از مرکزجلسہ سالانہیورپ (رپورٹس)

حدیقۃ المہدی ضیوف مہدی کا منتظر ہے۔ جلسہ گاہ مستورات سے ایک رپورٹ

جلسہ گاہ مستورات

(رپورٹ: سائحہ معاذ۔ شعبہ رپورٹنگ مستورات۔ جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۴)

اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سےجماعت احمدیہ برطانیہ کو اپنا ۵۸جلسہ سالانہ۲۶تا ۲۸جولائی ۲۰۲۴ء حدیقة المہدی میں منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔الحمد للہ

ایک بار پھر ہیمپشئیر کے اس وسیع و عریض باغیچے میں آمد بہار ہے۔ ہر طرف تابناک چہروں اور جذبوں کا سمندر ہے۔ ہر ایک سُو روحانی طیور کی چہک ہے۔ کل شام سے حدیقۃ المہدی میں ہلکی بارش اور پھوار کا سلسلہ جاری ہے جس سے سبزہ اور بھی نکھر گیا ہے۔ کارکنات کو موسم کی خرابی کے باعث مشکلات کا سامنا بھی ہے لیکن چہروں پر کسی دقّت کے آثار نہیں۔

جلسہ گاہ مستورات

امیرالمومنین حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے خطبہ جمعہ فرمودہ ۱۹؍جولائی ۲۰۲۴ء میں جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۴ء کے بابرکت ہونے کے لیے دعاؤں کی تحریک کرتے ہوئے فرمایا:

’’اگلے جمعہ انشاء اللہ برطانیہ کا جلسہ سالانہ بھی شروع ہوگا۔ اس کے لیے بھی دعا کریں۔ اللہ تعالیٰ ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے اور تمام کارکنان کو اعلیٰ اخلاق دکھاتے ہوئے اور قربانی کے جذبہ سے اپنے فرائض ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ جو مہمان آئے ہیں ان کو بھی اپنی حفاظت میں یہاں رکھے۔ جو سفر میں ہیں، آنےکی تیاری میں ہیں، سفر شروع کرنے والے ہیں، جنہوں نے بھی آںا ہے سب پر اللہ تعالیٰ فضل فرمائے، ان کو حفاظت سے لے کر آئے۔‘‘

جلسہ سالانہ مستورات کا پروگرام اور انتظامات امیرالمومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اجازت اور منظوری کے بعد  سال کے اوئل سے ہی شروع ہو جاتے ہیں۔ افسر جلسہ سالانہ مکرم ناصر خان صاحب اور مکرم رفیق احمد حیات صاحب امیر جماعت احمدیہ برطانیہ کی زیر ہدایت اور نگرانی جلسہ سے چند ماہ قبل ہی لجنہ جلسے کی تیاری شروع کر دیتی ہیں۔ مستورات کے جلسے میں ناظمہ اعلیٰ مکرمہ ڈاکٹر قرۃ العین رحمان صاحبہ نیشنل صدر لجنہ اماءللہ برطانیہ کے زیر نگرانی ۱۳ نائب ناظمہ اعلیٰ کام کر رہی ہیں۔ امسال جلسہ مستورات کے انتظام کے لیے کل ۸۹ نظامتوں کا قیام کیا گیا ہے اور ان شعبہ جات میں کل ۵۰۰۰کارکنات رضاکارانہ طور پر خدمت کی توفیق پا رہی ہیں۔

امسال حدیقۃ المہدی میں آنے والے راستوں میں ایک نئے گیٹ کا اضافہ کیا گیا ہے جس سے ٹریفک کا نظام بہتر طور سے  رواں رہنے کی توقع ہے۔ اراضی کا ایسا علاقہ بھی زیر استعمال لایا جا رہا ہے جو گزشتہ سالوں میں زیر استعمال نہیں تھا نیز انتطامات مزید بڑے پیمانے پر کیے گئے ہیں۔ چونکہ حدیقۃ المہدی میں network coverage کے مسائل سے گزشتہ سالوں میں مہمانوں کو رابطوں میں تکلیف ہوتی تھی اس لیے امسال وائی فائی کا انتظام بھی کیا گیا ہے جس سے امید ہے کہ whatsapp میسیج اور وائی فائی کال کی جاسکے گی۔ ایک نئے what3words App کے استعمال سے جلسے سے واپسی  پر مہمان بغیر  mobile data کے بآسانی اپنی گاڑیوں تک پہنچ سکیں گے۔

الحمدللہ تمام انتظامات اپنے عروج پر ہیں، تمام شعبہ جات انتظامات کے آخری  مراحل پر ہیں، خدمت کےجوش اور ولولے سے ماحول تابناک ہے اور حضور انور ایَّدہ اللہ تعالیٰ کے بابرکت معائنے کے لیے کارکنات چشم برا ہ ہیں۔ حدیقةالمہدی ضیوف مہدی کا منتظر ہے۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button