از مرکز

ریویو آف ریلیجنز اور نیشنل شعبہ تبلیغ جماعت برطانیہ کی مشترکہ نمائش

اس سال جلسہ سالانہ یوکے پر ریویو آف ریلیجنز اور نیشنل شعبہ تبلیغ جماعت برطانیہ نے مشترکہ کاوش سے نمائش کا انتظام کیا ہے۔ نمائش کا عنوان ہے Chasing The Unknown جس کا مقصد اللہ تعالیٰ کی ہستی کا ثبوت ہے۔

محترم منصور کلارک صاحب نے ہمیں نمائش کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ اس نمائش کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

پہلے حصہ میں قرآنی پیشگوئیوں میں سے کائنات سے متعلق انکشافات کا ذکر ہے اور دکھایا گیا ہے کہ کیسے علم فلکیات اور علم ارضیات وغیرہ سے متعلق بنیادی حقائق قرآنی آیات کے عین مطابق ہیں جو کہ اللہ تعالیٰ کی ہستی کا منہ بولتاثبوت ہے۔

دوسرے حصہ میں جدید ایجادات سے متعلق پیشگوئیوں کو بطور نظیر پیش کیا گیا ہے کہ سورۃ التکویر اور حدیث میں موجودہ دورسے متعلق انکشاف موجود ہے۔ حدیث کا متعلقہ حصہ درج ذیل ہے۔

آنحضرت ﷺ نے قیامت کی نشانیاں بیان کرتے ہوئے فرمایا :وَأَنْ تَرَى الْحُفَاةَ الْعُرَاةَ الْعَالَةَ رِعَاءَ الشَّاءِ يَتَطَاوَلُونَ فِي الْبِنَاءِ۔ (سنن ابن ماجہ روایت نمبر63بروایت حضرت ابن عمر ؓ)

اور جب تو دیکھے کہ ننگے پاؤں اور ننگے بدن والے بکریوں کے چرواہے اونچی عمارتیں تعمیر کرنے میں ایک دوسرے سے مقابلہ کریں گے۔

تیسرے حصہ میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے زمانہ سے تین اہم پیشگوئیوں کے پورا ہونے کا ذکر کیا گیا ہے اور تصاویر کے ساتھ ان کی تفصیل پیش کی گئی ہے۔

۱۔چاند سورج گرہن کی پیشگوئی جو کہ قرآن، بائبل اور حدیث کی کتب میں موجود ہے۔

۲۔طاعون کی پیشگوئی جس کی قبل از وقت حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو اللہ تعالیٰ نے خبر دی۔

۳۔ ڈاکٹر ڈوئی سے مباہلہ اور اس کی ہلاکت کی پیشگوئی

نمائش کے ساتھ ہی سوال و جواب کا سلسلہ بھی رکھا گیا ہے جہاں حاضرین نمائش کے موضوع سے متعلق سوالات پوچھ کر جوابات حاصل کر سکتے ہیں۔

حضور انور نے مورخہ ۲۶جولائی ۲۰۲۴ء شام سات بجے کے بعد اس نمائش کا دورہ فرمایا۔ ریویو آف ریلیجنز انگریزی کے ایڈیٹر محترم عامر سفیر صاحب نے حضور انور کو نمائش کا تعارف پیش کیا۔

حضور انور نمائش کے سیکشن نمبر۲ پر تشریف لائے جہاں محترم منصور ڈاہری صاحب نے بتایا کہ حضور ہم نے یہ دائرہ کی شکل پر SPIN رکھا ہوا ہے جس پر ایک سے تین تک نمبر موجود ہیں، ہم اسے نمائش پر آنے والے حاضرین جلسہ کے سامنے گھماتے ہیں ان کا جو نمبر آئے اسی سیکشن میں پہلے انہیں لے جایا جاتا ہے۔ پھر حضور نے انہیں اسے گھمانے کے لیے فرمایا تو ۲ کے عدد پر ہی رکا جس سیکشن پر حضور انور اس وقت کھڑے تھے۔ اس دوران نمائش کے پچھلے حصہ میں سوال و جواب کا سلسلہ جاری تھا جسے حضور نے اپنی بابرکت موجودگی کے دوران بھی جاری رکھنے کا ارشاد فرمایا۔

(رپورٹ:احسان احمد۔ یوکے)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button