افریقہ (رپورٹس)

جامعۃ المبشرین برکینا فاسو میں بعض تعمیرات کا اضافہ

فرنچ ممالک کے طلبہ کے لیے برکینافاسو میں جامعۃالمبشرین کا آغاز ۲۰۱۷ء میں ہوا۔ ابتدائی طور پر تین چھوٹے کمرے تعمیر کر کے جامعہ کی ابتدا کر دی گئی تھی۔تاہم خلافت کے زیر سایہ یہ ادارہ ہذا تیزی کے ساتھ ترقی کی منازل طے کر رہاہے اور’’وَسِّعْ مَکَانَکَ‘‘ کی پیشگوئی کے تحت تعمیرات میں اضافہ بھی ہوتا جا رہا ہے۔

سال ۲۰۲۳ء – ۲۰۲۴ء میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے جامعۃ المبشرین برکینافاسومیں نئی تعمیرات کی اجازت عطا فرمائی جن میں طلبہ کے لیے ڈائننگ ہال اور اساتذہ کے لیے دو مکانات کی تعمیر شامل تھی۔

ڈائننگ ہال:گذشتہ سال جامعہ میں کچن کی تعمیر ہوئی تھی جس سے کھانا پکانے کی سہولت ہوگئیہے۔ تاہم کھانا کھانے کے لیے ڈائننگ ہال کی ضرورت تھی۔ ۲۰۱۷ء میں جب ایک کلاس تھی تو طلبہ ایک پرانے شیڈ کے نیچے کھانا کھا لیتے تھے۔ پھر تعداد بڑھی تو وہ شیڈ چھوٹا پڑ گیا اور جامعہ کا ڈائننگ ہال باہر درخت کے نیچے منتقل ہوگیا۔ ایک درخت کے نیچے میز پر کھانا رکھا جاتا اور طلبہ وہاں سے لے کر جہاں جگہ ملتی بیٹھ کر یا کھڑے کھڑے کھانا کھالیتے۔ یہ کیفیت موجودہ ڈائننگ ہال تعمیر ہونے تک قائم رہی۔

ڈائننگ ہال کا سنگ بنیاد مورخہ ۲۳؍اگست۲۰۲۳ء کو مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب امیر جماعت احمدیہ برکینافاسو نے رکھا۔ اس ہال کا مسقف حصہ ۱۸۰؍مربع میٹرز ہے جس میں ۲۰۰؍سے زائد افراد کے کرسی میز پر بیٹھ کر کھانا کھانے کی گنجائش موجود ہے۔ موسم کی شدت سے بچاؤ کے لیے ہال میں ایئر کولرز لگائے گئے ہیں۔ یہ ہال جامعہ کے ڈائننگ کے علاوہ دیگر جماعتی سرگرمیوں میں بھی استعمال ہو رہا ہے۔ خاص طور پر جلسہ سالانہ برکینافاسو کے موقع پر اسے وی آئی پی مارکی کے طو رپر استعمال کیا گیا جس سے مہمانوں کو بہت سہولت رہی۔ الحمد للہ

جامعہ کے کوارٹرز:جامعہ کے بعض اساتذہ کی رہائش جامعہ کے احاطے سے باہر کرائے کے مکانات میں تھی جبکہ ضرورت تھی کہ اساتذہ کی رہائش گاہیں جامعہ میں بن جائیں تاکہ سہولت ہو جائے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نےازراہ شفقت دو رہائش گاہیں جامعہ میں تعمیر کرنے کی منظوری عطا فرمائی۔ اس منصوبہ کا سنگ بنیاد مورخہ ۳؍نومبر ۲۰۲۳ء کو برکینافاسو میں دورے پر آئے ہوئے مکرم ڈاکٹر چودھری اعجاز الرحمٰن صاحب چیئرمین مسرور ہیلتھ کیئر و نائب امیر جماعت احمدیہ برطانیہ نے رکھا۔

ہر مکان میں تین بیڈ رومز، کچن، سٹور، ڈرائنگ روم، سٹنگ روم اور تین باتھ روم بنائے گئے ہیں۔برآمدہ اور وسیع صحن کے ساتھ چاردیواری بھی بنائی گئی ہے۔ہر مکان کا مسقف حصہ ۱۲۰؍مربع میٹرز ہے جبکہ ۱۰۰؍مربع میٹرز کا صحن بھی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے تعمیر کا کام تیزی سے مکمل ہوا اور جون کے اختتام تک دو اساتذہ فیملیز کے ساتھ یہاںمنتقل ہو گئے۔

افتتاح:مورخہ ۶؍جولائی ۲۰۲۴ء کو مکرم امیر صاحب برکینا فاسو نے جامعہ کی سالانہ تقریب کے دن فیتہ کاٹ کر ڈائننگ ہال اوررہائشی مکانوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ممبران نیشنل مجلس عاملہ، عاملہ مجلس خدام الاحمدیہ ،مبلغین ، سٹاف و طلبہ جامعہ اور دیگر معززین موجود تھے۔

اللہ تعالیٰ جامعۃ المبشرین کو مزید ترقیات سے نوازتا چلا جائے۔ آمین

(رپورٹ: چودھری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل )

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button