جلسہ سالانہیورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ جرمنی کے اڑتالیسویں جلسہ سالانہ کی تیاری کا آخری روز اور معائنہ انتظامات

(عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی)

(۲۲؍اگست ۲۰۲۴ء، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) جماعت احمدیہ جرمنی کے جلسہ سالانہ کی تیاری کے سلسلہ میں کیے جانے والے وقار عمل کا آج آٹھواں دن تھا۔ کل شام سے مہمانوں کی آمد شروع ہو گئی تھی جن کو اجتماعی قیام گاہوں میں ٹھہرایا گیا۔ ۶۵ فیملیز کے افراد نے ذاتی خیمہ جات لگاکر رات بسر کی۔ کل ۱۲۰۰؍افراد نے جلسہ گاہ میں قیام کیا۔ ساری رات مردانہ جلسہ گاہ کے سٹیج اور بینرز آویزاں کرنے کا کام جار ی رہا۔

صبح نماز فجر سوا پانچ بجے باجماعت ادا کی گئی جو متعلم جامعہ احمدیہ عزیزم مجاہد احمد نے پڑھائی اور بعد ازاں نماز باجماعت نماز کی اہمیت پر درس دیا۔

آج تیاری کا آخری دن تھا اس لیے مخلصین ناشتہ سے جلد فارغ ہو کر اپنے اپنے کام میں منہمک ہوگئے۔ دوپہر تک مختلف شعبہ جات کے کارکنان بھی اپنے اپنے شعبہ کے دفاتر میں متحرک نظر آئے۔

جلسہ گاہ کا ابتدائی منظر بہت بھلا لگ رہا تھا۔ ظہر سے قبل مستورات کے جلسہ گاہ کا کام مکمل کر لیا گیا۔ ٹیکنیکل امور کو چیک کر لیا گیا۔ مردانہ جلسہ گاہ میں بھی آواز اور بڑی سکرینز کے بارے میں پوری تسلی کر لی گئی۔ سیکیورٹی کی ٹیمیں اپنی جگہ مستعد اور اپنی تیز نگاہوں سے جلسہ گاہ کا احاطہ کیے ہوئے تھیں۔ انٹری کارڈ کی نظامت بیرون از جرمنی سے آنے والے مہمانوں کے کارڈ بنانے میں مصروف تھی۔ ظہر سے قبل جلسہ گاہ کا جاذب نظر منظر ہر ایک کو اپنی طرف متوجہ کر رہا تھا اور چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر رہا تھا۔

تین بجے نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں جن کی امامت مولانا شمشاد احمد قمر صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ جرمنی نے کرائی۔ افسر جلسہ سالانہ مکرم محمد الیاس مجوکہ صاحب نے بعض ضروری ہدایات دیں۔ مکرم نیشنل امیرصاحب نے سیکیورٹی کے حوالہ سے ہر ایک کو اپنی ذمہ داری کا احساس دلایا۔

نمازوں کے بعد ناظم تیاری جلسہ گاہ نے تمام ناظمین کے ساتھ شام چھ بجے ہونے والے معائنہ کے حوالے سے میٹنگ کی کہ شام کو مکرم امیر صاحب جلسہ گاہ کا تفصیلی معائنہ کریں گے۔ جلسہ سالانہ کے کارکنان کے ساتھ ایک تقریب بھی منعقد ہوگی لیکن پیارے امام کی کمی کو ہر کارکن اور ہر مہمان محسوس کر رہا ہے اور حضور انور کی صحت اور فعال زندگی اور درازیٔ عمر کے لیے دعا گو ہے۔

شام چھ بجے جلسہ سالانہ جرمنی کے انتظامات کا معائنہ تھا۔ ہر سال حضرت امیرالمومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنفس نفیس ان انتظامات کا معائنہ فرماتے ہیں اور اس دوران جلسہ گاہ کی فضا پُرجوش نعروں سے گونجتی رہتی ہے۔ اس بار اس کمی کو ہر مومن محسوس کر رہا تھا۔ ہر چند کہ انتظامیہ کی طرف سے روزانہ کام کی رپورٹ راہنمائی اور دعا کے لیے حضور انور کی خدمت میں بھجوائی جا رہی تھی اور حضور کی دعائیں کارکنان اورشاملین جلسہ کے ساتھ ہیں لیکن لوگ اس رونق کی کمی کو محسوس کر رہے تھے جو خلیفہ وقت کی ذات سے وابستہ ہے۔

محترم امیر صاحب جرمنی متعدد بار مقام جلسہ میں تشریف لا کر کارکنان کی حوصلہ افزائی اور عمومی نگرانی کرتے رہے۔ امیرصاحب افسر صاحب جلسہ سالانہ کی معیت میں سب سے پہلے لنگر خانہ میں تشریف لے گئے۔ تینوں لنگروں اور سٹور کے معائنہ سے آغاز کیا۔ حسب روایت وہاں تیار شدہ کیک کاٹا گیا۔ جس کے بعد امیر صاحب نے رات نو بجے تک 78 نظامتوں کا تفصیلی معائنہ کیا حتی کہ جو لوگ کاروان ساتھ لائے تھے یا خیمہ جات لگا کر ان میں جلسہ کے ایام گزارنے پر راضی تھے اس علاقہ میں موجود سہولیات کا بھی محترم امیر صاحب نے جائزہ لیا اور مہمانوں سے گفتگو کر کے تسلی حاصل کی۔

مکرم نورالدین اشرف صاحب ناظم رپورٹنگ نے بتایا کہ اب تک 19 کاروان اور 750 پرائیویٹ خیمہ جات لگ چکے ہیں۔ معائنہ کی کارروائی رات نوبجے تک جاری رہی جوکہ نماز مغرب کا وقت ہے امیر صاحب نے پنڈال میں تشریف لا کر دعا کروائی جس کے بعد نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں۔

کل جلسہ سالانہ کا پہلا دن ہے۔ کارروائی کا آغاز پرچم کشائی کی تقریب اور حضور انور کے خطبہ جمعہ سے ہوگا۔ ان شاء اللہ

جلسہ سالانہ کی براہِ راست تحریری رپورٹنگ کے لیے الفضل کے اس لائیو پیج سے استفادہ کیجیے:

(رپورٹ: عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیے:

اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں جلسہ سالانہ جرمنی کی تیاریاں

جماعت احمدیہ جرمنی کے اڑتالیسویں جلسہ سالانہ کی تیاری کا آخری روز

Mendig سے جلسہ سالانہ جرمنی کی تیاری کی ایک رپورٹ

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button