حالاتِ حاضرہ

سپورٹس بلیٹن

فٹ بال:انگلش پریمیئر لیگ سیزن ۲۰۲۴۔۲۰۲۵ءکے پہلے میچ میں مانچسٹریونائیٹڈ نے فلہم کو ایک ،صفر سے شکست دے دی۔میچ کے ۸۷ویں منٹ میں واحد گول مانچسٹریونائیٹڈ کے Joshua Zirkzeeنے کیا۔دیگر میچز میں لیورپول نے اپسوِچ ٹاؤن، مانچسٹرسٹی نے چیلسی اور آرسنل نے وُلوزکو ۲۔صفرکے فرق سے ہرایاجبکہ برائٹن نے ایورٹن کےخلاف ۳۔صفر سے کامیابی حاصل کی۔

دوسری جانب سپینش لا لیگا کےاولین میچزمیں بارسلونانے ویلینسیا کو ایک کے مقابلہ میں دوگول سے ہرایاجبکہ ریال میڈرڈاور مایورکا(Mallorca)کامقابلہ ایک ایک گول سے برابرہوا۔معروف فرانسیسی فٹبالر Kylian Mbappeکاریال میڈرڈکی طرف سے یہ پہلا میچ تھا۔

ٹینس: امریکی ریاست اوہائیومیں ہونے والے سنسناٹی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کےمینز سنگلز میں عالمی نمبرایک اٹلی سے تعلق رکھنے والے Jannik Sinnerنے امریکہ کے Frances Tiafoeکو۷۔۶؍اور۶۔۲؍سے شکست دے کریوایس اوپن سے قبل اہم ٹائیٹل جیت لیا۔ویمنز سنگلزکے سیمی فائنل میں عالمی نمبرایک پولینڈ کی Iga Swiatekکوبیلاروس کی Aryana Sabalenkaکے ہاتھوں شکست کا سامنا کرناپڑا۔فائنل میں سبالینکا کا مقابلہ امریکہ کی Jessica Pegulaکے ساتھ ہوا جس میں انہوں نے ۶۔۳؍اور۷۔۵؍کے سکورسےکامیابی حاصل کی۔

کرکٹ:ویسٹ انڈیزاورجنوبی افریقہ کے مابین گیانا میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے ۴۰؍رنزسے فتح حاصل کرکے دومیچز کی سیریزایک،صفر سے جیت لی۔پورٹ آف سپین ٹرینیڈاڈمیں ہونے والا پہلا ٹیسٹ بغیرکسی نتیجہ کےختم ہوا تھا۔ سینٹ جارج گیانا کے پرووِیڈینس اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کرپہلے بلےبازی کرنے کا فیصلہ کیا تو مہمان ٹیم کی ابتدائی نو وکٹیں صرف۹۷؍کے سکورپرگرگئیں۔آخری وکٹ کی شراکت میں ڈین پِیٹ اورناندرے برگرنے قیمتی ۶۳؍رنزکااضافہ کیا۔ویسٹ انڈیز کی جانب سےشمارجوزف نے۳۳؍رنزکے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں میزبان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں ۱۴۴؍رنز پر ڈھیرہوگئی۔جیسن ہولڈر۵۴؍رنزبناکر ناٹ آؤٹ رہے۔جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری باری میں۲۴۶؍رنزبنائے۔ ویسٹ انڈیزکے جیڈن سیلزنے ۶۱؍رنزدے کرچھ وکٹیں حاصل کیں۔اتارچڑھاؤسے بھرپوراس میچ کے تیسرے روز۲۶۳؍رنزکے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم ۲۲۲؍رنزبناکرآؤٹ ہوگئی۔یوں جنوبی افریقہ نے ۴۰؍رنزسے میچ جیت کرسیریزبھی اپنے نام کی۔میچ میں چھ وکٹیں اور۳۴؍رنزبنانے والے پروٹیزآل راؤنڈرویان ملڈر(Wiaan Mulder)کومیچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا جبکہ اسپنر کیشومہاراج (Keshav Maharaj)کو مجموعی طورپر۱۳؍وکٹیں حاصل کرنے پرپلیئرآف دی سیریزکےایوارڈسےنوازاگیا۔

دی ہنڈرڈلیگ:انگلینڈ میں کھیلی جانے والی جدید طرز کی منفرد کرکٹ لیگ ’دی ہنڈرڈ‘ کے چوتھے سیزن کا مینز ٹائٹل لگاتاردوسری مرتبہ اوول کی ٹیم نے جیت لیا۔۱۸؍اگست کو لندن کےلارڈزکرکٹ گراؤنڈ پر ہونے والے آخری معرکہ میں Oval Invincibles نےSouthern Brave کے خلاف پہلے بلےبازی کرتے ہوئے مقررہ۱۰۰گیندوں پر۱۴۷؍رنزبنائے۔ اوپنروِل جیکس ۲۲؍گیندوں پر۳۷؍رنزبناکرنمایاں رہے۔سدرن بریو کی طرف سے عقیل حسین اورٹمال ملز نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں Southern Braveکی ٹیم سات وکٹوں کے نقصان پر۱۳۰؍رنزبناسکی۔یوں اوول نے ۱۷؍رنزسے فتح حاصل کی۔ثاقب محمودنے ۱۷؍رنزکے عوض تین وکٹیں حاصل کیں اورمیچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔ آل راؤنڈرسَیم کرن۱۷؍وکٹیں اور۲۰۱؍رنزبناکرلیگ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ لینے میں کامیاب ہوئے۔

دی ہنڈرڈ ویمنز میں لندن سپرٹ نے ویلش فائر کوفائنل مقابلہ میں چاروکٹوں سے ہرا کر ٹرافی اپنے نام کی۔ویلش فائر نے آٹھ وکٹوں پر۱۱۵؍رنزبنائے ۔جواب میں لندن سپرٹ نے ۹۸؍گیندوں پرچھ وکٹیں گنواکر۱۱۸؍رنز بناکرفتح حاصل کی۔

واضح رہے کہ دی ہنڈرڈ لیگ میں روایتی کرکٹ سے ہٹ کر کچھ الگ قواعد و ضوابط ہیں مثلاً ہراننگزسو گیندوں جبکہ ہر اوورپانچ گیندوں پرمشتمل ہوتا ہے۔

(ن م طاہر)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button