صحت

جراثیم (بیکٹیریا) کے انسانی زندگی پر مثبت اثرات

جراثیم یا بیکٹیریا کا نام جب بھی ہماری نظروں یا سماعتوں سے گزرتا ہے تو گمان کیا جاتا ہے کہ کسی خطرناک چیز کا ذکر ہورہا ہے اور انہیں عام طور پر بیماریوں کا سبب سمجھا جاتا ہے۔ لیکن یہ جراثیم انسانی زندگی پر متعدد مثبت اثرات بھی مرتب کرتے ہیں۔ ان کا استعمال زرعی میدان سے لے کر دوائیوں تک اور خوراک کی تیاری سے لے کر انسانی جسم میں اندرونی صحت کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ذیل میں مختلف میدانوں میں بیکٹیریا کے مفید اثرات کی تفصیل دی گئی ہے۔

زرعی میدان میں بیکٹیریا کا کردار

بیکٹیریا فصلوں کی پیداوار بڑھانے اور زمین کی زرخیزی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ مثلاً:

نائٹروجن فکسنگ بیکٹیریا: ایسے بیکٹیریا، جیسے رائزو بیکٹیریا(Rhizobacteia)، زمین میں موجود نائٹروجن کو فصلوں کے قابلِ استعمال نائٹروجن میں تبدیل کرتے ہیں۔ یہ بیکٹیریا مٹر، پھلیوں اور دیگرleguminous plantsکی جڑوں میں موجود ہوتے ہیں اور نائٹروجن فکسیشنکا عمل انجام دیتے ہیں۔

پلانٹ گروتھ پروموٹنگ رائزو بیکٹیریا: یہ بیکٹیریا فصلوں کی جڑوں میں موجود ہوتے ہیں اور انہیں غذائی عناصر مہیا کرتے ہیں، جن سے فصلوں کی بڑھوتری بہتر ہوتی ہے۔ یہ بیکٹیریا پھپھوندی، بیکٹیریل اور وائرل بیماریوں کے خلاف بھی پودوں کو تحفظ فراہم کرتے ہیں۔

دوائیوں کے طور پر بیکٹیریا کا استعمال

بیکٹیریا کا استعمال مختلف دوائیوں کی تیاری میں بھی ہوتا ہے:

اینٹی بایوٹکس: بیکٹیریا سے حاصل کردہ مختلف اینٹی بایوٹکس جیسے پینسلین، امپی سیلین اور اسٹریپٹومائیسن بیماریوں کے علاج میں استعمال ہوتی ہیں۔ یہ ادویات جراثیم کے خلاف مؤثر ہوتی ہیں اور انفیکشن کو ختم کرتی ہیں۔

ویکسینز: بعض بیکٹیریا سے تیار کردہ ویکسینز، جیسے بی سی جی ویکسین، ٹی بی (تپ دق) جیسے امراض کے خلاف قوتِ مدافعت فراہم کرتی ہیں۔

خوراک کی تیاری میں بیکٹیریا کا استعمال

بیکٹیریا کا استعمال مختلف خوراک کی اشیاء کی تیاری میں بھی کیا جاتا ہے:

دہی: دہی کی تیاری میں لیکٹو بیسیلس (lactobacillus) دودھ کو دہی میں تبدیل کرتے ہیں۔ یہ بیکٹیریا دودھ میں موجود لیکٹوز کو لیکٹک ایسڈ میں تبدیل کرتے ہیں، جو دہی کے کھٹے ذائقہ کا سبب بنتا ہے۔

چیز(cheese): پنیر کی تیاری میں بھی بیکٹیریا اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ مختلف قسم کے بیکٹیریا چیز کو مختلف ذائقے اور ٹیکسچر فراہم کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر، پنیر کی تیاری میں استعمال ہونے والے بیکٹیریا لیکٹک ایسڈ کی پیداوار کرتے ہیں جو پنیر کے ذائقہ میں اہم ہے۔

انسانی پیٹ میں موجود جراثیم:

