امریکہ (رپورٹس)

ریو دی جنیرو، برازیل میں بعض تبلیغی سرگرمیوں کی ایک جھلک

(حافظ احتشام احمد مومن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برازیل)

ایک Podcast میں شرکت

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۸؍مئی ۲۰۲۴ء کو ریو دی جنیرو، برازیل میں ایک Podcast میں جماعت احمدیہ کی نمائندگی میں ایک وفد کو اسلام کی خوبصورت تعلیمات اور جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کرنے کی توفیق ملی۔ اس وفد میں خاکسار (مربی سلسلہ) کے ساتھ برازیل کے ایک مقامی مذہب کا نمائندہ بھی شامل تھا۔ یہ Podcast ڈیڑھ گھنٹہ تک جاری رہا جس میں مختلف موضوعات پر سوالات کے جواب دینے کی توفیق ملی۔

ایک کالج میں بین المذاہب پروگرام

مورخہ ۱۵؍مئی ۲۰۲۴ء کو ریو دی جنیرو کے ایک کالج میں بین المذاہب پروگرام منعقد کیا گیا جس میں چند مذہبی راہنماؤں کو اپنے مذہب کی تعلیمات پیش کرنے کے لیے مدعو کیا گیا۔ خاکسار کو اسلام کی نمائندگی کرتے ہوئے لیکچر دینے کی توفیق ملی جس میں اسلام کی خوبصورت تعلیمات کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی۔ یہ پروگرام طلبہ کی تعداد کی وجہ سے دو وقتوں میں منعقد کیا گیا جس میں ۱۵۰سے ۲۰۰؍طلبہ اور ایک بڑی تعداد میں اساتذہ شامل ہوئے۔

ایک Biblical Studies سنٹر میں لیکچر

مورخہ ۲۰؍مئی کو ایک Biblical Studies سنٹر میں خاکسار کو ایک لیکچر دینے کی توفیق ملی جس میں شہر کے مختلف عیسائی چرچوں کے راہنماؤں میں سے ۳۰؍افراد نے شرکت کی۔ خاکسار کو تاریخ اسلام اور سیرت نبی کریم ﷺ کے علاوہ جماعت کا تعارف کروانے کی بھی توفیق ملی۔ نیز بعض سوالات کے جواب دینے کا بھی موقع ملا۔ آخر میں مہمانوں کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

ایک مذہبی میلہ میں جماعت احمدیہ کا بُک سٹال

ریو دی جنیرومیں مذہبی آزادی کے حوالے سے ایک سول کمیشن قائم ہے جو اپنی نوعیت کا پورے برازیل میں واحد کمیشن ہے۔ اس کمیشن کے زیر انتظام مورخہ ۲۵؍مئی کو ایک بین المذاہب میلہ منعقد کیا گیا جہاں پر جماعت احمدیہ کو بھی اس میں بُک سٹال لگانے کی توفیق ملی۔ سینکڑوں افراد نے جماعت کے سٹال کا دورہ کیا جہاں پر انہیں جماعت احمدیہ کے عقائد کے بارے میں بتایا گیا۔ نیز ان میں معلوماتی پمفلٹ بھی تقسیم کیے گئے۔ اسی طرح سٹیج سے خاکسار نے تلاوت قرآن کریم مع ترجمہ پیش کی ۔ نیز اسلام کی خوبصورت اور امن پسند تعلیمات پر مختصراً روشنی ڈالی۔

شہر Niteroi کے مذہبی کمیشن میں شمولیت

ریو دی جنیرو سے ملحق شہر Niteroi میں مذہبی آزادی کے حوالے سے ایک کمیشن تشکیل دیا گیا ہے جس میں مذہبی راہنماؤں کے علاوہ شہر کی حکومت کے نمائندگان بھی شامل ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے شہر کی حکومت نے خاکسار کو اسلام کی نمائندگی میں اس کمیشن میں شامل ہونے کی دعوت دی۔ اس سلسلہ میں مورخہ ۲۸؍جون ۲۰۲۴ء کو شہر کے کونسل ہاؤس میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں خاکسارکو کمیشن میں شامل ہونے کا سرٹیفکیٹ دیا گیا نیز خاکسار کو کونسل ہاؤس کے چیمبر کے سامنے اظہار خیال کا موقع بھی دیا۔

ریو دی جنیرو کے تین کالجوں میں لیکچرز

ماہ جون کے دوران تین کالجوں میں اسلام احمدیت کی تعلیمات پر مبنی لیکچرز کا اہتمام کیا گیا جن میں سے دو لیکچرز ایسے کالجز میں منعقد کیے گئے جہاں پر طلبہ کے ساتھ ساتھ اساتذہ بھی شامل ہوئے۔ اسی طرح تیسرے کالج میں سکول کی انتظامیہ نے خاص کر اساتذہ کے لیے ایک لیکچر کا اہتمام کیا جس میں آس پاس کے کالجز کے اساتذہ نے بھی شرکت کی۔ نیز لیکچرز کے اختتام پر شاملین کے سوالات کے جواب دیے۔

دو وفود کا جماعتی مسجد کا دورہ

مورخہ ۶؍جولائی ۲۰۲۴ءکو جماعت احمدیہ برا زیل کی مسجد کا دو وفود نے دورہ کیا۔ پہلے وفد میں صوبہ کے حکومتی کمیشن برائے مذہبی امور کے صدر اور اس کمیشن کے جنرل سیکرٹری کے ساتھ وکلاء کونسل کے صوبہ کےکمیشن برائے مذہبی امور کے صدر بھی تشریف لائے۔

اس کے علاوہ ایک مذہب کے راہنماؤں پر مشتمل ایک وفد کو بھی اس روز مسجد کا دورہ کروایا گیا۔

مہمانوں کو جماعت احمدیہ کا تفصیلی تعارف کروایا گیا۔ ملاقات کے آخر پر انہیں جماعتی لٹریچر اور قرآن مجید کا پرتگیزی زبان میں ترجمہ کا نسخہ تحفۃً دیا گیا۔

احباب جماعت سے دعا کی عاجزانہ درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری ادنیٰ کاوشوں میں بے انتہا برکت ڈالے اور ان تبلیغی سر گرمیوں سے زیادہ سے زیادہ افراد مستفید ہوسکیں۔ آمین

(رپورٹ: حافظ احتشام احمد مومن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button