یورپ (رپورٹس)

جلسہ سالانہ جرمنی کے موقع پر مختلف شعبہ جات اور سٹالز کی کارگزاری

شعبہ ترجمانی: نائب ناظم شعبہ ترجمانی مکرم عدنان احمد رانجھا صاحب نے نمائندہ الفضل کو بتایا کہ امسال جلسہ سالانہ جرمنی کی تمام تر تقاریر کابیک وقت ۱۳ زبانوں میں ترجمہ کیا جا رہا ہے۔ جن میں سے تین زبانوں فرنچ، بنگلہ اور انگلش میں ترجمہ لندن سے جبکہ جرمنی سے جرمن زبان، جرمن تقاریر کا انگریزی،اردو، البانین، بوسنین، رشین، ازبک، فارسی، عربی اور بلغارین زبانوں میں ترجمہ کیا جا رہا ہے۔

اسلام احمدیت سے متعلق تعارفی نمائش: شعبہ تبلیغ کے زیر انتظام اسلام احمدیت سے متعلق تعارفی نمائش لگائی گئی۔ محترم محمد عبداللہ صاحب نے نمائش سے متعلق بتایا کہ اس نمائش میں ۷۶ زبانوں میں قرآن کریم کے تراجم رکھے گئے۔

نمائش میں قرآن کریم کےتعارف، حفاظت، آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم، حضرت مسیح موعود علیہ السلام، خلافت احمدیہ اور دس شرائط بیعت کے تعارف پر مبنی پلے کارڈز لگائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ جرمن زبان میں تیارشدہ جماعتی لٹریچر بھی نمائش میں پیش کیا گیا۔

سٹال لٹریچر شعبہ اشاعت:اس سٹال کے نگران محترم مبارک احمد تنویر صاحب نیشنل سیکرٹری اشاعت جرمنی نے بتایا کہ امسال اللہ تعالیٰ کے فضل سے وسیع پیمانہ پر لٹریچر مہیا کرنے کی توفیق ملی ہے۔

نئی کتب میںخطبات مسرور کی نئی جلدیں، بنیادی مسائل کے جوابات از طرف حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مرتبہ ظہیر احمد خان صاحب، قومی اسمبلی کی کارروائی- اندر کی کہانی عینی شاہد کی زبانی رکن وفد جماعت احمدیہ مؤرخ احمدیت مولانا دوست محمد شاہد صاحب اور بیان المجاہد از غلام احمد مجاہد مولوی فاضل شامل ہیں۔

سٹال ہیومینٹی فرسٹ: منور احمد عابد صاحب نے بتایا کہ ہیومینٹی فرسٹ کے سٹال پر تمام پراجیکٹس کے لیے معلومات دی جا رہی ہیں۔ ان میں Water for Life, Disaster relief Gaza crisis اہم ہیں۔

Review of Religions: ریویو آف ریلیجنز کےسٹال پر امسال غزہ سے متعلق اور عالمی امن کے حالات سے متعلق نمائش اور تبادلہ خیال کی نشستوں کا انعقاد کیا گیا جنہیں YouTube اور Instagram پر بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ اس کام میں مدد اور راہنمائی کے لیے لندن سے بھی چار افراد کی ٹیم جرمنی آئی۔

An- Nusrat:محترم شرافت اللہ خان صاحب نے اس بارے میں بتایا کہ جماعت جرمنی کی طرف سے انسانیت کی خدمت کا یہ ادارہ اب جرمنی بھر میں لنگر فراہم کر رہا ہے۔اس کے علاوہ ‘‘امن کے لیے سائیکل گروپ’’ بھی قائم کیا گیا ہے۔ یہ ادارہ تدفین کے جملہ انتظامات کا کام بھی کر رہا ہے۔

سٹال روزنامہ الفضل انٹرنیشنل: وحید احمد صاحب کارکن شعبہ الفضل نے بتایا کہ جلسے کے موقع پر پیارے آقا کی خواہش کی تعمیل میں الفضل کے زیادہ سے زیادہ خریدار بنانے کی کوشش کی گئی۔ اس سلسلے میں سٹال پر دوستوں کو الفضل کے باقاعدہ خریدار بننے کی سہولت دی گئی۔اس سلسلے میں اعلانات کے ذریعے بھی دوستوں کو توجہ کروائی گئی۔

(رپورٹ: نفیس احمد عتیق۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button