حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… امام جماعت احمدیہ عالمگیر حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃالمسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز جلسہ سالانہ یوکے کے تینوں روز مختلف ممالک سے آئے وفود اور مہمانان سے ملاقات فرماتے رہے۔ حضور انور ایدہ اللہ سے احبابِ جماعت نے ملاقات کے موقعہ پر متعدد سوالات دریافت کیے جس پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے ان کی راہنمائی میں بصیرت افروز جوابات ارشاد فرمائے۔ ان ملاقاتوں کی ایک جھلک آپ دیکھ سکتے ہیں پروگرام This week with Huzoor کے جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۴ء کی خصوصی رپورٹ میں ۔

٭…بی بی سی نیوز کے مطابق مورخہ ۵؍اگست ۲۰۲۴ء کو بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور ایک فوجی ہیلی کاپٹر میں بھارت روانہ ہو گئیں۔ بنگلہ دیش کے آرمی چیف نے وزیر اعظم حسینہ واجد کو مستعفی ہونے کے لیے ۴۵؍منٹ کی ڈیڈلائن دی تھی۔ انہیں اور ان کی بہن کو سرکاری رہائش گاہ سے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔انہوں نے محفوظ مقام پر منتقلی سے قبل تقریر ریکارڈ کروانے کی کوشش بھی کی لیکن اُنہیں تقریر ریکارڈ کروانے کا موقع نہیں دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق ہزاروں لوگ وزیر اعظم حسینہ واجد کی سرکاری رہائش گاہ میں داخل ہوگئے تھے۔ یاد رہے کہ بنگلہ دیش میں حالیہ مظاہروں میں تین سو لوگ ہلاک ہوچکے ہیں۔

٭… مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے پیش نظر کئی ممالک نے اپنے شہریوں کےلیے ایڈوائزری جاری کردی۔ کینیڈا نے اپنے شہریوں کو اسرائیل کا سفر کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کردی۔ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا کہ بغیر کسی وارننگ کے سیکیورٹی کی صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے، اگر مسلح تصادم شدت اختیار کرتا ہے تو اس سے سفری صلاحیت متاثر ہوگی۔ فرانس نے اپنے شہریوں کو لبنان چھوڑنے کی ہدایت کردی ہے۔ اطالوی وزیر خارجہ نے اپنے شہریوں کو لبنان کے جنوبی حصے کا سفر نہ کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ اسی طرح ترک وزارت خارجہ نے اپنے شہریوں کو لبنان چھوڑنے اور لبنان کے کشیدگی والے علاقوں کا سفر کرنے سے گریز کی ہدایت کی ہے۔ سعودی عرب نے اپنے شہریوں کو لبنان چھوڑنے کی ہدایت کرتے ہوئے اعلامیہ میں کہا ہے کہ سعودی شہری لبنان کا سفر کرنے سے گریز کریں۔

٭… ایک بیان میں ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ علاقائی کشیدگی بڑھانا نہیں چاہتے۔ اسرائیل کو سزا دینا ضروری ہے۔واضح رہے کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے فوری بعد سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں اسرائیل پر براہِ راست حملے کا حکم دے دیا تھا۔ اس سے قبل ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہنیہ کے قتل کا بدلہ لینا تہران کا فرض ہے۔

٭… برطانیہ میں دائيں بازو کے حامی ساؤتھ پورٹ میں بچوں کے قتل کے بعد سے احتجاج کر رہے ہیں۔لیورپول، مانچسٹر، بلیک پول سمیت ۲۰؍سے زائد شہروں میں سفید فام نسل پرستوں کے حملوں کے بعد صورتحال کشیدہ ہے ۵؍روز میں ۱۵۰؍پولیس اہلکاروں سمیت درجنوں شہری زخمی ہوگئے۔ مختلف شہروں میں پولیس اسٹیشنز کو آگ لگائی گئی ہے، جبکہ سٹورز لوٹنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر بچوں کے قاتل کو غیر قانونی تارک وطن کہا جا رہا تھا جو بعد میں غلط نکلا کیونکہ قاتل برطانیہ کے شہر کارڈف میں ہی پیدا ہوا تھا۔پولیس نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ ملزم کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

دوسری جانب برطانوی وزيراعظم سر کیئر اسٹارمر نے کہا کہ کسی بھی قسم کے تشدد کے لیے جواز پیش نہیں کیا جاسکتا، آزادی اظہار رائے اور تشدد دو الگ چیزیں ہیں، سڑکیں محفوظ رکھنے کے لیے ہر ممکن کارروائی کی جائے گی۔

٭… ڈی ڈبلیو کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا نے ملک کو لاحق دہشت گردی کے خطرے کی سطح کو پیر کے روز’’احتمال‘‘ تک بڑھا دیا۔ ملکی انٹیلی جنس چیف نے ملک میں بڑھتے ہوئے انتہائی نظریات کو اس کا سبب قرار دیا ہے۔ آسٹریلین سیکیورٹی انٹیلیجنس آرگنائزیشن (اے ایس آئی او) کے سربراہ مائیک برجیس نے پیر کے روز کہا کہ گوکہ ملک میں فوری طورپر حملے کا کوئی اشارہ نہیں ہے لیکن اگلے بارہ مہینوں میں تشدد کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ مائیک برجیس نے کہا کہ افراد اتھارٹی مخالف نظریات، سازشی نظریات اور متنوع شکایات کو قبول کررہے ہیں۔ کچھ لوگ نئے ہائبرڈ نظریات پیدا کرنے کے لیے متعدد عقائد کو ایک دوسرے سے مربوط کررہے ہیں۔

٭… جرمنی کے مختلف حصوں میں جنگلوں میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں گذشتہ برس تقریباً اٹھارہ سو فٹ بال میدانوں کے برابر جنگلاتی رقبہ تباہ ہو گیا۔ مگر ۲۰۲۳ء میں ۲۰۲۲ء کے مقابلے میں جنگلاتی آتش زدگی کے واقعات کی کل تعداد کم رہی۔ سال ۲۰۲۳ء میں آتش زدگی کے باعث جنگلاتی رقبے کی تباہی سے متعلق اعداد و شمار کے مطابق پچھلے سال ملک بھر میں جنگلوں میں آگ لگ جانے کے ۱۰۵۹؍ واقعات ریکارڈ کیے گئے۔ آتش زدگی کے ان واقعات میں مجموعی طور پر ۱۲۴۰؍ہیکٹر رقبے پر پھیلے ہوئے جنگلات جل کر تباہ ہو گئے۔ یہ رقبہ فٹ بال کے تقریباً ۱۷۷۱؍ میدانوں کے برابر بنتا ہے۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button