یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ ناروے کے اکیالیسویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۴ء کا بابرکت انعقاد

٭… جلسہ سالانہ کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام

٭… دینی و علمی موضوعات پر علمائے سلسلہ کی تقاریر کا اہتمام ٭…کُل ایک ہزار ۵۰؍احباب کی شمولیت

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ ناروے کو اپنا اکیالیسواں جلسہ سالانہ مورخہ ۲۲ و۲۳؍جون بروز ہفتہ و اتوار مسجد بیت النصر، اوسلو ناروے میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس سال مکرم مبارک احمد تنویر صاحب مبلغ سلسلہ جرمنی بطورمرکزی نمائندہ جلسہ میں شامل ہوئے۔

جلسہ کی تیاریاں تو چندماہ پہلے سے ہی شروع ہوجاتی ہیں مگر جلسہ سے کچھ دن پہلے زور و شور سے ہر کارکن ان تیاریوں میں حصہ لیتا ہے جن میں جلسہ گاہ کی تیاری، مختلف سٹالز،کھانے کی تیاری اور سمعی وبصری کے شعبہ جات نمایاں ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے تمام تیاریاں بروقت اور احسن رنگ میں مکمل کی گئیں۔ الحمدللہ

پہلا دن

جلسہ سالانہ کے پہلے دن کا آغاز نماز فجر اور درس سے ہوا۔

تقریب پرچم کشائی: صبح ساڑھے دس بجے پرچم کشائی کی پُروقار تقریب مسجد بیت النصر، اوسلو کے صحن میں منعقد ہوئی۔ مرکزی نمائندہ نے لوائے احمدیت جبکہ مکرم چودھری ظہوراحمد صاحب امیر جماعت احمدیہ ناروے نے قومی پرچم لہرایا اور مرکزی نمائندہ نے دعا کروائی۔

افتتاحی اجلاس: صبح دس بج کر پچاس منٹ پر افتتاحی اجلاس مکرم امیر صاحب کی صدارت میں شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم کے بعد مکرم امیر صاحب نے حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا جلسہ سالانہ ناروے ۲۰۲۴ء کے موقع پر ارسال کردہ خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا اور دعا کروائی۔ اس کے بعد ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’سیرت صحابہؓ ‘‘ از مکرم فیصل سہیل صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ، ایک نظم کے بعد ’’عائلی زندگی میں محبت‘‘ از مکرم مصوراحمد شاہد شاہکار صاحب مبلغ انچارج ناروے۔ ضروری اعلانات کے بعد اجلاس برخاست ہوا اور نماز ظہروعصر اور طعام کا وقفہ ہوا۔

دوسرا اجلاس: دو بج کر پچیس منٹ پر جلسہ سالانہ کے دوسرے اجلاس کا آغاز زیر صدارت مکرم یاسر فوزی صاحب مبلغ سلسلہ ناروے ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم کے بعد ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں:

’’انفاق فی سبیل اللہ کی برکات اور شرائط‘‘ از صدر اجلاس، ’’شہدائے احمدیت اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ از مکرم بشارت احمد صابر صاحب نیشنل سیکرٹری تعلیم القرآن و وقفِ عارضی اور ایک نظم کے بعد مکرم سید شان احمد صاحب نیشنل جنرل سیکرٹری نے ایک پریزنٹیشن میں ناروے میں احمدیہ قبرستان اور گورنمنٹ قوانین کے بارے میں بتایا۔

پہلے دن کا اختتام ایک تقریب آمین سے ہوا جس میں کُل ۱۳؍بچوں و بچیوں کی آمین ہوئی اور ان میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔

دوسرا دن

جلسہ سالانہ کے دوسرے دن کا آغاز بھی نماز فجر اور درس سے ہوا۔

تیسرا اجلاس: تیسرے اجلاس کی صدارت مکرم مبلغ انچارج صاحب نے کی۔ تلاوت قرآن کریم و نظم کے بعد ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’ہم تو جس طرح بنے کام کیے جاتے ہیں‘‘ بزبان نارویجن از مکرم عبدالحئی احمد صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ، ’’دین کی غیرت اور ہمدردئ اسلام‘‘ بزبان اردو از مکرم ڈاکٹر رضوان احمد صادق صاحب صدر مجلس انصار اللہ اور ایک نظم کے بعد ‘‘نماز مومن کی معراج ہے’’ بزبان نارویجن از مکرم ہارون احمد صاحب مربی سلسلہ ناروے۔

نارویجن زبان میں مکرم فراز احمد علی صاحب نیشنل سیکرٹری امورخارجہ نے ’’حضور انورکی امن عالم کے لیے کوششیں اور جماعت احمدیہ ناروے کی انسانیت کی خدمات‘‘ کے موضوع پرالگ الگ پریزنٹیشن پیش کی۔

اختتامی اجلاس:وقفہ برائے نماز و طعام کے بعد اختتامی اجلاس کی کارروائی کا آغاز مرکزی نمائندہ مکرم مبارک احمد تنویر صاحب مربی سلسلہ کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و نظم سے ہوا۔ اس کے بعدحضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام برموقع جلسہ سالانہ ناروے کا نارویجن ترجمہ پیش کیا گیا۔صدر اجلاس نے ’’استحکام خلافت اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر اپنی تقریر میں حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ خلافت سے محبت اور وفا کیسے کی جاسکتی ہے۔ نیز خلیفہ وقت کی احباب جماعت سے محبت اور شفقت کے بعض واقعات بیان کیے۔

بعدازاں مکرم امیر صاحب نے احباب جماعت سے اظہار تشکر کیا۔ تمام کارکنان جلسہ کا شکریہ ادا کیا اور ان کے لیے دعا کی درخواست کی۔ دعا کے بعد یہ بابرکت جلسہ اختتام پذیر ہوا۔ جلسہ پر کُل حاضری ایک ہزار ۵۰؍رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ :حمزہ سلطان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button