یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ بوسنیا کی دسویں تربیتی ریلی کا انعقاد

(مفیض الرحمان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بوسنیا)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ بوسنیا کو مورخہ ۱۳؍جولائی ۲۰۲۴ء کو اپنی دسویں تربیتی ریلی منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

سال بھر اس خصوصی تقریب کے لیے بچوں، خواتین اور مردوں کو تیار کرنے کے لیے ہفتے میں دو بار کلاسز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ یہ تقریب عام طور پر جلسہ سالانہ سے ایک روز قبل منعقد کی جاتی ہے۔ اس طرح دُور دراز کے علاقوں سے جلسہ سالانہ کی غرض سے سفر کرنے والے افراد بھی اس تقریب میں شامل ہوجاتے ہیں۔

امسال تربیتی ریلی کے موقع پر ’’Voices for Peace‘‘ یعنی ’’امن کے لیے آوازیں‘‘ کے ماٹو کے تحت ایک خصوصی فٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔ بوسنیا بھر کے حکومت کی زیر نگرانی مختلف یتیم خانوں کی سات ٹیموں کو اس ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔ اس پراجیکٹ کو مختلف شہروں کے چار میئرز نے سپورٹ اور اسپانسر کیا۔ یہ میئرز صاحبان جماعت کے ساتھ مل کر مختلف سماجی اور خدمت خلق کے منصوبوں پر کام کرتے ہیں۔ فٹ بال ٹورنامنٹ شہر Sarajevoسے ملحق Municipality میں واقع Sabit Hojic نامی سپورٹس ہال میں منعقد ہوا۔ اس ہال کے ڈائریکٹر جناب حارث ٹوپالووچ صاحب نے جماعت کے ساتھ بھر پور تعاون کرتے ہوئے اس ہال کو بغیر کسی معاوضہ کے استعمال کرنے کی اجازت دی۔

پروگرام کا آغاز صبح نو بجے سراجیوو میں جماعتی مرکز میں لوائے احمدیت لہرانے اور بوسنیا کے قومی پرچم کی پرچم کشائی سے ہوا۔ اس کے بعد تمام حاضرین سپورٹس ہال کی طرف روانہ ہوئے جہاں بوسنیا کے قومی ترانے سے فٹ بال ٹورنامنٹ کا آغاز ہوا۔ ایک بجے کے قریب سب لوگ جماعتی مرکز واپس آئے جہاں نماز ادا کی گئی اور دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا۔ دوپہر کو بچوں، خواتین اور مردوں کے لیے درج ذیل علمی و ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے: مقابلہ حسن قراءت، ادعیۃ القرآن و ادعیۃ الرسول ﷺ، حفظ احادیث از چالیس جواہر پارے، مقابلہ تقاریر، مقابلہ رسہ کشی، مقابلہ مشاہدہ و معائنہ، نشانہ بازی اور میموری گیمز۔

ریلی کا اختتامی اجلاس مکرم وسیم احمد سروعہ صاحب (مہمان خصوصی) کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد شاملین میں انعامات تقسیم کیے گئے جبکہ زنانہ حصہ میں صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ کی زیر نگرانی خواتین میں تقسیم انعامات کی تقریب منعقد ہوئی۔ بعد ازاں صدارتی تقریر اور اجتماعی دعا کے ساتھ یہ تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔

حاضرین کی کُل تعداد ۱۷۰؍کے قریب تھی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک (رپورٹ:مفیض الرحمٰن۔ مربی سلسلہ و صدر جماعت بوسنیا و نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button