پیغام حضور انور

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا دوسرے نیشنل سالانہ اجتماع وقفِ نو ملائیشیا ۲۰۲۴ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آپ کو اپنے نیشنل وقفِ نو کے اجتماع میں شرکت کا موقع ملا ہے۔ میں امید کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ آپ نے جو بھی مثبت اور فائدہ مند چیزیں سیکھی ہیں وہ آپ کی زندگی کامستقل حصہ بن جائیں۔

کسی بھی قوم یا مذہب کی ترقی اور بھلائی کے لیے یہ بات سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے کہ اس کے نوجوان اعلیٰ اخلاق کے حامل ہوں اور تعلیم یافتہ ہوں۔ تاہم آج کی دنیا، حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے زمانے کی طرح، اخلاقی الجھنوں اور روحانی تاریکی میں ڈوبی ہوئی ہے۔ایسے میں یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ امن اور راستبازی کی راہ کو روشن کرنے کے لیے آپ روشنی کی کرن ثابت ہوں۔

یاد رکھیں، آپ ایک مقدس عہد کے وارث ہیں، ایک ایسی زندگی جو اسلام احمدیت کی خدمت کے لیے وقف ہے۔ یہ عہد محض الفاظ کا متقاضی نہیں۔ بلکہ یہ آپ سے اپنے عمل، ثابت قدمی، اور زندگی کے ہر پہلو میں اسلام کی حقیقی روح کو ظاہر کرنے کے لیے غیر متزلزل عزم کا تقاضا کرتا ہے۔

قرآن پاک آپ کا لائحہ عمل ہونا چاہیے جو زندگی کی مشکلات میں آپ کی راہنمائی کرتا ہے۔ اس خدائی حکمت کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی روشن تحریروں اور خلیفہ وقت کے ساتھ گہرے تعلق کے ذریعہ سمجھنے کی کوشش کریں۔

آپ کو ہر وقت موجودہ ڈیجیٹل زمانے کے ناقبل تردید خطرات سے چوکنا رہنا چاہیےجو ہر طرف بے حیائی پھیلا رہا ہے۔ تاہم ان چیلنجوں کا مقابلہ خوف سے نہیں، بلکہ تقویٰ کی ڈھال، سچی راستبازی سے کرنا چاہیے۔ جس طرح حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی بہن نے غیر متزلزل ایمان اور جرأت کا مظاہرہ کیا، اسی طرح آپ کو بھی اپنے عقائد پر ثابت قدم رہنا چاہیے، اپنے اسلامی تشخص کو فخر کے ساتھ ظاہر کرنے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹنا چاہیے۔

بحیثیت وقف نو آج کے علمی میدان جنگ میں آپ کی تعلیم آپ کا ہتھیار ہے۔اس لیے اپنے منتخب شعبہ جات میں آگے سے آگےبڑھنے کی کوشش کریں، کیونکہ اپنی کامیابیوں سے آپ عزت حاصل کریں گے اور اسلام احمدیت کے پُرامن پیغام کے سفیر بنیں گے۔

بھائی چارے اور باہمی تعاون کے جذبے کو جماعت کے باہمی تعامل کا بنیادی ستون بنائیں۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ابتدائی صحابہ رضی اللہ عنہم کی قربانیوں کو یاد رکھیں۔ان میں مرد اور خواتین دونوںنے اپنی زندگیاں اسلام کے پرچم کو سربلند کرنے کے لیے وقف کر دیں۔ ان کا غیر متزلزل ایمان اور لگن آپ کو روحانی بلندیوں کے لیے جدوجہد کرنے اور معاشرے کی اخلاقی اصلاح میں اپنا حصہ ڈالنے کا باعث بنے۔

میں دعا کرتا ہوں کہ یہ اجتماع آپ کی روحانی نشوونما کے لیے ایک راہنما کے طور پر کام کرے، آپ کے دلوں کو نئے جوش اور عزم کے ساتھ جوش و جذبے سے ہمکنار کرے۔ اللہ تعالیٰ آپ پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے، آپ کو ملائیشیا اور اس سے باہر احمدیت کے روشن مینار بننے کی طاقت اور ہمت عطا فرمائے۔ آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button