از مرکز

جلسہ سالانہ برطانیہ۲۰۲۴ء کے تیسرے دن کی مختصر روداد

(از جلسہ گاہ ۲۸؍جولائی ۲۰۲۴ء)جلسہ سالانہ کے تيسرے دن کا آغاز صبح تین بجے نماز تہجد سے ہوا جو مکرم حافظ طیب احمد صاحب نے پڑھائي۔ صبح چار بج کر پچیس منٹ پر حضور انور ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز نے جلسہ گاہ ميں نمازِ فجر پڑھائي جس کي پہلي رکعت ميں سورة الکہف کي آيات ۱۰۳تا ۱۰۷جبکہ دوسري رکعت ميں ۱۰۸تا۱۱۱کی تلاوت فرمائي۔ نماز فجر کے بعد مکرم وسیم احمد فضل صاحب مربي سلسلہ و استاذ جامعہ احمديہ يوکے نے ’’ رُحَمَآءُ بَیۡنَہُمۡ۔مومنوں کے آپس کے تعلقات‘‘ کے موضوع پر درس دیا۔

گذشتہ دو روز کی طرح آج بھی سورج اپنی پوری آب و تاب سے حدیقۃ المہدی کو گرماتا رہا۔ وقفہ وقفہ سے ہلکی ٹھنڈی ہوا بھی چلتی رہی۔ گرمی کی شدت سے بچنے کے لیے احباب کے لیے روح افزا اور لیموں کے ٹھنڈے شربت کی سبیل بھی لگائی گئی۔

صبح آٹھ بجے کھانے کي مارکي ميں ناشتے کا انتظام کيا گيا تھا۔ ناشتے ميںمہمانانِ کرام اور ڈيوٹي کنندگان کو چنے، روٹي، سيريل، بٹر، جيم اور ڈبل روٹي پيش کيے گئے۔جلسےکے آخري دن بھی مہمانوں کی ایک بڑی تعداد نے جلسہ گاہ کا رخ کیا اور مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔

جلسہ سالانہ کے تيسرےاجلاس کا آغاز صبح ۱۰ بجے ہوا جس کي صدارت کے فرائض مکرم ڈاکٹر مرزا مغفور احمد صاحب امیر جماعت احمدیہ امریکہ نے سرانجام ديے۔ کارروائي کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن کريم اور ترجمہ کے ساتھ ہواجو مکرم راحیل احمد صاحب مربی سلسلہ و انچارج شعبہ تاریخ یوکے نے پيش کيے۔ مکرم حفیظ احمد صاحب نے حضرت مصلح موعودؓ کا منظوم کلام پيش کيا۔اجلاس کی پہلي تقرير مکرم مبارک احمد تنویر صاحب۔ استاد جامعہ احمدیہ جرمنی نے اردو زبان میں بعنوان ’’خلافت احمدیہ: امت مسلمہ کی وحدت کا ذریعہ‘‘ کي۔اس کے بعد مکرم ڈاکٹر زاہد احمد خان صاحب۔ صدر قضاء بورڈنے انگريزي زبان ميں بعنوان ’’خاندانی تنازعات میں اصلاح احوال‘‘پيش کي۔اس کے بعد مکرم رانا محمود الحسن صاحب مربی سلسلہ نے حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ کی نعت رسول ﷺ پيش کي۔ اس اجلاس کي تيسري تقرير مولانا عبد السمیع خان صاحب استاد جامعہ احمدیہ کینیڈا نے اردو زبان ميں بعنوان’’آنحضورﷺ صفات الٰہیہ کے بہترین مظہر ‘‘پیش کي۔اس کے بعد مکرم رفيق احمد حيات صاحب امير جماعت احمديہ يوکےنے انگريزي زبان ميں ’’عصر حاضر کے بُرے اثرات سے بچائو‘‘ کے عنوان سے تقرير کي۔

بعد ازاں عالمي بیعت کے لیے اعلانات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ايک بجے حضور پُر نور کا قافلہ ٹي وي سکرين پر نمودار ہوا۔ مسيح محمديؑ کے غلام اس لمحہ کا بے صبری سے انتظار کر رہے تھے ان میں وہ افراد بھی شامل تھے جو خلیفۃ المسیح کے ہاتھ پر بیعت کر کے جماعت احمدیہ مسلمہ میں داخل ہونے والے تھے اور وہ احمدی بھی شامل تھے جو اپنے امام کے ہاتھ پر تجدید بيعت کرنے کے منتظر تھے۔ حضور انور نے پہلے بيعت کےمبارک الفاظ انگريزي اور دوسري بار اردو ميں دہرائے جن کا مزید مختلف گیارہ زبانوں میں رواں ترجمہ بھی ہوا۔ اس کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے دعا کروائی۔ اس موقع پر احباب پر انتہائی رقت طاری تھی اور آنکھوں سے آنسو رواں تھے۔ بعد ازاں حضورِ انور نے نماز ظہر و عصر جمع کر کےپڑھائيں۔