گٹ مائیکروبائیوم(Gut Microbiome):

گٹ مائیکروبائیوم سے مراد انسانی نظامِ ہضم میں موجود مختلف اقسام کے بیکٹیریا، فنگی، وائرس، اور دیگر مائیکرو آرگنزمز کا مجموعہ ہے۔ یہ مائیکرو آرگنزمز انسانی جسم میں بڑی تعداد میں موجود ہوتے ہیں، اور اندازاً ان کی تعداد انسانی خلیات کی تعداد سے کہیں زیادہ ہے۔ گٹ مائیکروبائیوم انسانی صحت میں انتہائی اہم کردار ادا کرتا ہے اور مختلف جسمانی افعال کو منظم کرنے میں مدد کرتا ہے۔

1.ہاضمہ:پیٹ میں موجود بیکٹیریا انسانی غذا کے ہاضمہ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ بیکٹیریا خوراک کے غیر ہاضم اجزا، جیسے فائبر، کو توڑ کر ان سے ضروری غذائی اجزا پیدا کرتے ہیں جو انسانی جسم میں جذب ہوتے ہیں۔

2.قوتِ مدافعت: کچھ جراثیم جسم کی قوتِ مدافعت کو مضبوط بناتے ہیں۔ یہ مائیکرو آرگنزمز پیتھوجینک بیکٹیریا اور دیگر نقصان دہ مائیکروبس کے خلاف جنگ میں مدد کرتے ہیں اور انسانی جسم کو بیماریوں سے محفوظ رکھتے ہیں۔

ذہنی صحت: پیٹ میں موجودبیکٹیریا دماغی صحت پر بھی مثبت اثرات ڈالتے ہیں۔ یہ بیکٹیریا نیورو ٹرانسمیٹرز، جیسے سیروٹونن(Serotonin)، کی پیداوار میں مدد کرتے ہیں جو کہ موڈ اور جذبات کو منظم کرنے میں اہم ہوتے ہیں۔

وٹامنز کی پیداوار: بعض گٹ بیکٹیریا وٹامنز، جیسے وٹامن K اور بعض وٹامن B گروپ، کی پیداوار میں مدد کرتے ہیں جو کہ جسم کے مختلف افعال کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔

بیماریوں کے علاج میں گٹ مائیکروبائیوم کا کردار

گٹ مائیکروبائیوم کی تحقیق نے یہ ثابت کیا ہے کہ ان کے توازن میں بگاڑ مختلف بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے۔ ان میں موٹاپا، ذیابیطس، آنتوں کی سوزش، آٹو امیون بیماریاں حتیٰ کہ دماغی بیماریاں بھی شامل ہیں۔ اس لیے گٹ مائیکروبائیوم کو بیماریوں کے علاج کے لیے بھی استعمال کیا جارہا ہے اور اس کو متوازن رکھنے کے لیے مختلف طریقے اپنائے جارہے ہیں، جیسے:

1.پروبایوٹکس: پروبایوٹکس مثبت بیکٹیریا پر مشتمل ہوتے ہیں جو کہ گٹ مائیکروبائیوم کی صحت کو بہتر بناتے ہیں۔ یہ مختلف سپلیمنٹس، دہی، اور دیگر خمیر شدہ غذاؤں میں پائے جاتے ہیں۔

پری بایوٹکس: پری بایوٹکس غیر ہاضم غذائی اجزا ہوتے ہیں جو کہ گٹ میں موجود مفید بیکٹیریا کی خوراک بنتے ہیں۔ ان کا استعمال گٹ مائیکروبائیوم کی صحت کو بہتر بناتا ہے۔

گٹ مائیکروبائیوم کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے مختلف پروبایوٹک سپلیمنٹس، پری بایوٹک سپلیمنٹس اور پروبایوٹک دہی اور دودھ بھی مارکیٹ میں آجکل نظر آتے ہیں۔

(حافظ محمد طلحہ ملک)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Check Also
Close
Back to top button