جلسہ سالانہ

معائنہ انتظامات جلسہ گاہ (مستورات) جلسہ سالانہ جرمنی ۲۰۲۴ء

(ادارہ الفضل انٹرنیشنل)

مکرمہ ناظمہ صاحبہ رپورٹنگ جلسہ گاہ (مستورات) جلسہ سالانہ جرمنی ۲۰۲۴ء تحریر کرتی ہیں: جلسہ سالانہ جرمنی ۲۰۲۴ء کے موقع پر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشاد کی برکت سے امام آخرالزماں سیدنا حضرت مسیح موعو دعلیہ الصلوٰۃ والسلام کے خدائی وعدے وَسِّعْ مَکَانَکَ کا عملی نظارہ اُس وقت دکھائی دیا جب مینڈگ (Mendig)شہر میں وسیع وعریض رقبہ پر مشتمل میدانی علاقے پرتاحدِّ نگاہ تین دنوں کیلئے چھوٹے بڑے لاتعداد خیموں کی کہکشاں آباد کی گئی، جہاں شمع احمدیت کے پروانے جوق درجوق جلسہ سالانہ کے روحانی ماحول سے فیضیاب ہونے کے لیے قافلہ در قافلہ چلے آرہے ہیں۔

اِس حوالے سے جلسہ گاہ مستورات میں معائنہ انتظامات کی مختصر رپورٹ پیش ہے۔

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۲۲؍اگست بروز جمعرات شام چھ بج کر پچاس منٹ پر نیشنل ناظمہ جلسہ گاہ مستورات مکرمہ حامدہ سوسن چودھری صاحبہ (صدر لجنہ اماء اللہ جرمنی) نے مینڈگ میں موجود جلسہ گاہ (مستورات) کے جملہ انتظامی شعبہ جات کےمعائنہ کا آغاز دُعا سے کیا۔ اس موقع پر نائب ناظمۂ اعلیٰ صاحبہ کے علاوہ ناظمہ آفس،ناظمہ معائنہ اور ناظمہ رپورٹنگ بھی ہمراہ تھیں۔

ناظمہ رجسٹریشن نے ناظمہ صاحبہ جلسہ گاہ (مستورات) کو بتایا کہ امسال ۸؍ سکینرز اور ۵؍ سامان سکینرز لگائے گئے ہیں۔ ناظمہ رہائش نے بتایا کہ اب تک ۵۰۰؍سے زائد گدے مہمانوں میں تقسیم کیے جاچکے ہیں اور ابھی مہمان جلسہ گاہ میں تشریف لا رہے ہیں۔

مکرمہ ناظمہ صاحبہ جلسہ گاہ مستورات سٹور، معلومات، بازار، تبلیغ گیسٹ ایریا، تبلیغ، رہائش، سیکیورٹی، نظافت آؤٹ سائیڈ، نظم وضبط بیرون، تربیتی کمیٹی، بچوں کی مارکی، سپیشل نیڈز کنڈر(SEND)، ہیلتھ اینڈ سیفٹی، ابتدائی طبی امداد، سمعی و بصری، الوصیت اور وقفِ نَو کے دفاتر سے ہوتے ہوئے مرکزی پنڈال میں تشریف لائیں اور متفرق امور کا جائزہ لیا۔

شام آٹھ بج کر پچاس منٹ پر معائنہ جلسہ گاہ کا اختتام ہوا جبکہ بقیہ تقریب مردانہ جلسہ گاہ سے براہِ راست نشر کی گئی۔ مکرم امیر صاحب جرمنی کے خطاب اوردُعا کے بعد نمازِ مغرب و عشاء باجماعت اداکی گئیں۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں حضورِانور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے منشائے مبارک کے مطابق جلسہ سالانہ کے جملہ انتظامات کرنے اور شاملینِ جلسہ کو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے بیان فرمودہ مقاصدِ جلسہ سالانہ کو مدِّنظر رکھتے ہوئے اس بابرکت اجتماع میں شامل ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button