حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… امام جماعت احمدیہ عالمگیر حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ ۲؍اگست ۲۰۲۴ء میں جلسہ سالانہ برطانیہ ۲۰۲۴ء کے حوالے سے نازل ہونے والے افضالِ الٰہیہ اور غیراز جماعت مہمانوں کے تأثرات کا تذکرہ فرمایا اور جلسے کے تمام کارکنان و کارکنات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فرمایا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں بیٹھے ہوئے لوگ بھی شکر گزار ہیں کہ ہمیں ایم ٹی اے کے ذریعے سے جلسے کا پروگرام احسن رنگ میں پہنچا۔پس ان سب کارکنان کا مَیں بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔ تفصیل کے لیے اس شمارے کا صفحہ اوّل ملاحظہ کریں۔

٭… ۵۸واں جلسہ سالانہ جماعت احمدیہ برطانیہ مورخہ ۲۶، ۲۷ اور ۲۸؍جولائی ۲۰۲۴ء کو حدیقة المہدی میں منعقد ہوا۔امیر المومنین حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ جلسہ کے تینوں روز جلسہ گاہ میں رونق افروزہوئے اور خطاب فرمایا۔ آپ نے ۲۵؍جولائی بروز جمعرات جلسہ کے انتظامات کے معائنے کے بعد کارکنانِ جلسہ سے خطاب بھی فرمایا۔ امسال جلسہ میں ۱۲۱؍ممالک سے کُل ۴۳؍ ہزار ۴۶۰؍ افراد شریک ہوئے جبکہ ایم ٹی اے کے ذریعہ سے ۵۲ ممالک میں ۹۸؍ سینٹرز سے بذریعہ لائیو سٹریمنگ افراد شامل ہوئے۔ ایم ٹی اے کی کوریج کے علاوہ اردو جریدے روزنامہ الفضل انٹرنیشنل اور انگریزی جریدے ہفت روزہ الحکم نے اس موقع پر لمحہ بہ لمحہ قارئین تک جلسہ کی رپورٹنگ کے فرائض سر انجام دیے۔

٭…حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے جلسہ سالانہ برطانیہ کے دوسرے روز بعد دوپہر کےاجلاس سے خطاب فرماتے ہوئے نئے ملک تائیوان میں جماعت احمدیہ کے نفوذ کا اعلان فرمایا۔ اس طرح اُن ممالک کی کُل تعداد جہاں احمدیت قائم ہے اب ۲۱۴؍ہوگئی ہے۔ خطاب کے آخر پر نئی بیعتوں کے متعلق فرمایا کہ امسال ہونے والی بیعتوں کی تعداد اللہ تعالیٰ کے فضل سے دو لاکھ اڑتیس ہزار پانچ سو اکسٹھ ہے۔ گذشتہ سال کی نسبت اکیس ہزار تین سو ترانوے کا اضافہ ہے۔۱۱۷؍ ممالک سے ۴۸۲؍سے زائد اقوام احمدیت میں داخل ہوئی ہیں۔

٭…۳۱؍جولائی کو فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ ایران کے دارالحکومت تہران میں اسرائیلی حملے میں جاں بحق ہوگئے ۔وہ ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے ایران گئے تھے۔ اسماعیل ہنیہ کی تہران میں نمازِ جنازہ ادا کی گئی بعد ازاں دوحہ میں نمازِ جنازہ کی ادائیگی کےبعد انہیں جمعے کی شب دارالحکومت دوحہ کے شمال میں واقع لوسیل قبرستان میں علامہ یوسف القرضاوی کے پہلو میں سپرد خاک کردیا گیا۔

٭…ایران نے حماس کے راہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل کی تحقیقات شروع کردیں۔امریکی اخبار کے مطابق ایران نے اسماعیل ہنیہ کے قتل کے حوالےسے درجنوں مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے جن میں سینئر انٹیلی جنس افسران، فوجی حکام اور عملے کے ارکان بھی شامل ہیں۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button