متفرق

ربوہ کا موسم (۲۶؍ جولائی تا یکم اگست ۲۰۲۴ء)

۲۶؍ جولائی جمعۃ المبارک کا دن گرم تھا ۔ سورج پوری آب و تاب سے چمک رہا تھا ، بعد دوپہر با د لوں کی ہلکی تہ آسمان پر چھا گئی لیکن گرمی کم نہ ہوئی اور حبس کی وجہ سے موسم شدید گرم بن گیا۔ ہفتہ کے موسم کا بھی یہی حال تھا۔ دن بھر ہلکی ہوا چلتی رہی جو کبھی رک جاتی۔اتوار کو آسمان پر ہلکے بادل موجود رہے اور سارا دن تیز ٹھنڈی ہوا چلتی رہی،موسم خوشگوار ہوگیا۔ شام کے وقت ہوا چلنے کی رفتار کچھ آہستہ ہوگئی، سوموار کو بھی صبح سے ہی ٹھنڈی ہوا چل رہی تھی جو سہ پہر کے وقت تیز ہوکر ٹھنڈی آندھی میں تبدیل ہوگئی جس میں زیادہ مٹی شامل نہیں تھی۔ آسمان پر کالے گھنے بادل چھائے رہے بوندا باندی بھی ہوئی۔ منگل کو صبح سے ہلکی ٹھنڈی ہوا چل رہی تھی جو دوپہر کے وقت بند ہوگئی۔ اور آسمان کو سیاہ بادلوں نے اپنے گھیرے میں لے لیا اور تیز ٹھنڈی ہوا چلنا شروع ہوگئی جو کچھ دیر کے لیے آندھی کی صورت اختیار کر گئی۔ پہلے بوندا باندی شروع ہوئی پھر تیز اور موسلا دھار بارش نے اپنا رنگ جمایا اور جل تھل ایک کردیا۔بعض سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں کافی مقدار میں پانی جمع ہوگیا۔ یہ بارش ربوہ اور گرد و نواح میں رات گئے تک جاری رہی۔موسم خوشگوار ہوگیا۔ یاد رہے کہ پاکستان میں یہ مون سون کی بارشوں میں سے ایک تھی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ بدھ کو مطلع ابر آلود تھالیکن گرمی بر قرار تھی۔ کبھی ہلکی ہوا چلتی اور کبھی حبس ڈیرے جما لیتا۔ درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ ۳۸؍ اور کم سے کم ۲۸؍درجہ سینٹی گریڈ تھا۔ جمعرات کو موسم صبح سے ہی خوشگوار تھا۔ ہلکے بادل آسمان پر چھائے رہے اور سارا دن تیز ٹھنڈی ہوا چلتی رہی۔ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۳۰؍ اور کم سے کم ۲۵؍درجہ سینٹی گریڈ تھا۔ (ابو سدید)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button