نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِ جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۱۷؍جولائی ۲۰۲۴ء بروز بدھ بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرم شیخ طارق انور صاحب ابن مکرم شیخ عبدالرحمٰن صاحب مرحوم(جماعت چیم۔ یوکے) کی نمازِ جنازہ حاضر اور چار مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جناز ہ حاضر

مکرم شیخ طارق انور صاحب ابن مکرم شیخ عبدالرحمٰن صاحب مرحوم(جماعت چیم۔ یوکے)

11؍جولائی 2024ء کو 70 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے ابتدائی تعلیم ربوہ میں حاصل کی بعدازاں کراچی شفٹ ہو گئے اورحلقہ ڈیفنس کراچی میں لمبا عرصہ تک بطور جنرل سیکرٹری خدمت کی توفیق پائی۔ کراچی کے پُر آشوب دور میں مرحوم کو احمد یہ مساجد کی حفاظت کے حوالہ سے بھی خدمت کی توفیق ملتی رہی۔ مرحوم مخالفت کی وجہ سے کراچی سے یو کے آئے اور بیت الفتوح کی عمومی ٹیم میں شامل ہو کر کئی سال خدمت بجالاتے رہے۔ مرحوم نماز اور روزہ کے پابند، ہمدرد، خوش گفتار ، خلافت کے ساتھ اخلاص کا تعلق رکھنے والے ایک نیک انسان تھے۔ چندوں میں بڑے با قاعدہ تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ 3 بیٹیاں شامل ہیں۔

نماز جناز ہ غائب

۱۔ مکرمہ فاخرہ احمد صاحبہ بنت مکرم ڈاکٹر قاضی طاہر اسماعیل صاحب (ناظم اعلیٰ مجلس انصار اللہ علاقہ ملتان)

28؍جون 2024ء کو 15سال قومہ میں رہنے کے بعد بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نے BS IT آنرز اور پھر MBA کیا۔ کئی ریسرچ پیپرز لکھے جو سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ہیومن ریسورسز کے اداروں میں شائع کروائے۔ اعلیٰ کارکردگی پر آپ کو مختلف ایوارڈز بھی دیے گئے۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، خلافت کے ساتھ گہری عقیدت رکھنے والی، انتہائی عاجز،نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں والدین کے علاوہ ایک بھائی اور دو بہنیں شامل ہیں۔ دونوں بہنیں ڈاکٹر ہیں اور واقفین زندگی سے بیاہی ہوئی ہیں۔

۲۔ مکرم الحاج چودھری ناصر احمد ساہی صاحب ابن مکرم چودھری محمد نواز ساہی صاحب (ربوہ )

8؍جون 2024ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم کے پڑدادا مکرم چودھری حسن خان صاحب اور حضرت چودھری ظفراللہ خان صاحب کے دادا مکرم چودھری سکندر خان ساہی صاحب سگے بھائی تھے۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند ،تہجد گزار،خلافت سے گہری وابستگی رکھنے والے ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ مسجد سے مثالی تعلق تھا۔ مرحوم موصی تھے۔ آپ کی پہلی بیوی وفات پاگئی ہیں۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اورتین بیٹیاں شامل ہیں۔

۳۔ مکرم چودھری محمد رفیق صاحب ابن مکرم چودھری دین محمد صاحب (آف کوٹ احمد یاں حال کراچی )

26؍جون 2024ء کو 90 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ خلافت کے ساتھ نہایت محبت اور فدائیت کا تعلق تھا۔ 1969ء میں جب آ پ نے گوٹھ خلیفہ قاسم ضلع بدین میں زمین خریدی تو وہاں نئی جماعت کے پہلے صدر مقرر ہوئے اور اپنے گھر کے ساتھ ایک مسجدبھی تعمیر کروائی۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند ایک نیک مخلص اور باوفا انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ آپ کو اللہ تعالیٰ نے سات بیٹوں سے نوازا۔ آپ مکرم محمد آصف طاہر صاحب (مربی سلسلہ … ربوہ) اورمکرم محمد عاصم صاحب (رضاکار کارکن دفتر پرائیویٹ سیکرٹری یوکے) کے والد اور مکرم صباح الظفرصاحب (مربی سلسلہ MTA انٹرنیشنل یوکے) اور مکرم مشہود حسن خالد صاحب ( مربی سلسلہ لائبیریا ) کے دادا تھے۔

۴۔ مکرم محمد سلیم اللہ صاحب (سابق صدر جماعت جمال پور نیا پارہ ۔ بنگلہ دیش)

21 جون 2024ء کو 76سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے والد مکرم و سیم الدین صاحب جمال پور علاقہ میں سب سے پہلے بیعت کرنے والے تھے۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند، تہجد گزار،مہمان نواز ، ہردلعزیز ،نظام جماعت اور خلافت کے اطاعت گزار،ا چھی طبیعت کے مالک ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ مرحوم نے تقریباً 42 سال صدر جماعت کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ اپنے گھر کے سامنے ایک مسجد بنواکر جماعت کو عطیہ کی اور عرصہ دراز تک وہاں ریجنل تبلیغی اور تربیتی سر گرمیاں ہوتی رہیں۔ 1995ء سے انہوں نے اپنے گھر کی چھت پر ڈش نصب کر رکھی تھی۔ ہمیشہ اپنے ڈرائنگ روم میں مقامی احباب کے لیے ایم ٹی اے دیکھنے کا اہتمام کرتے۔ مرکزی مہمانوں اور مربیان کا بہت احترام کرتے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button