افریقہ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ بانفورا، برکینا فاسو کا ریجنل اجتماع

(چوہدری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برکینافاسو)

مکرم اعجاز احمد صاحب ریجنل مبلغ بانفورا تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ بانفورا ریجن،برکینا فاسو کو اپنا سالانہ ریجنل اجتماع مورخہ ۲۲و۲۳؍جون۲۰۲۴ءکو ینگولوگو مجلس میں منعقدکرنے کی توفیق ملی۔

۲۲؍جون کو افتتاحی تقریب میں صدر مجلس خدام الاحمدیہ برکینا فاسو کی نمائندگی میں ریجنل قائد صاحب بوبو جلاسو نے شرکت کی۔ تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم کے بعد صدر مجلس کے نمائندہ نے افتتاحی تقریر کی۔

نماز ظہر و عصر اورکھانے کے بعد ورزشی مقابلہ جات کا آغاز ہوا جس میں رسہ کشی،دوڑ اورفٹ بال کے مقابلے شامل تھے۔ یہی تینوں مقابلے اطفال کے بھی الگ سے کروائے گئے۔ نماز مغرب وعشاء اور کھانے کے بعد علمی مقابلہ جات کا انعقاد ہواجس میں خدام اور اطفال دونوں نے حصہ لیا۔ اس میں تلاوت قرآن کریم، اذان، حفظ القرآن، سوال وجواب کوئز اور پیغام رسانی کےمقابلہ جات شامل ہیں۔

دوران اجتماع اطفال الاحمدیہ کا ایک الگ اجلاس بھی منعقد کیا گیا۔ علاوہ ازیں ینگولوگو شہر میں واک بھی کی گئی جس کا مقصد حب الوطنی کے جذبے کے تحت حکومت وقت اور لاء اینڈ آرڈر فورسز کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا تھا۔

اختتامی تقریب اگلے روز منعقد ہوئی جس میں نمایاں پوزیشن لینے والوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ صدر مجلس کے نمائندہ نے اختتامی کلمات میں سب خدام اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اجتماع کی کامیابی پر مبارکباد دی ۔خاکسار(ریجنل مبلغ) نے دعا کروائی جس کے ساتھ اس پروگرام کا اختتام ہوا۔ اجتماع کی حاضری ۱۵۰؍رہی۔

اللہ تعالیٰ اس اجتماع کے نیک اثرات ظاہر فرمائے۔آمین

(رپورٹ چودھری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button