نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِ جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۱۴؍اگست ۲۰۲۴ء بروز بدھ بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکر مہ ناعمہ ناہید صاحبہ اہلیہ مکرم ارشد محمد احمد صاحب مرحوم (آف یمن) کی نمازِ جنازہ حاضر اور تین مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرمہ ناعمہ ناہید صاحبہ اہلیہ مکرم ارشد محمد احمد صاحب مرحوم (آف یمن)

3؍اگست کو 75سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ کے نانا حضرت حاجی محمد دین صاحب رضی اللہ عنہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی اور درویش قادیان تھے۔ مرحومہ کو 45 سال تک عدن کی نائب صدر لجنہ کے طور پر خدمت کی توفیق ملی۔ آپ 2013ء میں یمن سے امریکہ منتقل ہو گئیں۔ مرحومہ جلسہ سالانہ یوکے پرآئی ہوئی تھیں کہ اس دوران آپ کی وفات ہوگئی۔ مرحومہ کے ایک بھانجے مکرم یحییٰ لقمان صاحب امریکہ میں مربی سلسلہ ہیں۔ آپ مکرم محمد احمد صاحب (کارکن ایم ٹی اے) کی ممانی اور مکرم طلحہ احمد صاحب (نیشنل صدر و مبلغ سلوینیا و نارتھ میسیڈونیا) کی خالہ اور خوشدامن تھیں۔ پسماندگان میں 2 بیٹے اور 4 بیٹیاں شامل ہیں۔آپ کے ایک بیٹے وفات پاچکے ہیں۔

نماز جنازہ غائب

۱۔مکرمہ نعیمہ مقصود صاحبہ (حلقہ کوٹ لکھپت ماڈل ٹاؤن۔ لاہور)

25؍جون2024ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت میاں خیر الدین سیکھوانی رضی اللہ عنہ کی پڑ نواسی تھیں۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، خلافت کی عاشق ایک نیک مخلص اورفدائی خاتون تھیں۔ سال شروع ہوتے ہی سب سے پہلے ہر چندے کی رسید کٹواتیں اور مالی قربانی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں۔ مقامی سطح پر لجنہ اماءاللہ کی جنرل سیکرٹری کے علاوہ مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحومہ موصیہ تھیں اور اپنی زندگی میں ہی سب حساب کلیئر کر رکھا تھا۔ پسماندگان میں ایک بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔

۲۔مکرم مولوی شیخ طارق احمد صاحب (معلم سلسلہ نظامت ارشاد وقف جدید قادیان آف مُجھ کُنڈ HMT سری نگر کشمیر)

13؍جولائی 2024ء کو 58سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم پیدائشی طور پر حنفی مسلک سے تعلق رکھتے تھےاور پندرہ سال کی عمر میں اہل حدیث فرقہ سے وابستہ ہوئے اور اس فرقہ کے بڑے جوشیلے، زیرک اور خوش الحان عالم اور واعظ بنے۔ پھر جماعت احمدیہ کا لٹریچر پڑھ کر اور رؤیا کی بنا پر 1999ء میں بیعت کی سعادت حاصل کی۔ بعد ازاں جامعۃ المبشرین قادیان سے معلم کورس کرکے صوبہ جموں و کشمیر انڈیا کی جماعتوں میں 24 سال تک بطور معلم خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم نے اپنوں اور غیروں کی مخالفت کا سامنا کیا اور اپنے عہدبیعت کو آخر وقت تک نبھایا۔ آپ صوم وصلوٰۃ کے پابند، تہجد گزار، ملنسار، خوش مزاج اور سادہ طبیعت کے مالک مخلص اور نیک انسان تھے۔مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی اور دو بیٹے شامل ہیں۔

۳۔مکرمہ نصرت جہاں قیصر صاحبہ (جماعت یوکے) اہلیہ مکرم قیصر محمد صاحب آف چنئی، انڈیا

20؍جون 2024ء کو نیویارک میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ مکرم صدیق احمد بانی صاحب کی پوتی اور مکرم منیر احمد بانی صاحب (آف کلکتہ، انڈیا) کی بیٹی تھیں۔ مرحومہ 2014ء میں شوہر کی وفات کے بعد اپنے بچوں کے پاس یوکےمنتقل ہوگئیں۔ جماعت کی مخلص اور فعال ممبر تھیں۔ خلافت سے خاص عشق تھا اور حضورانور ایدہ اللہ کے خطبات باقاعدگی سے سنتی تھیں۔ مرحومہ نمازوں کی پابند اور تہجد گزار خاتون تھیں اور باقاعدگی سے تلاوت قرآن کریم کیا کرتی تھیں۔ مہمان نوازی اور ضرورت مندوں کا خیال رکھنا مرحومہ کی شخصیت کا ایک خاص وصف تھا۔ آپ نے صدر لجنہ چنئی کے علاوہ یوکے میں مقامی سطح پر سیکرٹری اشاعت کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں 3؍بیٹیاں اور 2؍بیٹے شامل ہیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button