ایشیا (رپورٹس)

جماعت احمدیہ موریاکنّی صوبہ کیرلہ میںنو تعمیر شدہ مسجد نور کا افتتاح

اللہ تعالیٰ کے فضل سے خلافت خامسہ کے بابرکت دور میں جماعت احمدیہ مریاکنّی صوبہ کیرلہ (انڈیا) کو ایک نئی مسجد ’’مسجدنور‘‘ کی تعمیر کی سعادت نصیب ہوئی۔ اس مسجد کا سنگِ بنیاد مورخہ ۱۵؍نومبر۲۰۱۴ء کو محترم ایڈیشنل ناظر صاحب اصلاح و ارشاد جنوبی ہند قادیان نے رکھا تھا۔ اس مسجد کی افتتاحی تقریب مورخہ ۲۳؍جون ۲۰۲۴ء کو عمل میں آئی جس میں سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے مرکزی نمائندہ کے طور پر محترم ایڈیشنل ناظر صاحب اعلیٰ جنوبی ہند نے شرکت کی۔

انہوں نے مسجد کی تعارفی تختی کی نقاب کشائی کرکے اجتماعی دعا کروائی۔ بعدازاں ان کی زیر صدارت مسجد کی افتتاحی تقریب عمل میں آئی۔ اس تقریب میں صوبہ کیرلہ کے جملہ امرائے اضلاع، امرائے کرام و صدران اور کثیر تعداد میں احمدی احباب نے شرکت کی۔ اس تقریب میں ۱۵۰؍غیر مسلم اور ۲۰۰؍غیر احمدی افراد نے بھی شرکت کی جن میں مقامی MLA، پنچایت پریذیڈنٹ اور ممبر آف پارلیمنٹ وغیرہ بھی شامل تھے۔ افتتاحی تقریب میں کُل ایک ہزار ۳۰۰؍افراد نے شرکت کی۔

تلاوت قرآنِ کریم کے ساتھ افتتاحی تقریب کا آغاز ہوا۔ محترم ایڈیشنل ناظر صاحب اعلیٰ جنوبی ہند نے شاملین کے سامنے تعمیر مسجد کے مقاصد و ضرورت اور افراد جماعت کی ذمہ داریوں کے حوالہ سے سیدنا حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں تقریر کی۔ بعد ازاں محترم ایڈیشنل ناظر صاحب اصلاح و ارشاد نورالاسلام حاضرین سے مخاطب ہوئے اور مسجد کی تعمیر کے بعد ہمسایوں کے لیے احمدی افراد کی ذمہ داریوں کے حوالہ سے انگریزی زبان میں تقریر کی۔

بعد ازاں مختلف سیاسی و سرکاری معززین نے مبارکباد دی اور اپنے نیک تاثرات کا اظہار کیا۔ صوبہ کیرلہ کے جملہ ضلعی امرائے کرام نے بھی اپنے پُرخلوص تاثرات کا اظہار کیا۔

اس نو تعمیر شدہ مسجد کے افتتاح کی خبرمقامی اخبارات و نیوز چینلز نے بھی نشر کی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ افرادِ جماعت کو اس مسجد کو ہمیشہ آباد رکھنے کی توفیق بخشےاور اس مسجد کی تعمیر کے سلسلہ میں مالی قربانی کرنے والے افراد جماعت کے اموال و نفوس میں برکت عطا فرمائے۔آمین

(رپورٹ: شعبہ پریس اینڈ میڈیا بھارت)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button