مسلسل دوسری اور مجموعی طور پر سولہوِیں مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔میامی میں ہونے والے میچ میں ارجنٹینا کی طرف سے واحدگول اضافی وقت میں Laurato Martinezنے کیا۔میچ کے دوسرے ہاف میں ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی انجری کا شکار ہوکرگراؤنڈ سے باہر چلے گئے تھے تاہم ان کی غیر موجودگی میں ارجنٹیناکی ٹیم فتح سے ہمکنارہوئی۔

کوپا امریکہ میں تیسری پوزیشن کے میچ میں یوروگوائے نے کینیڈاکو پنلٹی شوٹس پر۴۔۳؍سے شکست دی۔دونوں ٹیموں نے مقررہ وقت میں ۲۔۲؍گول سکور کیے تھے۔

ٹینس: سپین کے کارلوس الکاریز نے سربیا کے نوواک جوکووِچ کو تین سیٹس میں ہراکرلگاتاردوسری بار ومبلڈن چیمپئن شپ جیت لی۔مینز سنگلز کے فائنل میں دفاعی چیمپئن۲۱سالہ ہسپانوی کھلاڑی کارلوس الکاریز سات مرتبہ ومبلڈن گرینڈسلیم جیت چکے، مایہ ناز کھلاڑی نوواک جوکووِچ کو۶۔۲، ۶۔۲ اور۷۔۶کے اسکور سے شکست دی۔

ومبلڈن چیمپئن شپ کا ویمنز سنگلز جمہوریہ چیک کی باربورہ کریچی کووا نے جیت لیا۔ فائنل میں کریچی کووا نے اٹلی کی جیسمین پولینی کے خلاف ایک کے مقابلہ میں دوسیٹس سے کامیابی حاصل کی۔

کرکٹ:عالمی چیمپئن بھارت اور زمبابوے کے مابین پانچ ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میچزکی سیریز۴۔۱؍سے بھارت نے جیت لی۔ سیریزکے پہلے میچ میں میزبان زمبابوے نے نوجوان کھلاڑیوں پرمشتمل بھارتی ٹیم کو۱۳؍رنزسے شکست دے دی۔ہرارے میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نےمقررہ ۲۰؍اوورز میں ۹؍وکٹوں کے نقصان پر۱۱۵؍رنزبنائے۔ جواب میں بھارتی ٹیم ۱۰۲رنزبناکرآؤٹ ہوگئی۔دوسرے ٹی ٹوینٹی میں بھارت نے دووکٹوں کے نقصان پر۲۳۴؍رنز بنائے۔ ابھیشک شرمانے ۴۷؍گیندوں پر شاندار ۱۰۰؍رنز کی اننگز کھیلی۔ ہدف کےتعاقب میں زمبابوے کی پوری ٹیم ۱۳۴؍کے سکورپرڈھیرہوگئی۔ اسی طرح تیسرے میچ میں بھی بھارتی ٹیم نے ۲۳؍رنزسے کامیابی حاصل کی۔ چوتھے ٹی ٹوینٹی میں زمبابوے نے ۱۵۳؍رنزکا ہدف دیا جوکہ بھارت نے بغیرکسی وکٹ کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا۔پانچویں اور آخری مقابلے میں بھی زمبابوے کو۴۲؍رنزسے شکست کاسامنا کرنا پڑا۔ اس میچ میں ایک گیند پر۱۳؍رنز بناکر بھارت نے منفرد ریکارڈ بنا یا۔میچ کی پہلی گیند پرزمبابوے کے کپتان سکندررضا کو بھارتی اوپنرجیسوال نے چھکالگایا اوریہ نوبال قراردی گئی، چنانچہ اگلی ہی گیند پرجیسوال نے ایک اور چھکا لگاکرٹیم کا سکور۱۳؍تک پہنچادیا۔اس سیریز کے بہترین کھلاڑی بھارت کے آل راؤنڈر واشنگٹن سندر قرارپائے۔

(ن م طاہر)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button