نمازوں کي ادائيگي کے بعد کھانے کي مارکي ميں کھانے کا انتظام کيا گيا، کھانے ميں آلو گوشت،چاول اور روٹي پلانٹ کي لذيذ روٹي سے مہمانوں کي تواضع کي گئي۔ مہامانان بازار کے کھانوں سے بھی لطف اندوز ہوتے رہے، بازار میں برگرز،مچھلی،کباب،جلیبی، قلفی، فالودہ وغیرہ دستیاب تھے۔

نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد نمائش مارکی لجنہ کے دیکھنے کے لیے مختص تھا۔ آج بھی خواتین نے بھرپور تعداد میں نمائش مارکی کا رخ کیا اور اپنے علم میں اضافہ کیا۔

جلسہ سالانہ کے آخري اجلاس سے قبل معززين کے پيغامات پيش کيے گئے۔ مکرم رفيق احمدحيات صاحب امير جماعت احمديہ يوکے کي صدارت ميں يہ نشست ہوئي جس کا آغاز تلاوت قرآن کريم سے ہوا۔ اس نشست ميں جلسہ اور جماعت کی مساعی کے حوالے سے معزز مہمانوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کيا۔ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے معززين کي طرف سے ويڈيو پيغامات موصول ہوئے جن کو جلسہ گاہ ميں موجود بڑي سکرين پر چلايا گيا۔ اس کے علاوہ ہال میں موجود مہمانوں نے بھی اپنے تاثرات کااظہار کیا۔

حضور انور ايدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزيز چار بج کر چار منٹ پر جلسہ گاہ میں رونق افروز ہوئے۔ السلام علیکم و رحمۃ اللہ کا تحفہ عنایت فرمانے کے بعد حضور انور کرسیٔ صدارت پر رونق افروز ہوئے۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ برطانیہ نے شاہ چارلس سوم کا خصوصي پيغام پڑھ کر سنایا۔

بعد ازاں اختتامی اجلاس کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کريم سے ہوا۔ مکرم محمود احمد وردی صاحب نے تلاوت قرآن کریم اور ترجمہ پیش کرنے کی سعادت پائی۔ اس کے بعد فرج عودہ صاحب نے عربی قصیدہ خوش الحانی سے پیش کیا۔ حضرت اقدس مسیح موعودؑ کا اردو منظوم کلام مکرم مرتضیٰ منان صاحب نے خوش الحانی سے پیش کیا۔ اس کے بعد تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے افراد کے نام مکرم سیکرٹری صاحب تعلیم جماعت یوکے نے پڑھ کر سنائے۔ مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ برطانیہ نے احمدیہ امن انعام برائے فروغِ امن برائے سال ۲۰۲۴ء کا اعلان کیا۔ امسال یہ ایوارڈ اٹلی کے Nicolò Govoni کو آئندہ پیس سمپوزیم میں دیا جائے گا۔ بعد ازاں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے حضرت مسیح موعود کے عشق رسول ﷺ کے متعلق نہایت بصیرت افروز اختتامی خطاب فرمايا۔حضورِ انور کا خطاب پانچ بج کر تیس منٹ پر اختتام پذیر ہوا جس کے بعد حضورِ انور نے اختتامی دعا کروائی۔ دعا کے بعد حضور انور نے فرمایا کہ اس سال جلسہ سالانہ میں ۱۲۱؍ممالک کی نمائندگی میں ۴۳۴۶۰؍افراد نے شرکت کی۔ بعد ازاں پیارے آقا کی خدمت میں عشاق خلافتِ احمديہ نے مختلف گروپس کی صورت میں دنیا کی مختلف زبانوں اور ثقافتوں کی نمائندگی میں ترانے پیش کیے۔ اس کے بعد حضورِ انور جلسہ گاہ سے تشریف لے گئے اور اسی کے ساتھ جلسہ سالانہ اپنی تمام تر برکات کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔

احبابِ جماعت احمدیہ عالمگیر کو جلسہ سالانہ برطانیہ ۲۰۲۴ء بہت بہت مبارک ہو۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اس جلسہ کے مقاصد کو اپنی زندگیوں کا مستقل حصہ بنانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: حافظ محمد طلحہ ملک)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button