از مرکز

نمائش بابت ’سفر یورپ ۱۹۲۴ء‘ ازشعبہ تاریخ جماعت احمدیہ یوکے بر موقع جلسہ سالانہ یوکے۲۰۲۴ء

حضرت مصلح موعود خلیفة المسیح الثانیؓ کے۱۹۲۴ء میں کیے گئے دورہ انگلستان کے سو سال پورے ہونے پر یوکے جماعت کو پورا سال اس تاریخی سفر کے متعلق حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے کئی پروگرام منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے ، جس میں جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۴ء نیز سارا سال مسجد بیت الفتوح اور مسجد فضل لندن میں اس مبارک دورہ کی یاد میں ایک نمائش کا انعقاد کیا جائے گا۔علا وہ ازیں اس سفر کے حوالے سے ایک کتاب شائع کی جارہی ہے جس کا عنوان:The Islamic Renaissance: The Historic Journey of Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad, Khalifatul Masih IIra, in 1924 یعنی ’’اسلام کی نشأة ثانیہ : حضرت مرزا بشیر الدین محمود احمد، خلیفۃ المسیح الثانیؓ کا تاریخی دورہ انگلستان‘‘ رکھا گیا ہے۔ اس کتاب میں حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا بابرکت پیغام بھی شامل ہے جو یقیناً احباب جماعت کے لیے ازدیاد ایمان و علم کا باعث ہوگا۔

یہ وہ تاریخی دورہ ہے کہ جس نے حضرت اقدس مسیح موعود ؑکی مغرب سے طلوع شمس کی پیشگوئی کے متعلق ایک رؤیا کو پورا کیا جس میں آپؑ نے دیکھا کہ آپ لندن کے شہر میں ایک منبر پر کھڑے انگریزی زبان میں ایک نہایت مدلل بیان سے اسلام کی صداقت ظاہر کررہے ہیں۔اسی طرح خطبہ الہامیہ میں بیان کردہ پیشگوئی کہ مسیح موعود خود یا اس کے خلفاء میں سے کوئی خلیفہ سرزمین دمشق کی طرف سفر کرے گا بھی اس مبارک دورہ کے ذریعہ پوری ہوئی۔

حضرت خلیفة المسیح الثانی ؓکے اس مبارک دورے کا ہر لمحہ ایک لمبے اور طویل سفر کے باوجود اسلام کی تکمیل اشاعت کی فکر میں مصروف نظر آتا ہے، ہر ملاقات ہر حرکت و سکوت کی غرض صرف اور صرف اسی مقصد کو پانے میں صرف ہوتی دکھائی دیتی ہے۔

آپ کبھی یروشلم میں مسلمانوں کی بہبود اور مستقبل کے متعلق کوشاں نظر آتے ہیںتو کبھی پوپ کو اسلام کا حقیقی پیغام دینے کے متعلق اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے فرماتے ہیں کہ پوپ کو بحیثیت ایک جماعت کے روحانی پیشوا ہونے کے سب سے بڑا تحفہ اسلام ہی پیش کر سکتا ہوں۔ اسی طرح کبھی Brighton تو کبھی Portsmouth کے باسیوں کو اسلام کی حقیقی تعلیم سے آگاہ فرماتے ہیں ، اسی طرح متعدد سوسائٹیز میں لیکچرز کے ذریعہ حضرت اقدس مسیح موعود ؑکی بعثت سے آگاہ فرماتےہیں۔

اس سفر کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کرنا تو نا ممکن ہے بہر حال اس مبارک سفر کے متعلق احباب جماعت کو آگاہ کرنے کے لیے شعبہ تاریخ احمدیت جماعت یوکے نے جلسہ سالانہ پر ایک نمائش تیار کی ہے۔قارئین سے جلسہ سالانہ کے موقع پر اس نمائش سے بھرپور استفادہ کرنے کی درخواست ہے۔

(مرسلہ: راحیل احمدمربی سلسلہ۔ انچارج شعبہ تاریخ یوکے)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button